پاک سعودیہ، معدنیات و کان کنی میں تعاون مزید مضبوط بنانے پر متفق
اشاعت کی تاریخ: 13th, January 2026 GMT
ریاض:(نیوزڈیسک) وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے ریاض میں منعقدہ فیوچر منرلز فورم 2026 کے موقع پر سعودی عرب کے وزیرِ صنعت و معدنی وسائل بندر ابراہیم الخریف سے ملاقات کی۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان معدنیات اور کان کنی کے شعبے میں تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔
سعودی وزیر نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان معدنی شعبے میں تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں اور سعودی عرب اپنی علمی اور تکنیکی مہارت کے ذریعے پاکستان کے معدنی شعبے کی ترقی میں مکمل تعاون فراہم کرے گا۔
وفاقی وزیر علی پرویز ملک نے کہا کہ پاکستان کا ٹیتھیان بیلٹ بے پناہ معدنی صلاحیت رکھتا ہے اور ریکو ڈک اس کا صرف ایک چھوٹا سا حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ جیولوجیکل سروے آف پاکستان، سعودی جیولوجیکل سروے کے ساتھ مل کر مشترکہ تحقیق اور ڈیٹا شیئرنگ پر کام کر رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کھاد کی پیداوار اور طبی آلات کی تیاری جیسے شعبے بھی دونوں ممالک کے درمیان مشترکہ منصوبوں کے لیے اہم مواقع فراہم کرتے ہیں۔
اس موقع پر سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی نے وزیرِاعظم محمد شہباز شریف اور وفاقی وزیر علی پرویز ملک کی قیادت کو سراہتے ہوئے کہا کہ فورم میں پاکستان کی شرکت سعودی عرب اور پاکستان کے دیرینہ اور برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرے گی۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Daily Mumtaz
کلیدی لفظ: کہا کہ
پڑھیں:
گلگت بلتستان انتخابات کو متنازع بنانے کی ہر کوشش جمہوریت کے خلاف ہے، حلیم عادل شیخ
صدر پی ٹی آئی سندھ نے کہا کہ عوامی مینڈیٹ کو متنازع بنانے اور اس پر اثر انداز ہونے کی کوششوں نے جمہوری عمل کو نقصان پہنچایا، آج بھی عوام عمران خان کے بیانیے اور قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار کر رہے ہیں اور پاکستان تحریک انصاف ملک کی مقبول ترین سیاسی جماعت ہے۔ اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریک انصاف سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کے آئندہ انتخابات کو متنازع بنانے کی کسی بھی کوشش سے گریز کیا جائے اور انتخابی عمل کو مکمل طور پر شفاف، غیر جانبدار اور منصفانہ بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام کو اپنا ووٹ آزادانہ طور پر استعمال کرنے کا مکمل حق حاصل ہے اور کسی قسم کی مداخلت یا دباؤ جمہوری اقدار کے منافی ہوگا۔ حلیم عادل شیخ نے کہا کہ ملک میں سیاسی استحکام کا راستہ صرف آزاد، شفاف اور غیر جانبدار انتخابات سے ہو کر گزرتا ہے، عوامی مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈالنے کی روایت نے ماضی میں پاکستان کو سیاسی اور معاشی بحرانوں سے دوچار کیا، اس لیے ضروری ہے کہ عوام کے فیصلے کا مکمل احترام کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ 8 فروری 2024ء کے عام انتخابات میں عوام نے اپنا واضح فیصلہ دیا تھا، تاہم عوامی مینڈیٹ کو متنازع بنانے اور اس پر اثر انداز ہونے کی کوششوں نے جمہوری عمل کو نقصان پہنچایا، آج بھی عوام عمران خان کے بیانیے اور قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار کر رہے ہیں اور پاکستان تحریک انصاف ملک کی مقبول ترین سیاسی جماعت ہے۔
حلیم عادل شیخ نے مطالبہ کیا کہ پاکستان تحریک انصاف کو گلگت بلتستان میں انتخابی مہم چلانے کے مساوی اور آئینی حقوق فراہم کیے جائیں تاکہ تمام سیاسی جماعتوں کو یکساں مواقع میسر آ سکیں۔ انہوں نے کہا کہ انتخابی عمل کو ہر قسم کے دباؤ، جانبداری اور غیر ضروری مداخلت سے پاک رکھا جائے تاکہ عوام اپنی مرضی کے نمائندوں کا انتخاب کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام باشعور ہیں اور وہ اپنے ووٹ کی طاقت سے حقیقی نمائندوں کا انتخاب کریں گے، عوام کا فیصلہ ہی جمہوریت اور پاکستان کے روشن مستقبل کی بنیاد ہے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ پاکستان تحریک انصاف گلگت بلتستان کے انتخابات میں عوامی حمایت کے ساتھ بھرپور کامیابی حاصل کرے گی۔ حلیم عادل شیخ نے مزید کہا کہ سیاسی استحکام کے بغیر معاشی ترقی، سرمایہ کاری اور عوامی خوشحالی ممکن نہیں، لہذا تمام متعلقہ حکام اس امر کو یقینی بنائیں کہ انتخابات مکمل طور پر شفاف اور منصفانہ ہوں اور عوام کے مینڈیٹ کا ہر صورت احترام کیا جائے۔