کوئٹہ، دفعہ 144 کا نفاذ، اسلحہ، ڈبل سواری، مفلر پہنے پر پابندی
اشاعت کی تاریخ: 9th, December 2025 GMT
محکمہ داخلہ نے ہدایت کی ہے کہ ڈپٹی کمشنر کوئٹہ پابندیوں کے نفاذ کے بارے میں روزانہ کی بنیاد پر محکمہ داخلہ کو رپورٹ ارسال کریں۔ اسلام ٹائمز۔ حکومت بلوچستان نے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں دفعہ 144 کے تحت پابندیاں عائد کر دی ہیں۔ محکمہ داخلہ بلوچستان کے اعلامیہ کے مطابق اسلحہ کی نمائش و استعمال، موٹر سائیکل پر ڈبل سواری، گاڑیوں پر سیاہ شیشے، بغیر رجسٹریشن موٹر سائیکلوں کی حرکت، پانچ یا اس سے زائد افراد کے اجتماعات، جلوس یا ریلیاں، اور عوامی مقامات پر چہروں کو چھپانے کے لیے مفلر یا ماسک کا استعمال ممنوع ہے، جس میں خواتین اور بچوں پر بھی پابندی شامل ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق ضلع کوئٹہ میں تیزاب اور دھماکہ خیز مواد کی نقل و حمل بھی سختی سے ممنوع ہے۔ پولیس، لیویز اور فرنٹیئر کور کو ان پابندیوں پر عملدرآمد کروانے کے اختیارات فراہم کیے گئے ہیں۔ خلاف ورزی کرنے والے افراد کے خلاف دفعات 188 تعزیرات پاکستان اور دیگر متعلقہ قوانین کے تحت کارروائی ہوگی۔ محکمہ داخلہ نے ہدایت کی ہے کہ ڈپٹی کمشنر کوئٹہ پابندیوں کے نفاذ کے بارے میں روزانہ کی بنیاد پر محکمہ داخلہ کو رپورٹ ارسال کریں۔
.ذریعہ: Islam Times
کلیدی لفظ: محکمہ داخلہ
پڑھیں:
بلوچستان میں شدید سردی کی لہر، محکمہ موسمیات نے اگلے 24 گھنٹوں کی پیشگوئی جاری کر دی
کوئٹہ:محکمہ موسمیات نے بلوچستان کے لیے اگلے 24 گھنٹوں کے دوران موسم کی تفصیلی پیشگوئی جاری کر دی ہے، جس کے مطابق صوبے کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک اور شدید سرد رہے گا، جبکہ شمالی اضلاع میں صبح اور رات کے اوقات میں انتہائی سردی کی لہر دوڑے گی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق، کوئٹہ سمیت شمال مغربی اضلاع میں موسم مطلع ابر آلود رہے گا، اور کوئٹہ، زیارت، چمن، پشین، قلعہ عبد اللہ، قلعہ سیف اللہ اور ان کے گردونواح میں چند مقامات پر ہلکی بارش اور پہاڑوں پر ہلکی برفباری کا امکان ہے۔
یہ صورتحال صوبے کے پہاڑی علاقوں میں مزید سردی کو جنم دے سکتی ہے جس سے مسافروں اور مقامی آبادی کو احتیاط کی ضرورت ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج صبح کوئٹہ میں درجہ حرارت صفر تک ریکارڈ کیا گیا، جبکہ قلات منفی 2، زیارت منفی 2، ژوب 3، سبی 9، تربت 14، نوکنڈی 9 اور چمن میں 4 ڈگری درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔
جبکہ بلوچستان کے ساحلی علاقے گوادر میں کم سے کم درجہ حرارت 18 اور جیوانی میں 12 ڈگری تک ریکارڈ کیا گیا۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ سردی سے بچاؤ کے لیے گرم لباس پہنیں، خاص طور پر بچوں اور بزرگوں کی حفاظت کریں۔