حیدرآباد، سی این جی فلنگ کے دوران وین میں دھماکہ، 8 مسافر زخمی
اشاعت کی تاریخ: 10th, December 2025 GMT
حیدرآباد بائی پاس پر واقع سی این جی فیلنگ اسٹیشن پر اس وقت افرا تفری مچ گئی جب گیس فلنگ کے دوران کراچی سے آنے والی ایک مسافر وین میں اچانک آگ بھڑک اٹھی اور چند ہی لمحوں میں پوری گاڑی شعلوں کی لپیٹ میں آکر خاکستر ہوگئی۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق آتشزدگی کے دوران ایک زوردار دھماکہ بھی سنائی دیا، جس کے بارے میں شبہ ہے کہ وہ سلینڈر پھٹنے سے ہوا۔
واقعے کے فوراً بعد سی این جی گیس فلنگ اسٹیشن کو خالی کرالیا گیا اور ریسکیو 1122 و فائر بریگیڈ کی ٹیمیں موقع پر پہنچ کر آگ بجھانے میں مصروف رہیں۔
ترجمان ریسکیو کا کہنا ہے کہ جس وقت آگ بھڑکی اُس وقت وین میں مسافر سوار تھے تاہم شعلے اٹھتے ہی بیشتر افراد اپنی مدد آپ کے تحت گاڑی سے نکل کر محفوظ مقام تک پہنچ گئے۔
8 مسافر جھلس کر زخمی ہوئے جن میں سے ایک کو ریسکیو ایمبولینس کے ذریعے سول اسپتال کے برنس وارڈ منتقل کیا گیا جبکہ سات زخمیوں کو پولیس موبائل کے ذریعے اسپتال پہنچایا گیا۔
انچارج چیک پوسٹ انسپیکٹر عبدالمالک ابڑو کے مطابق دو زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد ڈسچارج کردیا گیا ہے جبکہ چھ افراد برنس وارڈ میں زیرِ علاج ہیں۔
پولیس کے مطابق ایک مسافر 40 فیصد جھلسنے کے باعث تشویشناک حالت میں ہے تاہم ڈاکٹرز نے باقی تمام زخمیوں کی حالت کو خطرے سے باہر قرار دیا ہے۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
بھارت کے مشہور نائٹ کلب میں گیس سلنڈر دھماکہ، 23 افراد جھلس کر ہلاک
نیو دہلی:بھارت کے سیاحتی مقام گوا کے ساحلی قصبے ارپورہ میں ہفتے کی رات ایک ہولناک آگ نے مشہورِ زمانہ نائٹ کلب کو اپنی لپیٹ میں لے لیا جس کے نتیجے میں کم از کم 23 افراد جھلس کر ہلاک ہو گئے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں زیادہ تعداد نائٹ کلب کے اپنے ملازمین کی ہے۔
پولیس چیف کے حوالے سے پی ٹی آئی نے بتایا کہ آگ رات تقریباً 12 بجے کلب کی کچن ایریا میں گیس سلنڈر کے شدید دھماکے سے پھیلی جس نے چند منٹوں میں پوری عمارت کو آگ کا گولہ بنا دیا۔
آگ کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ ریسکیو ٹیمیں گھنٹوں جدوجہد کے بعد بھی تمام لاشیں برآمد کرنے میں کامیاب نہ ہو سکیں۔
گوا کے وزیرِ اعلیٰ پرامود ساونت نے ایکس پر پوسٹ میں تصدیق کی کہ حکومت نے اس دلخراش واقعے کی اعلیٰ سطحی انکوائری کا حکم دے دیا ہے۔ ذمہ داروں کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا۔
Today is a very painful day for all of us in Goa. A major fire incident at Arpora has taken the lives of 23 people.
I am deeply grieved and offer my heartfelt condolences to all the bereaved families in this hour of unimaginable loss.
I visited the incident site and have…
ارپورہ شمالی گوا کا وہ علاقہ ہے جو خوبصورت ساحلوں، پرتعیش نائٹ لائف اور غیر ملکی سیاحوں سے بھرا رہتا ہے۔
دسمبر کا مہینہ گوا میں پیک سیزن ہوتا ہے جب سیاح بڑی تعداد میں یہاں کا رخ کرتے ہیں۔ ابھی تک یہ واضح نہیں ہو سکا کہ زخمیوں کی تعداد کتنی ہے کیونکہ آگ بجھانے اور لاشیں نکالنے کا کام اب بھی جاری ہے۔
مقامی لوگوں نے بتایا کہ دھماکے کی آواز اتنی زور دار تھی کہ کئی کلومیٹر تک سنی گئی۔