مرکز قومی بچت، آئی ٹی سسٹم خراب، سرمایہ کاری رک گئی
اشاعت کی تاریخ: 5th, September 2025 GMT
اسلام آباد:
مرکز قومی بچت کا آئی ٹی سسٹم خراب ہونے سے بچت اسکیموں میں نئی سرمایہ مکمل رک گئی، ڈیجیٹیل پرائز بانڈز کا اجرا تاخیر کا شکار ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق مرکز قومی بچت کا آئی ٹی سسٹم گزشتہ ڈیڑھ ہفتے سے کام نہیں کر رہا جس سے پنشنرزسمیت35لاکھ اکائونٹ ہولڈرز کو پریشانی کا سامنا ہے۔
حکام مرکز قومی بچت کے مطابق آئی ٹی سسٹم کی بحالی کی ماہرین کی ٹیمیں کام کر رہیں، یہ جلد بحال ہو جائیگا، اکائونٹ ہولڈرز کو باقاعدگی سے ادائیگیاں ہورہی ہیں۔
ذرائع کے مطابق آئی ٹی سسٹم بیٹھنے سے اے ٹی ایم کارڈ اور آن لائن ٹرانزیکشن کیلیے متعارف ایپ دونوں کام نہیں کر رہے، بائیو میٹرک بھی نہیں ہو رہا جس سے نئی سرمایہ کاری رک گئی ہے۔
انھوں نے کہا کہ مرکز قومی بچت نے5،10،25 اور40 ہزار روپے کے ڈیجیٹیل پرائز بانڈز کے اجرا کی تیاریاں کررکھی ہیں جوکہ آئی ٹی سسٹم بیٹھنے سے تاخیر کا شکار ہوگیا۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: مرکز قومی بچت آئی ٹی سسٹم
پڑھیں:
او آئی سی سی آئی سروے میں 73فیصد افراد نے پاکستان کو سرمایہ کاری کیلئے موزوں قراردیدیا
اسلام آباد (نیوز ڈیسک) اوورسیز انویسٹرز چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (او آئی سی سی آئی) کے سروے 2025 میں غیر ملکی سرمایہ کاروں نے پاکستان پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق 73 فیصد غیر ملکی سرمایہ کاروں نے پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع اور حکومتی پالیسیوں پر اطمینان ظاہر کیا ہے۔
سروے میں بتایا گیا کہ اسپیشل انویسٹمنٹ فیسلیٹیشن کونسل (ایس آئی ایف سی) کی مؤثر حکمت عملیوں نے ملک میں ترقی اور غیر ملکی سرمایہ کاری کے نئے دروازے کھول دیے ہیں۔ سرمایہ کار دوست پالیسیوں کی بدولت پاکستان پر غیر ملکی سرمایہ کاروں کے اعتماد میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔
رپورٹ کے مطابق مستقبل کی سرمایہ کاری کے لیے تین چوتھائی سے زائد بین الاقوامی سرمایہ کار پاکستان کو ایک مستحکم اور قابلِ اعتماد ملک سمجھتے ہیں۔ 2025 میں 73 فیصد سرمایہ کاروں نے پاکستان کو سرمایہ کاری کے لیے موزوں قرار دیا، جو 2023 میں 61 فیصد تھی۔ یہ اضافہ ملکی معیشت میں بہتری، عالمی کریڈٹ ریٹنگ کے اپ گریڈ ہونے اور روپے کے استحکام کے باعث ممکن ہوا۔
او آئی سی سی آئی رپورٹ کے مطابق مہنگائی کی شرح میں 37 فیصد سے کم ہو کر 4 فیصد تک آنے نے بھی غیر ملکی سرمایہ کاری کے رجحان کو تقویت دی۔
او آئی سی سی آئی کے صدر یوسف حسین نے کہا کہ ایس آئی ایف سی نے سرمایہ کاری کے فروغ اور بین الحکومتی ہم آہنگی کے لیے ایک منظم نظام متعارف کرایا ہے۔ غیر ملکی سرمایہ کاروں نے آئی ٹی، زراعت، توانائی، فارما اور برآمدی صنعت کو سب سے زیادہ پرکشش شعبے قرار دیا ہے۔
سروے کے نتائج اس بات کا ثبوت ہیں کہ غیر ملکی سرمایہ کاروں کا پاکستان پر بڑھتا ہوا اعتماد ملکی معیشت کے استحکام اور ترقی کے نئے دور کی نشاندہی کر رہا ہے۔