میری جعلی آواز میں لوگوں سے پیسے مانگے گئے، سپیکر قومی اسمبلی
اشاعت کی تاریخ: 17th, January 2026 GMT
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے انکشاف کیا ہے کہ ان کی جعلی آواز میں لوگوں سے پیسے مانگے گئے ہیں۔قومی اسمبلی کا اجلاس سپیکر سردار ایاز صادق کی صدارت میں شروع ہوا، جس میں اراکین کی کم حاضری کے باعث وقفہ سوالات مؤخر کر دیا گیا۔اجلاس کے دوران آن لائن فراڈ، قانون سازی، پی آئی اے نجکاری، ایوانی نظم و ضبط اور شہری مسائل سے متعلق اہم معاملات زیر بحث آئے۔ آن لائن فراڈ سے متعلق گفتگو کے دوران سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے انکشاف کیا کہ ان کی آواز میں جعل سازی کے ذریعے لوگوں سے پیسے مانگے گئے۔ انہوں نے بتایا کہ ایک شخص نے اعتماد کی بنیاد پر فون کر کے تصدیق کی، جس کے بعد اس معاملے کو قائمہ کمیٹی کے سپرد کر دیا گیا۔آن لائن فراڈ کے معاملے پر وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری نے ایوان کو بتایا کہ یہ ایک منظم مافیا ہے جو شہریوں کو بلیک میل کرتا ہے اور رینٹ اے اکاؤنٹ کے ذریعے فراڈ کیا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ این سی سی آئی اے کے پاس 523 اہلکار اور 23 تھانے ہیں، ادارے کی کارکردگی میں بہتری آ رہی ہے تاہم اس میں وقت لگے گا۔اجلاس میں پی آئی اے نجکاری کی قانونی حیثیت پر بھی ایوان میں سوالات اٹھائے گئے، جس پر وفاقی وزیر خزانہ نے بتایا کہ پی آئی اے کی نجکاری کا عمل مکمل ہو چکا ہے، تمام قانونی تقاضے پورے کیے گئے اور نیلامی کے عمل کو مکمل طور پر شفاف بنایا گیا۔ وزیر خزانہ کے مطابق 135 ارب روپے کے 75 فیصد شیئر فروخت کیے گئے، جن میں سے 10 ارب روپے حکومت کو ملیں گے جبکہ 125 ارب روپے پی آئی اے میں دوبارہ سرمایہ کاری کے لیے استعمال ہوں گے۔اجلاس کے دوران سپیکر قومی اسمبلی نے گوشوارے جمع نہ کروانے پر 32 اراکین کی رکنیت معطل کرنے کا اعلان کیا اور واضح کیا کہ معطل اراکین ایوان میں نہیں بیٹھ سکتے۔ اگر کوئی معطل رکن ایوان میں موجود ہے تو وہ باہر چلا جائے۔ایوان میں اس موقع پر دلچسپ لمحات بھی دیکھنے میں آئے، جب سپیکر نے وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری کی تیاری کی تعریف کی، جس پر وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے مزاحیہ انداز میں طلال چوہدری کا مجسمہ بنوانے کی تجویز دی، جس پر ایوان میں قہقہے لگ گئے۔ بعد ازاں قومی اسمبلی کا اجلاس پیر کے روز شام پانچ بجے تک ملتوی کر دیا گیا۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Nawaiwaqt
کلیدی لفظ: سپیکر قومی اسمبلی پی ا ئی اے ایوان میں
پڑھیں:
کاوا مینز والی بال چیمپئن شپ: قومی ٹیم نے دوسرے روز بنگلا دیش کو شکست دے دی
کاوا مینز والی بال چیمپئن شپ کے دوسرے روز بھی پاکستان کا جادو سر چڑھ کر بولا، قومی ٹیم نے بنگلادیش کو کسی بھی مرحلے پر سنبھلنے کا موقع نہ دیا اور مسلسل تین سیٹ جیت کر 0-3 سے شاندار فتح اپنے نام کر لی۔
پاکستان نے آغاز سے ہی جارحانہ کھیل پیش کرتے ہوئے پہلا سیٹ 16-25 سے جیتا، دوسرے سیٹ میں بھی سبز ہلالی پرچم بلند رکھا اور 17-25 سے کامیابی سمیٹی۔
تیسرے سیٹ میں بنگلادیش نے بھرپور مزاحمت کی، مگر پاکستانی کھلاڑیوں نے اعتماد اور مہارت کا شاندار مظاہرہ کرتے ہوئے 22-25 سے فتح حاصل کی اور میچ بغیر کوئی سیٹ گنوائے تین صفر سے اپنے نام کر لیا۔
قومی ٹیم کی یہ مسلسل دوسری فتح کاوا چیمپئن شپ میں پاکستان کے مضبوط عزائم کا واضح اعلان ہے جبکہ شاندار کارکردگی نے ٹائٹل کی دوڑ میں پاکستان کو مزید مضبوط امیدوار بنا دیا۔