سکیورٹی خدشات، بنگلادیش نے بھارتی شہریوں کیلئے ویزوں کا اجرا روک دیا
اشاعت کی تاریخ: 9th, January 2026 GMT
data-id="863a0a8" data-element_type="widget" data-widget_type="theme-post-content.default">
بنگلادیش نے سکیورٹی خدشات کے پیشِ نظر پابندیوں میں مزید توسیع کرتے ہوئے بھارت میں واقع اپنے تین مزید اہم سفارتی مشنز کے ویزا سیکشن عارضی طور پر بند کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
بنگلادیش کی وزارتِ خارجہ نے اس فیصلے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ نئی پابندیاں جمعرات سے نافذ ہو چکی ہیں۔
تازہ فیصلے کے تحت بھارتی شہریوں کے لیے کاروباری اور ملازمت کے ویزوں کے علاوہ دیگر تمام اقسام کے ویزے معطل کر دیے گئے ہیں۔ وزارت کے مطابق کولکتہ میں بنگلہ دیشی ڈپٹی ہائی کمیشن میں قونصلر اور ویزا خدمات مکمل طور پر بند کر دی گئی ہیں، جبکہ ممبئی اور چنئی میں سیاحتی سمیت تمام دیگر ویزا سہولیات بھی معطل کر دی گئی ہیں۔
بنگلادیشی حکام کا کہنا ہے کہ جن سفارتی مشنز میں سکیورٹی سے متعلق واقعات پیش آئے ہیں، وہاں احتیاطی طور پر ویزا خدمات روک دی گئی ہیں اور یہ فیصلہ مکمل طور پر سکیورٹی بنیادوں پر کیا گیا ہے۔
اس سے قبل 22 دسمبر کو بنگلادیش نے نئی دہلی میں اپنے ہائی کمیشن، تریپورہ کے شہر اگرتلہ میں اسسٹنٹ ہائی کمیشن اور سلی گوڑی میں قائم ویزا سینٹر میں بھی ویزا اور قونصلر خدمات عارضی طور پر معطل کر دی تھیں۔
ذریعہ
ذریعہ: Jasarat News
پڑھیں:
یو اے ای ویزا آن ارائیول کی نئی شرائط اور فیس جاری
دبئی: یو اے ای ویزا آن ارائیول سے متعلق متحدہ عرب امارات نے نئی شرائط، فیس اور درخواست کے طریقہ کار کی تفصیلات جاری کر دی ہیں۔ نئی ہدایات کے تحت مخصوص ممالک کے اہل شہری امارات پہنچنے پر 14 یا 60 روزہ ویزا حاصل کر سکیں گے، تاہم اس کے لیے مقررہ شرائط پر پورا اترنا لازمی ہوگا۔
دبئی کی جنرل ڈائریکٹوریٹ آف آئیڈینٹیٹی اینڈ فارنرز افیئرز (GDRFA) کے مطابق بھارت، انڈونیشیا، ویتنام، تھائی لینڈ، فلپائن، کینیا اور جنوبی افریقہ کے شہری، اور ان کے ہمراہ سفر کرنے والے اہل خانہ، اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔
حکام کے مطابق درخواست گزار کے پاس کم از کم چھ ماہ کے لیے کارآمد پاسپورٹ، سفید پس منظر والی حالیہ رنگین تصویر اور امریکا، برطانیہ، یورپی یونین، کینیڈا، آسٹریلیا، نیوزی لینڈ، جاپان، جنوبی کوریا یا سنگاپور کی جانب سے جاری کردہ قابل قبول رہائشی پرمٹ یا ویزا ہونا ضروری ہے۔
اعلامیے کے مطابق 14 روزہ ویزا آن ارائیول کو صرف ایک مرتبہ مزید 14 دن کے لیے توسیع دی جا سکتی ہے، جبکہ 60 روزہ ویزا میں توسیع کی سہولت دستیاب نہیں ہوگی۔
جی ڈی آر ایف اے نے بتایا کہ ویزا کے لیے درخواست اس کی سرکاری ویب سائٹ یا اسمارٹ ایپ کے ذریعے جمع کرائی جا سکتی ہے۔ درخواست کی منظوری کے بعد ویزا رجسٹرڈ ای میل پر ارسال کیا جائے گا، جبکہ عام طور پر درخواستوں پر 48 گھنٹوں کے اندر کارروائی مکمل کر لی جاتی ہے۔
فیس کے حوالے سے جاری تفصیلات کے مطابق 14 روزہ ویزا آن ارائیول کی فیس 172.50 درہم جبکہ 60 روزہ ویزا کی فیس 422.50 درہم مقرر کی گئی ہے۔
جی ڈی آر ایف اے کا کہنا ہے کہ اس سہولت کا مقصد بین الاقوامی مسافروں کے لیے سفری عمل کو مزید آسان بنانا، سیاحت کو فروغ دینا اور زیادہ سے زیادہ سیاحوں کو متحدہ عرب امارات کی جانب راغب کرنا ہے۔
ادارے کے اعداد و شمار کے مطابق سال 2026 کے پہلے چھ ماہ کے دوران اس پروگرام کے تحت 73 ہزار 551 ویزے جاری کیے جا چکے ہیں، جو اس سہولت کی بڑھتی ہوئی مقبولیت کی نشاندہی کرتے ہیں۔
اہم وضاحت: جاری کردہ شرائط میں پاکستانی پاسپورٹ ہولڈرز شامل نہیں ہیں۔ یہ سہولت صرف ان مخصوص ممالک کے شہریوں کے لیے ہے جن کا جی ڈی آر ایف اے نے اعلان کیا ہے۔