جے ایف-17 تھنڈر کی گرج نے آذربائیجان کے یومِ فتح کی پریڈ میں جوش بھر دیا
اشاعت کی تاریخ: 8th, November 2025 GMT
آذربائیجان کے یومِ فتح کی مرکزی تقریب میں پاکستان کے جدید جے ایف-17 تھنڈر طیاروں نے شاندار فلائی پاسٹ پیش کیا، جس نے پریڈ گراؤنڈ میں موجود حاضرین کو مسحور کر دیا۔ جیسے ہی یہ لڑاکا طیارے گھن گرج کے ساتھ فضا میں اڑے، ماحول وطن دوستی اور جوش و جذبے سے گونج اٹھا۔
اسلام آباد سے جاری بیان کے مطابق وفاقی وزیرِ اطلاعات عطااللہ تارڑ نے بتایا کہ آذربائیجان کے یومِ فتح کی پریڈ میں پاکستانی دستے اور جے ایف-17 تھنڈر طیارے شریک ہوئے۔ یہ دن 2020 کی 44 روزہ کاراباخ جنگ میں آذربائیجان کی فتح کی یاد میں ہر سال 8 نومبر کو منایا جاتا ہے۔
وزیرِ اطلاعات نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر لکھا کہ “پاکستان اور آذربائیجان کی دوستی زندہ باد۔ آج پاکستانی افواج اور جے ایف-17 تھنڈر طیارے آذربائیجان کی یومِ فتح پریڈ میں شرکت کر رہے ہیں، جو کاراباخ کی آزادی کی علامت ہے۔”
ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف اور آذربائیجان کے صدر الہام علییف نے باکو میں مشترکہ عشائیے میں شرکت کی۔ وزیراعظم اپنے دورے کے دوران مختلف تقاریب میں شریک ہوئے، جہاں دونوں رہنماؤں نے تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، رابطوں اور دفاعی شعبے میں تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
پاک فضائیہ کے جے ایف-17 تھنڈر طیاروں کی یہ شرکت نہ صرف پاکستان کی دفاعی صلاحیتوں کا مظاہرہ ہے بلکہ دونوں ممالک کے گہرے سفارتی اور عسکری تعلقات کی بھی علامت سمجھی جا رہی ہے۔
آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں
.ذریعہ: WE News
کلیدی لفظ: آذربائیجان کے جے ایف 17 تھنڈر فتح کی
پڑھیں:
وزیراعظم شہباز شریف آذربائیجان کے یومِ فتح کی تقریبات میں شرکت کے لیے باکو روانہ
اسلام آباد (نیوز ڈیسک) وزیراعظم محمد شہباز شریف آذربائیجان کے صدر الہام علیوف کی دعوت پر آذربائیجان کے یومِ فتح کی پانچویں سالگرہ کی تقریبات میں شرکت کے لیے آج باکو روانہ ہو گئے۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہیں۔
دورے کے دوران وزیراعظم شہباز شریف آذربائیجان کے صدر سے ملاقات کریں گے، جس میں دو طرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جائے گا۔ بات چیت میں تجارت و سرمایہ کاری، توانائی، دفاع، تعلیم اور علاقائی رابطوں سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کے لیے نئی راہیں تلاش کرنے پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔
پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات موجود ہیں، جن کی بنیاد مشترکہ عقیدے، تاریخ، ثقافت اور باہمی اعتماد پر ہے۔ دونوں ممالک اسلامی تعاون تنظیم (OIC)، اقتصادی تعاون تنظیم (ECO) اور اقوام متحدہ (UN) جیسے بین الاقوامی فورمز پر قریبی اشتراکِ عمل رکھتے ہیں۔
وزیراعظم کا یہ دورہ آذربائیجان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے لیے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت اور دونوں ممالک کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ ہے۔