یوکرین امن مذاکرات؛ پیوٹن نے یورپ کو تیسری جنگ عظیم کی دھمکی دے دی
اشاعت کی تاریخ: 2nd, December 2025 GMT
روسی صدر پیوٹن نے یورپی ممالک کو تیسری جنگ عظیم شروع کرنے کی دھمکی دیدی۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق صدر پیوٹن نے دھمکی آمیز لہجے میں کہا کہ روس یورپ کے ساتھ تیسری جنگ عظیم کیلئےتیار ہے۔
انھوں نے کہا کہ یورپ سے لڑنے کا ارادہ نہیں اور میں یہ بات ایک سو بار کہہ چکا ہوں لیکن یورپ نے ہمارے خلاف جنگ کا فیصلہ کیا تو روس بھی تیار ہے۔
صدر پیوٹن نے خبردار کیا کہ حالات بہت تیزی سے اس مقام تک پہنچ سکتے ہیں جہاں ہمارے پاس بات چیت کے لیے کوئی راستہ نہیں بچے گا۔
روسی صدر نے یورپی ممالک کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ یوکرین کو نیٹو میں شامل کرنے کی اپنی سازش کو ترک کردیں۔ ہم اپنا دفاع کرنا جانتے ہیں۔
یاد رہے کہ روسی صدر کا یہ بیان اُس وقت سامنے آیا ہے جب روسی وفد امریکا پہنچا ہے جہاں یوکرین جنگ کے خاتمے کے لیے مذاکرات ہوں گے۔
یہ مذاکرات اُن تجاویز پر ہوں گے جو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے روس اور یوکرین کے صدر کو پیش کی تھیں۔
.
ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: پیوٹن نے
پڑھیں:
پیوٹن نے چینی شہریوں کو روس میں 30 روز تک ویزا فری انٹری کی منظوری دیدی
چینی میڈیا کے مطابق اس اعلان کے بعد روس کیلئے ایئر ٹکٹوں کی تلاش میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا، چینی ٹریول پلیٹ فارم فلگی نے بتایا کہ روس کیلئے ٹکٹ تلاش کرنے کی شرح ایک دن میں 8 گنا بڑھ گئی۔ اسلام ٹائمز۔ روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن نے ایک حکم نامے پر دستخط کیے ہیں، جس کے تحت چینی شہریوں کو روس میں 30 دن تک ویزا کے بغیر داخلے کی اجازت دے دی گئی ہے۔ حکومت کے پورٹل پر شائع ہونے والے اس حکم نامے کے مطابق یہ ویزا فری سہولت ان چینی شہریوں کے لیے ہوگی، جو کاروباری مقاصد، سیاحت یا سائنسی، ثقافتی اور کھیلوں کے پروگراموں میں شرکت کے لیے روس آئیں گے۔ حکمنامے میں کہا گیا ہے کہ یہ اقدام 14 ستمبر 2026ء تک مؤثر رہے گا۔ تاہم اس میں بعض کیٹیگریز شامل نہیں ہوں گی، جن میں کام یا تعلیم کے لیے آنے والے افراد شامل ہیں۔ گذشتہ ماہ چین نے اعلان کیا تھا کہ روسی شہریوں کے لیے بھی 15 ستمبر 2025ء سے 14 ستمبر 2026ء تک ویزا فری داخلے کا انتظام کیا جائے گا۔
اس سے قبل رواں ماہ پیوٹن نے ماسکو میں چین کے وزیراعظم لی چیانگ سے ملاقات میں کہا تھا کہ عوامی سطح پر دو طرفہ رابطوں کو تقویت دینے میں بیجنگ کے اس فیصلے سے مدد ملے گی کہ روسی شہریوں کے لیے ویزا فری سہولت متعارف کرائی جا رہی ہے اور روس میں بھی اسی طرح کے اقدامات بہت جلد نافذ ہوں گے۔ پیوٹن نے کہا کہ اسے وہ معیشت اور انسانی شعبوں میں انتہائی اہم قرار دیتے ہیں اور ان کے مطابق اس سے دونوں ممالک کے تعلقات کو مثبت تقویت ملے گی۔ چینی میڈیا کے مطابق اس اعلان کے بعد روس کے لیے ایئر ٹکٹوں کی تلاش میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا، چینی ٹریول پلیٹ فارم فلگی نے بتایا کہ روس کے لیے ٹکٹ تلاش کرنے کی شرح ایک دن میں 8 گنا بڑھ گئی۔ پلیٹ فارم کے مطابق ماسکو، مورمانسک، سینٹ پیٹرزبرگ، ولادی ووستوک اور ایرکٹسک وہ شہر ہیں، جن میں چینی مسافر سب سے زیادہ دلچسپی دکھا رہے ہیں۔