پی ٹی آئی کا فواد چوہدری کی سربراہی میں ڈائیلاگ کمیٹی سے متعلق کارکنوں کا واضح پیغام
اشاعت کی تاریخ: 6th, January 2026 GMT
لاہور:
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے اپنے رہنماؤں اور کارکنان کو سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری، محمود مولوی اور عمران اسماعیل کی جانب سے ڈائیلاگ کمیٹی کی سطح پر کی جانے والی مذاکرات کی کوششوں پر واضع پیغام جاری کردیا۔
پی ٹی آئی کے رکن پنجاب اسمبلی اور فوکل پرسن پنجاب بریگیڈئیر مشتاق نے بیان میں کہا کہ ایک نام نہاد نمائشی ڈائیلاگ کمیٹی کی جانب سے پاکستان تحریک انصاف سے وابستہ افراد کو گمراہ کن پیغامات ارسال کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ وہی عناصر ہیں جنہوں نے مشکل ترین وقت میں چیئرمین عمران خان اور پاکستان تحریک انصاف کا ساتھ چھوڑا، کھلے عام پریس کانفرنسیں کیں، سوشل میڈیا پر اعلانات کے ذریعے پارٹی سے لاتعلقی اختیار کی اور عملاً منحرف ہو گئے۔
بریگیڈئیر مشتاق نے کہا کہ ان افراد نے نہ صرف اپنی سیاسی وابستگی ختم کرنے کا خود اعلان کیا بلکہ بعد ازاں دیگر سیاسی جماعتوں میں شمولیت اختیار کر کے وہاں باقاعدہ عہدے بھی حاصل کیے۔
ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کی ہدایات پر ان افراد کو باضابطہ نوٹیفکیشن کے ذریعے پاکستان تحریک انصاف سے خارج کیا جا چکا ہے، ایسے لوگ آج کسی بھی صورت خود کو پی ٹی آئی سے منسوب کرنے کا کوئی اخلاقی، سیاسی یا تنظیمی حق نہیں رکھتے۔
پی ٹی آئی پنجاب کے فوکل پرسن نے کہا کہ یہ بھی واضح کیا جاتا ہے کہ تحریک تحفظ آئین پاکستان کے پلیٹ فارم سے محمود خان اچکزئی اور علامہ راجا ناصر عباس پہلے ہی اس قسم کے نمائشی اور غیر سنجیدہ پروگراموں کو مسترد کر چکے ہیں جبکہ اس حوالے سے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی بھی اپنا مؤقف کھل کر اور واضح انداز میں بیان کر چکے ہیں۔
بریگیڈئیر(ر) مشتاق نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے تمام رہنماؤں، عہدیداران اور کارکنان کو واضح اور دوٹوک ہدایات جاری کی جاتی ہیں کہ وہ اس نام نہاد نمائشی ڈائیلاگ کمیٹی یا اس طرز کے کسی بھی سیاسی تماشے سے مکمل طور پر ہوشیار اور دور رہیں۔
انہوں نے کہا کہ پارٹی کی پالیسی بالکل واضح ہے کہ نہ پاکستان تحریک انصاف، نہ اس کا کوئی رہنما اور نہ ہی کوئی کارکن اس قسم کی خود ساختہ، گمراہ کن یا موقع پرستانہ مہم کا حصہ بنے گا اور نہ ہی ایسے عناصر سے کسی بھی سطح پر رابطہ، ملاقات یا مکالمہ کیا جائے گا۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: پاکستان تحریک انصاف ڈائیلاگ کمیٹی پی ٹی آئی نے کہا کہ
پڑھیں:
’میری قبر پہلے ہی تیار ہے‘، موت کی تیاریوں سے متعلق عطا اللہ خان عیسیٰ خیلوی کا حیران کن بیان
پاکستان کے لیجنڈری گلوکار عطا اللہ خان عیسیٰ خیلوی نے اپنی زندگی سے متعلق ایک ایسا انکشاف کیا ہے جس نے مداحوں کو حیران کر دیا۔ معروف گلوکار کا کہنا ہے کہ انہوں نے اپنے آبائی علاقے عیسیٰ خیل میں اپنی قبر پہلے ہی تیار کروا رکھی ہے اور وہ آخرت کی تیاری کو زندگی کا اہم ترین حصہ سمجھتے ہیں۔ ان کے اس بیان نے سوشل میڈیا پر نئی بحث چھیڑ دی ہے جہاں صارفین اس پر مختلف آراء کا اظہار کر رہے ہیں۔
عطا اللہ خان عیسیٰ خیلوی نے حال ہی میں صحافی ارشاد بھٹی کے پوڈکاسٹ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے اپنی زندگی، موسیقی اور ذاتی خیالات پر کھل کر گفتگو کی۔ اس دوران انہوں نے بتایا کہ انہوں نے اپنی قبر پہلے ہی تیار کروا رکھی ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں نے آخرت کی تیاری کر لی ہے۔ میری قبر عیسیٰ خیل میں تیار ہے، مکمل بن چکی ہے۔ اگر آپ میری زندگی میں آئیں گے تو میں آپ کو دکھا دوں گا ورنہ بعد میں خود ہی دیکھ لیں گے۔ ہمارا اپنا خاندانی قبرستان بھی ہے، جہاں میں نے اپنے لیے ایک قبر مخصوص کر رکھی ہے۔ اس کے ساتھ چند جگہیں اور بھی ہیں جن میں سے ایک کے بارے میں میں نے مذاق میں کہا تھا کہ وہ میری اہلیہ کے لیے ہے لیکن ساتھ ہی کہا کہ مذاق کر رہا ہوں حقیقت میں صرف اپنی قبر محفوظ کروائی ہے۔ اللہ ہم سب پر رحم فرمائے۔
گلوکار نے قبر کے بارے میں بتایا کہ یہ خیال اس وقت آیا جب میں نے ایک فارم ہاؤس اور مسجد تعمیر کروائی۔ پھر سوچا کہ میرے لیے بھی ایک جگہ ہونی چاہیے۔ میں اپنے کئی قریبی دوستوں، عزیزوں، خاندان کے افراد اور اپنی والدہ کو کھو چکا ہوں، اسی لیے موت کا خیال ہمیشہ ذہن میں رہتا ہے۔ میری صرف یہی دعا ہے کہ اللہ مجھے پُرسکون موت عطا فرمائے۔
یہ بھی پڑھیں: عطااللہ عیسیٰ خیلوی کس کے لکھے گانے گا کر مشہور ہوئے؟
عطا اللہ خان عیسیٰ خیلوی کے اس بیان کے بعد سوشل میڈیا پر مختلف آراء سامنے آنے لگیں۔ ایک صارف نے لکھا قبر پہلے سے بنوانا درست نہیں البتہ کفن کی تیاری کی جا سکتی ہے۔
ایک اور نے تبصرہ کیا صرف قبر تیار کر لینا کافی نہیں، اصل تیاری آخرت کی ہونی چاہیے۔ ایک صارف نے لکھا کہ ان کا ایمان مضبوط ہے، ہم تو قبر کا ذکر کرنے سے بھی گھبراتے ہیں جبکہ ایک اور صارف کا کہنا تھا قبر بنانے کے بجائے اگر اولڈ ایج ہوم بنا دیتے تو زیادہ بہتر ہوتا۔
آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں
عطااللہ عیسیٰ خیلوی عیسیٰ خیلوی عیسیٰ خیلوی قبر قبر گلوکار ویڈیو وائرل