قازقستان کے صدر دو روزہ سرکاری دورے پر پاکستان پہنچ گئے
اشاعت کی تاریخ: 3rd, February 2026 GMT
data-id="863a0a8" data-element_type="widget" data-e-type="widget" data-widget_type="theme-post-content.default">
اسلام آباد: قازقستان کے صدر قاسم جومارت توقایف وزیراعظم شہباز شریف کی دعوت پر دو روزہ سرکاری دورے پر آج پاکستان پہنچ گئے۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق نور خان ایئربیس پر صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف نے معزز مہمان کا پرتپاک استقبال کیا جبکہ قازقستان کے صدر کے ہمراہ سینئر وزراء اور اعلیٰ سرکاری حکام پر مشتمل وفد بھی پاکستان آیا ہے۔
سرکاری ذرائع کے مطابق اس دورے کے دوران صدر قاسم جومارت توقایف کی صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف سے اہم ملاقاتیں ہوں گی، جن میں دوطرفہ تعلقات، علاقائی صورتحال اور باہمی تعاون کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
اس موقع پر مختلف شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے کے لیے متعدد مفاہمتی یادداشتوں اور معاہدوں پر دستخط کیے جانے کا بھی امکان ہے، قازقستانی صدر کا یہ دورہ خطے میں امن، استحکام اور مشترکہ ترقی کے لیے دونوں ممالک کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔
پاکستان اور قازقستان کے درمیان تعلقات کو نئی جہت دینے کے لیے تجارت، سرمایہ کاری، لاجسٹکس اور علاقائی روابط کے شعبوں کو خصوصی اہمیت دی جا رہی ہے۔
دورے کے دوران صدر قاسم جومارت توقایف پاکستان قازقستان بزنس فورم سے بھی خطاب کریں گے، جہاں دونوں ممالک کے تاجر اور سرمایہ کار کاروباری مواقع پر غور کریں گے۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق یہ دورہ دوطرفہ تعلقات کے جامع جائزے، اقتصادی تعاون کے فروغ اور عوامی روابط کو مضبوط بنانے کے نئے امکانات تلاش کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
ذریعہ
ذریعہ: Jasarat News
کلیدی لفظ: قازقستان کے
پڑھیں:
موبائل کال اور انٹرنیٹ پیکجز مہنگے، صارفین پر نیا مالی بوجھ
اسلام آباد: موبائل انٹرنیٹ پیکجز مہنگے ہونے سے ملک بھر کے لاکھوں موبائل صارفین کو اضافی اخراجات کا سامنا کرنا پڑے گا۔ پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کی جانب سے جاری کردہ تازہ تفصیلات کے مطابق مختلف موبائل کمپنیوں کے متعدد کال، ہائبرڈ اور ڈیٹا پیکجز کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ کیا گیا ہے۔
پی ٹی اے کے مطابق مختلف موبائل آپریٹرز کے 15 مقبول ہائبرڈ اور ڈیٹا اونلی پیکجز کی قیمتوں میں 33 فیصد تک اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے بعد صارفین کو پہلے کے مقابلے میں زیادہ رقم ادا کرنا ہوگی۔
جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق ماہانہ کال اور ڈیٹا پیکجز کی قیمتوں میں 500 روپے تک اضافہ کیا گیا ہے، جبکہ 15 روزہ پیکجز اب 300 روپے تک مہنگے ہو گئے ہیں۔
اسی طرح ہفتہ وار ہائبرڈ پیکجز کی قیمت میں 130 روپے تک اضافہ کیا گیا ہے، جبکہ تین روزہ پیکجز 21 روپے، دو روزہ پیکجز 20 روپے اور ایک روزہ ہائبرڈ پیکجز 5 روپے تک مہنگے کر دیے گئے ہیں۔
پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ صارفین کی سہولت کے لیے تمام نئی ٹیرف تفصیلات ادارے کی ویب سائٹ پر جاری کر دی گئی ہیں، جہاں مختلف موبائل کمپنیوں کے کال اور انٹرنیٹ پیکجز، ان کی مدت، قیمت اور دستیاب سہولیات کا بآسانی موازنہ کیا جا سکتا ہے۔
اتھارٹی کے مطابق اس اقدام کا مقصد ٹیلی کام شعبے میں شفافیت کو فروغ دینا اور صارفین کو مختلف موبائل کمپنیوں کے پیکجز سے متعلق درست اور مکمل معلومات فراہم کرنا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ موبائل اور انٹرنیٹ خدمات کی قیمتوں میں اضافے سے طلبہ، فری لانسرز، آن لائن کاروبار کرنے والے افراد اور روزمرہ انٹرنیٹ استعمال کرنے والے صارفین کے ماہانہ اخراجات میں مزید اضافہ ہوگا۔