کراچی، ایس آئی یو پولیس کا سرجانی ٹاؤن میں بھتہ خور سے مقابلہ، ایک ملزم ہلاک
اشاعت کی تاریخ: 6th, October 2025 GMT
کراچی:
شہر قائد میں سی آئی اے کے اسپیشل انویسٹیگیشن یونٹ (ایس آئی یو) پولیس کی جانب سے سرجانی ٹاؤن کے علاقے جیلانی گوٹھ میں بھتہ خور گروہ کی موجودگی کی اطلاع پر چھاپہ مارا گیا۔
کارروائی کے دوران ملزمان نے فائرنگ کردی جسکے بعد ایس آئی یو اہلکاروں اور ملزمان کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔
ترجمان ایس آئی یو پولیس مطابق پولیس اور ملزم کے درمیان شدید فائرنگ کا سلسلہ کچھ دیر جاری رہا، جس کے باعث علاقے میں پولیس کی اضافی نفری طلب کی گئی۔
ایس ایس پی ایس آئی یو امجد شیخ کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں صمد کاٹھیاواڑی گروہ کا شوٹر احتشام الدین عرف آصف برگر مارا گیا۔ ہلاک ملزم کے قبضے سے اسلحہ، گولیاں اور موٹر سائیکل برآمد کرلی گئی۔
امجد شیخ نے بتایا کہ ملزم نے پولیس پر اندھا دھند فائرنگ کی تاہم ایس آئی یو کا اہلکار بلٹ پروف جیکٹ پہننے کے باعث محفوظ رہا۔ فنگر پرنٹ کے ذریعے ملزم کی شناخت کی گئی جس سے اس کا سابقہ مجرمانہ ریکارڈ بھی حاصل کرلیا گیا۔
ایس ایس پی کے مطابق ملزم کے خلاف بھتہ خوری، ڈکیتی، ناجائز اسلحہ رکھنے اور اسٹریٹ کرائم کے 13 سے زائد مقدمات درج تھے۔
ہلاک ملزم غلام قادر کا ساتھی تھا جو ایک روز قبل رات میں پولیس مقابلے میں مارا گیا تھا۔پولیس نے موقع سے شواہد اکٹھے کرلیے ہیں جبکہ لاش کو اسپتال منتقل کرکے قانونی کارروائی شروع کردی گئی ہے۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: ایس آئی یو
پڑھیں:
سیکیورٹی فورسز کی مستونگ میں کارروائی کے دوران فتنہ الہندوستان کے 6 دہشت گرد ہلاک
اسلام آباد: سیکیورٹی فورسز نے مستونگ میں کارروائی کے دوران فتنہ الہندوستان کے 6 دہشت گردوں کو ہلاک اور متعدد کو گرفتار کرلیا. گرفتار شدگان میں سہولت کار سمیت مرد اور خواتین خودکش بمبار بھی شامل ہیں۔بلوچستان میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کامیابی سے جاری ہے. سیکیورٹی فورسز نے کارروائیاں تیز کرتے ہوئے دہشت گردوں کے خلاف گھیرا مزید تنگ کردیا۔سیکیورٹی ذرائع کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان میں مستونگ کےعلاقہ کھڈ کوچہ میں بروقت کارروائی کرتے ہوئے فتنہ الہندوستان کے 6 دہشت گرد وں کو جہنم واصل کر دیا۔سیکیورٹی ذرائع کے مطابق خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کی گئی سیکیورٹی فورسز کی اس کارروائی کے دوران متعدد دہشت گردوں کو گرفتار بھی کر لیا گیا. گرفتار دہشت گردوں میں سہولت کار سمیت مرد اور خواتین خودکش بمبار بھی شامل ہیں۔سیکیورٹی ذرائع کے مطابق سیکیورٹی فورسز کی مؤثر کاروائی میں دہشت گردوں کی متعدد کمین گاہیں مکمل طور پر تباہ کر دی گئیں. کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانوں سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کر لیا گیا۔آپریشن کے دوران علاقے میں سرچ اور کلیئرنس کارروائیاں جاری ہیں، سیکیورٹی فورسز کی جانب سے مکمل نگرانی برقرار ہے. حالیہ دنوں میں مستونگ کےعلاقہ کھڈ کوچہ میں دہشتگردوں کی مذموم کاروائیوں کے بعد سیکیورٹی فورسز کی جانب سے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن تیز کر دیے گئے ہیں۔