آسٹریلیا نے افغان طالبان عہدیداران پر پابندیاں عائد کر دیں
اشاعت کی تاریخ: 7th, December 2025 GMT
آسٹریلیا نے افغانستان کی طالبان حکومت کے چار اعلیٰ عہدیداروں پر مالی اور سفری پابندیاں عائد کر دی ہیں۔
پابندیوں کا سامنا کرنے والوں میں وزیر برائے نیکی و بدی محمد خالد حنفی، وزیر اعلیٰ تعلیم محمد ندیم، وزیر انصاف عبدالحکیم شرعی اور چیف جسٹس عبدالحکیم حقانی شامل ہیں۔
آسٹریلوی وزیر خارجہ پینی وونگ نے کہا کہ یہ عہدیدار خواتین اور بچیوں کے خلاف سخت پابندیوں، مظالم اور قانون کی حکمرانی کو کمزور کرنے میں ملوث ہیں۔ ان کے مطابق ان افراد نے لڑکیوں اور خواتین کی تعلیم، روزگار، آزادانہ آمد و رفت اور عوامی زندگی میں شرکت کے حقوق کو محدود کیا ہے۔
پینی وونگ نے مزید کہا کہ ان پابندیوں کا مقصد طالبان پر براہِ راست دباؤ میں اضافہ کرنا اور افغان عوام کے بنیادی حقوق کے تحفظ کے لیے مضبوط مؤقف اختیار کرنا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ آسٹریلیا نے افغانستان کے لیے پہلا خودمختار پابندیوں کا فریم ورک تیار کیا ہے، جس کے تحت طالبان کے خلاف براہِ راست اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
ابھی تک افغان طالبان حکومت نے آسٹریلیا کے اس اقدام پر کوئی ردِعمل نہیں دیا۔
.
ذریعہ: Al Qamar Online
پڑھیں:
پاکستان سے ادویات کی تجارت روکنے کے بعد افغانستان میں طبی بحران پیدا
افغان طالبان کے پاکستان سے ادویات کی درآمد روکنے کے فیصلے کے بعد افغانستان میں طبی بحران شدت اختیار کر گیا ہے۔ طالبان حکومت کے نائب سربراہ اور معاشی امور کے نگران عبدالغنی برادر نے پاکستانی ادویات کو ’ناقص‘ قرار دیتے ہوئے افغان درآمد کنندگان کو ہدایت دی تھی کہ وہ تین ماہ کے اندر پاکستانی کمپنیوں کے واجبات ادا کریں اور ادویات کے لیے نئے ذرائع تلاش کریں۔
تاہم جرمن میڈیا کی رپورٹ کے مطابق افغانستان کے لیے نئے سپلائرز تلاش کرنا آسان نہیں۔ طالبان کے ڈائریکٹر جنرل برائے انتظامی امور نوراللہ نوری کے مطابق افغانستان میں استعمال ہونے والی ادویات کا 70 فیصد سے زیادہ حصہ پاکستان سے آتا ہے، مگر دونوں ممالک کے درمیان سرحد پر کشیدگی اور جھڑپوں کی وجہ سے تقریباً دو ماہ سے سرحد بند ہے۔
ہارث کی سماجی کارکن لینا حیدری نے بتایا کہ ادویات کی شدید قلت کے ساتھ قیمتیں بھی بڑھ رہی ہیں اور مقامی مارکیٹوں میں غیر معیاری، ایکسپائریڈ یا جعلی ادویات کی فروخت میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
جرمن میڈیا کے مطابق طالبان حکومت اب ادویات کے لیے دیگر ممالک کا رخ کر رہی ہے۔ اس ہفتے افغان اور بھارتی کمپنیوں کے درمیان طالبان نمائندوں کی موجودگی میں 10 کروڑ ڈالر مالیت کا ادویات کا معاہدہ بھی ہوا۔
اسی دوران بھارت کی وزارتِ خارجہ نے کابل کے لیے 73 ٹن جان بچانے والی ادویات، ویکسین اور طبی سامان بھیجنے کی تصدیق کی ہے، تاہم یہ امداد 4 کروڑ سے زائد آبادی والے ملک کے لیے صرف علامتی اہمیت رکھتی ہے۔