سلامتی کونسل کی صدارت کے دوران پاکستان نے غزہ کیلئے بھرپور آواز بلند کی، اسحاق ڈار
اشاعت کی تاریخ: 29th, August 2025 GMT
اسلام آباد: نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ جولائی میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی صدارت کے دوران پاکستان نے فلسطین، خصوصاً غزہ کے حق میں بھرپور آواز اٹھائی اور ایک مضبوط مؤقف اپنایا۔
اسلام آباد میں نیوز بریفنگ کے دوران اسحاق ڈار نے بتایا کہ پاکستان کے دورِ صدارت میں اقوام متحدہ میں تین اہم اجلاسوں کی قیادت کی گئی۔ ان اجلاسوں میں کثیرالجہتی تعاون، امن اور تنازعات کے پرامن حل کے حوالے سے گفتگو ہوئی، اور ایک اہم قرارداد کو متفقہ طور پر منظور کرایا گیا، جو کئی برسوں سے ممکن نہ ہو سکی تھی۔
انہوں نے کہا کہ اسلامی تعاون تنظیم (OIC) اور اقوام متحدہ کے حوالے سے ایک اور مباحثے میں صدارتی بیان بھی متفقہ طور پر منظور ہوا، جو پاکستان کی سفارتی کامیابی ہے۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ دورہ نیویارک کے دوران اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے صدر اور امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو سے بھی ملاقاتیں ہوئیں، جن میں پاک-بھارت تعلقات، ایران-اسرائیل تنازع اور دیگر علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیر خارجہ نے مزید بتایا کہ اوآئی سی کے رکن ممالک کے وزرائے خارجہ سے بھی ملاقاتیں کی گئیں، جن میں باہمی دلچسپی کے امور پر بات چیت ہوئی۔ پاکستان نے اقوام متحدہ اور او آئی سی کے درمیان تعاون کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ فلسطین سے متعلق بین الاقوامی کانفرنس میں پاکستان نے غزہ کے عوام کیلئے موثر اور توانا آواز بلند کی اور وہاں بھی ایک قرارداد کو متفقہ طور پر منظور کر ایا گیا۔
نائب وزیراعظم نے برطانیہ کے حالیہ دورے کی تفصیلات بھی شیئر کیں۔ ان کے مطابق، برطانوی وزیر خارجہ اور ڈپٹی وزیراعظم سے ملاقاتیں ہوئیں، جبکہ لندن میں پاکستانی ہائی کمیشن میں “پنجاب لینڈ ڈیجیٹائزیشن” منصوبے کا افتتاح کیا گیا، ساتھ ہی پاسپورٹ سروس کے تحت ون ونڈو آپریشن کا آغاز بھی کیا گیا۔
انہوں نے خوشخبری دی کہ آئندہ ماہ سے پی آئی اے کی مانچسٹر کے لیے براہِ راست پروازیں شروع کی جا رہی ہیں، جو پاکستان اور برطانیہ کے درمیان سفر کو آسان بنائیں گی۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ کابل میں سہ فریقی اجلاس انتہائی کامیاب رہا، جس کے بعد ڈھاکا کا دورہ بھی کئی حوالوں سے مفید ثابت ہوا۔
وزیر خارجہ نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان گریٹر اسرائیل کے منصوبے کو واضح طور پر مسترد کر چکا ہے اور اس معاملے پر پاکستان اپنی اصولی پالیسی پر قائم ہے۔
ذریعہ: Daily Mumtaz
پڑھیں:
پاکستان اور کینیڈا کے وزرائے خارجہ کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ
---فائل فوٹوپاکستان اور کینیڈا کے وزرائے خارجہ کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے۔
دفترِ خارجہ کے ترجمان کے مطابق ٹیلی فونک گفتگو کے دوران پاکستان اور کینیڈا کے رہنماؤں کے درمیان دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ پر اتفاق کیا گیا، زراعت اور معدنیات کے شعبوں میں بھی تعاون بڑھانے پر بات چیت کی گئی۔
دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق گفتگو کے دوران فارن انویسٹمنٹ پروموشن اینڈ پروٹیکشن ایگریمنٹ کے تحت اشتراک پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا ہے۔
کینیڈین وزیرِ خارجہ نے پاکستانی مارکیٹ تک کینولا ایکسپورٹس کی رسائی پر پاکستان کے وزیرِ خارجہ سے اظہارِ تشکر کیا۔
دونوں وزرائے خارجہ نے اقتصادی تعلقات مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
ٹیلی فونک گفتگو کے دوران دونوں رہنماؤں نے قریبی رابطہ برقرار رکھنے پر بھی اتفاق کیا ہے۔