data-id="863a0a8" data-element_type="widget" data-e-type="widget" data-widget_type="theme-post-content.default">

راولپنڈی: شمالی وزیرستان سے ملحقہ ضلع بنوں میں سکیورٹی فورسز کے قافلے پر آج فتنہ الخوارج کے حملے نے ایک بار پھر ملک میں دہشتگردی کے سنگین خطرے کو اجاگر کر دیا، جس میں پاک فوج کے لیفٹیننٹ کرنل شہزادہ گلفراز اور سپاہی کرامت شاہ شہید ہو گئے۔ واقعے میں فورسز کی کارروائی کے دوران پانچ خوارج بھی مارے گئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق سکیورٹی فورسز کو خفیہ اطلاع ملی تھی کہ علاقے میں خودکش حملے کا خطرہ موجود ہے، جس پر فورسز نے فوری طور پر کارروائی کرتے ہوئے مخصوص علاقے میں آپریشن شروع کیا۔ اس دوران خوارج نے بارود سے بھری گاڑی سکیورٹی فورسز کے قافلے سے ٹکرا دی، جس کا نتیجہ افسوسناک طور پر افواجِ پاکستان کے دو جوانوں کی شہادت کی صورت میں نکلا۔

آئی ایس پی آر نے اس واقعے کو دہشتگردوں کی جانب سے رمضان کے مقدس مہینے میں اسلام کے تقدس کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے کہا کہ خوارج کی یہ کارروائی مذہب سے کسی قسم کا تعلق نہیں رکھتی بلکہ یہ افغان سرزمین سے پاکستان کے خلاف دہشتگردانہ سرگرمیوں کا حصہ ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ طالبان حکومت افغان سرزمین کو پاکستان میں دہشتگردانہ حملوں کے لیے استعمال ہونے سے روکنے میں ناکام رہی ہے، جس کے باعث سرحدی حفاظتی اقدامات کو مزید سخت کرنا ناگزیر ہو گیا ہے۔

پاک فوج نے اپنے بیان میں واضح کیا کہ خوارج کے خلاف انسدادِ دہشتگردی کے اقدامات بلا امتیاز جاری رہیں گے اور سکیورٹی فورسز کی “عزمِ استحکام” کے تحت آپریشنز پوری قوت سے انجام پائیں گے۔ بہادر جوانوں کی قربانیوں کو قومی سلامتی کے عزم کو مزید مستحکم کرنے والے اقدامات کے طور پر دیکھا جاتا ہے اور حکومت و فوج ان کے لیے مکمل احترام اور عزم کا اظہار کرتی ہے۔

بنوں کے واقعے نے ایک بار پھر ملک میں دہشتگردی کے بڑھتے ہوئے خطرات اور سرحد پار سے دہشتگردانہ کارروائیوں کی سنگینی کو اجاگر کیا ہے، جس کے پیش نظر سکیورٹی فورسز کی طرف سے سرحدی علاقوں میں مزید چوکیوں، رکاوٹوں اور فعال نگرانی کے اقدامات پر زور دیا جا رہا ہے تاکہ آئندہ ایسے حملوں کو بروقت ناکام بنایا جا سکے۔

صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے لیفٹیننٹ کرنل شہزادہ گل فراز اور سپاہی کرامت شاہ کی شہادت پر گہرے دکھ و افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہداء کی عظیم قربانی ملک و قوم کا قیمتی سرمایہ ہے اور ان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔

وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف نے فتنہ الخوارج کے مزموم عزائم کو ناکام بنانے اور سکیورٹی فورسز کی کارروائی میں پانچ دہشت گردوں کے ہلاک ہونے پر سکیورٹی اہلکاروں کی بہادری کی کھلے عام تعریف کی۔

شہباز شریف نے کہا کہ فتنہ الخوارج کی جانب سے رمضان کے بابرکت مہینے میں دہشت گردی کی کوشش اس بات کا منہ بولتا ثبوت ہے کہ دہشت گردوں کا کوئی مذہب یا ایمان نہیں ہوتا، پاکستانی قوم دہشت گردی کے خلاف اس جنگ میں افواج پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے۔

ویب ڈیسک دانیال عدنان.

