ای سی سی: خوراک : صحت،تعلیم،توانائی کیلئے 66 ارب روپے منظور
اشاعت کی تاریخ: 29th, January 2026 GMT
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے خوراک، توانائی، صحت اور تعلیم کے شعبوں کے لیے 66 ارب روپے کے فنڈز کی منظوری دے دی۔کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس وفاقی وزیر خزانہ کی زیرصدارت ہوا، جس میں فیصلہ کیا گیا کہ پاسکو کے 5 لاکھ میٹرک ٹن ذخائر نیلام کیے جائیں گے تاکہ سٹوریج اخراجات میں کمی آئے اور گندم کی قیمتوں میں استحکام رہے۔ اجلاس میں حکومت پنجاب کو آٹے کی دستیابی اور قیمتوں کے استحکام کے لیے 3 لاکھ میٹرک ٹن پاسکو گندم فراہم کرنے کی منظوری بھی دی گئی۔ ای سی سی نے پاکستان پوسٹ آفس کے ذمے یوٹیلیٹی کمپنیوں کے واجبات کی ادائیگی کے لیے 10 ارب 98 کروڑ روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ منظور کر لی۔ بچوں کو حفاظتی ٹیکوں کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے وفاقی ڈائریکٹوریٹ آف امیونائزیشن کو 29 ارب 66 کروڑ 30 لاکھ روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ بھی منظور کی گئی۔ ای سی سی نے درآمدی یوریا پر سبسڈی وفاق اور صوبوں کے درمیان ففٹی ففٹی کے تناسب سے تقسیم کرنے کا فیصلہ کیا اور اس مقصد کے لیے 23 ارب 42 کروڑ روپے کی منظوری دی گئی، جن میں سے 15 ارب روپے وفاقی حکومت جاری کرے گی۔ وزارت ہاو سنگ کو ترقیاتی منصوبوں کے لیے ایک ارب 90 کروڑ روپے اور کیڈٹ کالج حسن ابدال کے لیے 15 کروڑ روپے کی گرانٹ منظور کی گئی۔ اجلاس میں فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی جانب سے ضبط کیے گئے سولر پینلز گلگت بلتستان حکومت کو فراہم کرنے کی منظوری بھی دی گئی۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Nawaiwaqt
کلیدی لفظ: کی منظوری کروڑ روپے کی منظور روپے کی کے لیے
پڑھیں:
کوہستان مالیاتی اسکینڈل، عدالت کا 21 کروڑ 13 لاکھ سے زائد ضبط کرنے کا حکم
پشاور کی احتساب عدالت کے جج محمد ظفر نے اپرکوہستان مالیاتی اسکینڈل میں کروڑوں روپے کی ضبطگی سے متعلق درخواست پر تحریری فیصلہ جاری کر دیا۔ اسلام ٹائمز۔ پشاور کی احتساب عدالت نے اپر کوہستان مالیاتی اسکینڈل سے 21 کروڑ 13 لاکھ 76 ہزار 685 روپے بحق سرکار ضبط کرنے کا حکم جاری کردیا۔ پشاور کی احتساب عدالت کے جج محمد ظفر نے اپرکوہستان مالیاتی اسکینڈل میں کروڑوں روپے کی ضبطگی سے متعلق درخواست پر تحریری فیصلہ جاری کر دیا۔ احتساب عدالت نے ملزم دوراج خان کی جانب سے دائر پلی بارگین درخواست کے تناظر میں 21 کروڑ 13 لاکھ 76 ہزار 685 روپے بحق سرکار ضبط کرنے کے احکامات جاری کردیے ہیں۔ فیصلے کے مطابق نیب خیبر پختونخوا اپر کوہستان میں جعلی بلوں اور بوگس دعوؤں کے ذریعے سرکاری فنڈز میں کرپشن کی تحقیقات کر رہا ہے، ملزم کے قریبی رشتہ داروں کے نام پر کھولے گئے بینک اکاؤنٹس میں موجود 21 کروڑ 13 لاکھ 76 ہزار 685 روپے ضبط کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔
عدالت نے فیصلے میں کہا ہے کہ ملزم دوراج خان اس مقدمے میں گرفتار ہے اور جوڈیشل ریمانڈ پر جیل میں ہے اور دوران تفتیش انکشاف ہوا کہ ملزم نے مبینہ کرپشن کی رقم چھپانے کےلیے بیشام کے نجی بینک میں قریبی رشتہ داروں کے نام پر اکاؤنٹس کھلوائے۔ فیصلے میں کہا گیا کہ ملزم کے رشتہ داروں محمد اقبال، محمد ایاز، محمد عمر، کریم داد اور سربلند نے عدالت میں رضاکارانہ بیانات قلم بند کرائے اورمؤقف اختیار کیا کہ انہیں اپنے نام پر موجود اکاؤنٹس میں جرائم سے حاصل شدہ رقم کا علم نہیں تھا۔ احتساب عدالت نے کہا ہے کہ ملزم کے رشتہ داروں نے تمام رقوم بحق سرکار ضبط کرنے پر رضامندی ظاہر کی اور رقم پر کسی قسم کا دعویٰ نہ کرنے کا بیان دیا۔