دبئی میں فیکٹری مالک نے پاک بھارت میچ کے ٹکٹ مفت تقسیم کردیے
اشاعت کی تاریخ: 13th, September 2025 GMT
دبئی میں ایک فیکٹری مالک نے پاک بھارت میچ سمیت ایشیا کپ کے 700 ٹکٹس مفت تقسیم کردیے۔
ایشیا کپ کا سب سے بڑا ٹاکرا پاکستان اور بھارت کے درمیان 14 ستمبر کو دبئی میں ہونا ہے جس کا شائقین کرکٹ شدت سے انتظار کر رہے ہیں۔ دبئی میں اس میچ کے ٹکٹس کی مانگ ریکارڈ سطح پر پہنچ چکی ہے لیکن ایسے موقع پر محنت کشوں کے لیے خوشی کی خبر سامنے آئی کہ انہیں ایشیا کپ کے میچز دیکھنے کے لیے 700 مفت ٹکٹس فراہم کیے گئے۔
یہ اقدام دبئی میں مقیم نامور بزنس مین اور سماجی شخصیت انیس ساجن نے کیا جنہوں نے اپنی کمپنی میں کام کرنے والے جنوبی ایشیا سے تعلق رکھنے والے محنت کشوں کو ٹکٹس دیے تاکہ وہ اپنے پسندیدہ کرکٹرز کو براہ راست ایکشن میں دیکھ سکیں۔
انیس ساجن کا کہنا تھا کہ کرکٹ ان کا بھی جنون ہے لیکن اب وہ چاہتے ہیں کہ دبئی میں رہنے والے محنت کش بھی اس جوش و خروش میں شریک ہوں، اسی لیے انہوں نے میچز کے ٹکٹس تحفے کے طور پر تقسیم کیے ہیں۔
دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں ایشیا کپ کے کئی مقابلے اور فائنل کھیلا جائے گا۔ انیس ساجن نے پاکستانی، بھارتی، بنگلا دیشی، سری لنکن، نیپالی اور افغانی محنت کشوں کو نہ صرف ٹکٹس دیے بلکہ ان کے لیے فری پک اینڈ ڈراپ سروس کا بھی انتظام کیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ سب سے زیادہ دلچسپی پاکستان اور بھارت کے میچ میں ظاہر کی گئی اس لیے قرعہ اندازی کے ذریعے خوش نصیب فینز کا انتخاب کیا گیا۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: ایشیا کپ
پڑھیں:
جوز بٹلر نے ویسٹ انڈیز کے لیجنڈ کو بھی پیچھے چھوڑ دیا
لندن(نیوز ڈیسک) انگلینڈ کے مایہ ناز وکٹ کیپر بلے باز جوز بٹلر نے ویسٹ انڈیز کے لیجنڈ کرس گیل کو پیچھے چھوڑ دیا۔
دی ہنڈریڈ میں مانچسٹر سپر جائنٹس اور لندن اسپرٹ کے درمیان لارڈز میں کھیلے گئے میچ کے دوران بٹلر نے صرف 16 رنز کی اننگز کھیلنے کے باوجود ٹی ٹوئنٹی کیریئر 14 ہزار 572 رنز کے ساتھ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کی تاریخ میں دوسرے سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے باز بن گئے۔
کرس گیل اب 14 ہزار 562 رنز کے ساتھ تیسرے نمبر پر چلے گئے ہیں۔
ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا عالمی ریکارڈ اب بھی ویسٹ انڈیز کے آل راؤنڈر کیرون پولارڈ کے پاس ہے جنہوں نے 14 ہزار 803 رنز بنا رکھے ہیں۔
بٹلر اب اس سنگ میل سے صرف 231 رنز دور ہیں اور رواں سیزن میں یہ اعزاز اپنے نام کر سکتے ہیں۔
واضح رہے کہ 35 سالہ بٹلر بین الاقوامی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں بھی سب سے زیادہ رنز بنانے والوں کی فہرست میں تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔
مزید پڑھیں۔امریکہ کا پاکستان سمیت 60 ممالک پر نئے ٹیرف عائد کرنے کا اعلان