ذریعہ

ذریعہ: Jasarat News

کلیدی لفظ: سکیورٹی فورسز فتنہ الخوارج فورسز کی

پڑھیں:

دہشتگردی کے خاتمے تک فتنۃ الخوارج و فتنۃ الہندوستان کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی، فیلڈ مارشل

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) سے جاری بیان کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں 20ویں نیشنل ورکشاپ بلوچستان کے شرکا سے خطاب کیا اور کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے تک فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔

انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مسلسل کوششیں، عوام کی غیرمتزلزل حمایت کے ساتھ بلوچستان میں پائیدار امن کے قیام کو یقینی بنائیں گی۔

فیلڈ مارشل نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے خلاف کارروائیاں دہشت گردی اور اس کے سہولت کاروں کے مکمل خاتمے تک پوری قوت کے ساتھ جاری رہیں گی، پاکستان میں جہاں بھی دہشت گردوں کا انفرا اسٹرکچر ملکی سلامتی کے لیے خطرہ بنے گا، اسے ختم کرنے کے لیے اپنے غیرمتزلزل عزم پر قائم ہے۔

انہوں نے کہا کہ بیرونی سرپرستی میں کام کرنے والے پراکسی عناصر مسلسل بلوچستان میں بدامنی، عدم استحکام اور امن کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں تاہم مسلح افواج عوام کی یک جہتی اور ثابت قدمی کے ساتھ ان مذموم عزائم کو ناکام بنائیں گی۔

فیلڈ مارشل عاصم منیر نے بلوچستان کو پاکستان کا فخر قرار دیا اور کہا کہ یہ صوبہ بے پناہ قدرتی وسائل، محب وطن، باصلاحیت اور باہمت عوام سے مالا مال ہے، جو بلوچستان کی اصل طاقت ہیں۔

فیلڈ مارشل نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں بلوچستان کی سماجی و معاشی ترقی کے لیے عوام دوست اور جامع منصوبوں پر عمل پیرا ہیں، جن کا مقصد صوبے کی تقدیر بدلنا ہے۔

انہوں نے قومی یک جہتی کے فروغ میں سول سوسائٹی، جامعات، میڈیا اور نوجوانوں کے مثبت کردار کو سراہا اور کہا کہ ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے اور روشن مستقبل کی بنیاد رکھنے کے لیے قومی اتحاد، استقلال اور مشترکہ کوششیں ناگزیر ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق جی ایچ کیو میں تقریب کے اختتام پر شرکا کے ساتھ تفصیلی سوال و جواب کا سیشن بھی منعقد ہوا، جس میں شرکا نے پاکستان کے استحکام، ترقی، امن اور خودمختاری کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔

 

متعلقہ مضامین

  • مانجھی خیل چیک پوسٹ حملہ، گورنر خیبرپختونخوا نے رپورٹ طلب کر لی
  • پنجاب حکومت کے اقدامات دھرے کے دھرے رہ گئے‘بارشوں نے تباہی مچادی
  • مستونگ: سیشن جج اور گن مین قاتلانہ حملے میں شہید، ایڈیشنل سیشن جج شدید زخمی
  • مستونگ میں سیشن جج عبدالحکیم کاکڑ فائرنگ میں شہید، گن مین بھی جاں بحق
  • مستونگ میں فائرنگ،سیشن جج گن مین سمیت شہید،2 افراد زخمی
  • سیکیورٹی فورسز کی مستونگ میں کارروائی کے دوران فتنہ الہندوستان کے 6 دہشت گرد ہلاک
  • حملہ ہوا تو خلیج میں امریکہ سے منسلک پلوں اور بجلی گھروں کو نشانہ بنائیں گے، ایران
  • دہشتگردی کے خاتمے تک فتنۃ الخوارج و فتنۃ الہندوستان کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی، فیلڈ مارشل
  • آئی ٹی برآمدات میں اضافہ حکومتی اقدامات اور پالیسیوں کا ثمر ہے، وزیراعظم شریف
  • مستونگ میں فتنہ الہندوستان کے 6 دہشتگرد مارے گئے، مرد و خواتین خودکش بمبار گرفتار