پی ٹی آئی کو واضح پیغام دیا گیا، مذاق سمجھا تو نقصان اٹھائیں گے: رانا ثناء
اشاعت کی تاریخ: 9th, December 2025 GMT
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) مشیر وزیراعظم برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ ڈی جی آئی ایس پی آر نے پریس کانفرنس میں بڑا دو ٹوک پیغام دیا ہے، پی ٹی آئی کو واضح پیغام دیا گیا اس کو مذاق سمجھیں گے تو نقصان اٹھائیں گے۔ حکومت نے ڈی جی آئی ایس پی آر کے بیان کی تائید کی ہے، بانی پی ٹی آئی کی اپنی بہن سے ملاقات کے بعد جو ٹویٹ آیا اور جو الفاظ استعمال ہوئے اس کے بعد فیصلہ ہو گیا بانی پی ٹی آئی کیخلاف غداری کے مقدمے کے امکان کو رد نہیں کیا جا سکتا۔ ان کو پیغام مل جائے گا اور بڑی قوت سے ملے گا، یہ لوگ اس قسم کی حرکتیں کر کے اپنے انجام کو پہنچ رہے ہیں۔ ان کا انجام ایم کیو ایم اور بانی ایم کیو ایم سے مختلف نہیں ہو گا۔ عنقریب پاکستان تحریک انصاف اور اڈیالہ تحریک انصاف ہونے والا معاملہ نظر آ رہا ہے۔ پی ٹی آئی کی اکثریت اس پاگل پن کا حصہ نہیں بنے گی۔ بانی پی ٹی آئی جلد اپنے انجام کو پا لیں گے، بانی پی ٹی آئی چاہتے ہیں اسٹیبلشمنٹ کو بلیک میل کرے تاکہ وہ ان کا ساتھ دیں، بھارت جو پراپیگنڈا کر رہا ہے وہی پی ٹی آئی کر رہی ہے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے پہلے کہا تھا کہ سیاسی جماعتیں آپس میں بیٹھیں تو خوشی ہوگی، اگر پاکستان نے چلنا ہے تو پھر یہ لوگ نہیں چل سکتے۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Nawaiwaqt
پڑھیں:
سپریم کورٹ کو نیب کیسز سننے کا اختیار نہیں، عدالت عظمیٰ کا بڑا فیصلہ
اسلام آباد:عدالت عظمیٰ نے بڑا فیصلہ جاری کرتے ہوئے قرار دیا ہے کہ سپریم کورٹ کو نیب کیسز سننے کا اختیار نہیں ہے۔
سپریم کورٹ کے جسٹس محمد علی مظہر نے مختصر فیصلہ سناتے ہوئے قرار دیا کہ نیب کیسز میں مرکزی اپیلیں اور ضمانت کی درخواستیں وفاقی آئینی عدالت سنے گی ۔ نیب قانون کی شق 32 اور 32 اے کے تحت سپریم کورٹ کو اختیار سماعت ہی نہیں ہے۔
فیصلے میں قرار دیا گیا کہ نیب کے کیسز آرٹیکل 175 اے اور ایف کے تحت کے تحت تمام کیسز وفاقی آئینی عدالت کو ٹرانسفر تصور سمجھے جائیں گے۔
واضح رہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے بھی ہائیکورٹ کے ضمانت کیس کیخلاف سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا اور رجسٹرار سپریم کورٹ نے درخواست اعتراضات عائد کرکے واپس کی تھی۔
سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد اب بانی پی ٹی آئی کی ضمانت کا کیس وفاقی آئینی عدالت سنے گی۔