قومی اسمبلی اجلاس؛اسپیکر کی جانب سے اسٹیٹ بینک کا اسپیشل آڈٹ کرانے کا عندیہ
اشاعت کی تاریخ: 7th, August 2025 GMT
اسلام آباد:
قومی اسمبلی کے اجلاس میں اسپیکر کی جانب سے اسٹیٹ بینک کا اسپیشل آڈٹ کرانے کا عندیہ دیا گیا ہے۔
اسپیکر سردار ایاز صادق کی صدارت میں قومی اسمبلی کا اجلاس ہوا، جس میں پاکستان لینڈ پورٹ اتھارٹی بل 2025ء منظوری کے لیے پیش کیا گیا۔ اس موقع پر پیپلز پارٹی نے بل کی کئی ترامیم پر اعتراض اٹھایا۔ نوید قمر نے کہا کہ یہ بل قائمہ کمیٹی میں آیا، اس بل کی کئی شقوں پر پیپلز پارٹی کے تحفظات ہیں۔ پیپلز پارٹی بل کو موثر بنانے کے لیے ترامیم پیش کرے گی۔ وزیر مملکت داخلہ نے نوید قمر کی پیش کی گئی ترامیم کی حمایت کی، جس کے بعد اتھارٹی کے ممبران سے متعلق پیپلز پارٹی کی ترامیم منظور کرلی گئیں اور بل کی شق وار منظوری کا عمل شروع کیا گیا۔
اجلاس میں وقفہ سوالات کے دوران جواب نہ آنے پر اسپیکر قومی اسمبلی نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہی صورت حال رہی تو محکموں سے سیکرٹری کا آنا لازمی قرار دے دیں گے۔
دورانِ اجلاس اسپیکر قومی اسمبلی نے اسٹیٹ بینک کا اسپیشل آڈٹ کرانے کا عندیہ دے دیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر اسٹیٹ بینک کے پاس ہر سال کا ریپیٹری ایشن کا ریکارڈ نہیں تو ان کا اسپیشل آڈٹ کرنا چاہیے۔ اسپیکر نے بلال اظہر کیانی سے استفسار کیا کہ ہم کوئی اسپیشل آڈٹ نہ کرالیں؟، جس پر بلال اظہر کیانی نے جواب دیا کہ وہ تو آپ کا استحقاق ہے۔
وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ مہنگائی میں کمی ہوئی ہے۔ معاشی استحکام آیا ہے جس کے نتیجے میں پرائمری بیلنس بھی مثبت ہوا ۔ پالیسی ریٹ بھی کم ہوا۔ بی آئی ایس پی کا بجٹ بڑھایا گیا۔ سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 10 فیصد اضافہ ہوا۔ ہم نے 3 سال کی مدت میں امریکا کے ساتھ تعلقات بہتر کیے۔ فیلد مارشل عاصم منیرکی صدر ٹرمپ کے ساتھ ملاقات ہوئی۔
اس موقع پر پارلیمانی سیکرٹری ذوالفقار علی بھٹی نے بتایا کہ سفارتکاری سے ملکی معیشت پر بہتر اثرات مرتب ہوں گے۔ مہنگائی کی شرح 23 فیصد سے ساڑھے 4 فیصد پر لائے ہیں۔ امریکا نے انڈیا پر 25 فیصد سے 50 فیصد ٹیرف بڑھایا ہے، اس خطے میں سب سے کم ٹیرف پاکستان پر ہے۔ تمام ٹریڈ یونین کے ساتھ مشاورت کر رہے ہیں۔ ہمارا تمام چیمبرز کے ساتھ بھی رابطہ ہے۔ خشک میوہ جات برآمدات کو بڑھانے کے لیے ٹریننگ بھی دی جا رہی ہیں۔ امریکا کے ساتھ دو طرفہ تجارت ہے۔
دلچسپ صورتحال
ایوان میں دلچسپ صورتحال اس وقت پیدا ہوئی جب قادر پٹیل اپنی نشست سے اُٹھ کر اپوزیشن لیڈر کی کرسی پر بیٹھ گئے ۔ سنی اتحاد کونسل کے رکن اسمبلی خرم شہزاد ورک بھی ان کے ساتھ بیٹھ گئے ۔ قادر پٹیل کو اپوزیشن لیڈر کی نشست پر دیکھ کر اراکین نے قہقہے لگائے۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: کا اسپیشل آڈٹ پیپلز پارٹی قومی اسمبلی اسٹیٹ بینک کے ساتھ کہا کہ
پڑھیں:
کے پی اسمبلی کا منظور شدہ بلدیاتی حکومت کا نیا ترمیمی بل آئین و قانون سے متصادم ہے، الیکشن کمیشن
الیکشن کمیشن نے خیبر پختونخوا اسمبلی کا منظور شدہ بلدیاتی حکومت کا نیا ترمیمی بل آئین و قانون سے متصادم قرار دے دیا۔
اسلام آباد سے الیکشن کمیشن کے خط کے مطابق خیبر پختونخوا اسمبلی کی جانب سے کی جانے والی ترمیم آئین اور قانون سے متصادم ہے۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان کے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل چوہدری ندیم قاسم کی جانب سے چیف سیکریٹری خیبر پختونخوا کو تحریر کیے گئے خط کے مطابق خیبر پختونخوا اسمبلی نے بلدیاتی حکومت کا نیا ترمیمی بل 6 جولائی کو منظور کیا۔
الیکشن کمیشن کے خط کے مطابق گورنر کے پی نے بلدیاتی حکومت کے نئے ترمیمی بل کی توثیق کر دی ہے، ترمیم کے مطابق ضلع میں ویلیج اور نیبر ہڈ کونسل کی آبادی 30 سے 40 ہزار کے درمیان ہوگی، ترمیم کے مطابق الیکشن کمیشن حکومت سے مشاورت سے کوئی تبدیلی کر سکے گا۔
خط کے مطابق الیکشن ایکٹ اور آئین کے مطابق بلدیاتی حکومتوں کے الیکشن کے لیے حلقہ بندی کرنا الیکشن کمیشن کا اختیار ہے، حلقہ بندی کے معاملے پر حکومت سے مشاورت بھی آئین کی روح کے خلاف ہے۔
الیکشن کمیشن کے خط کے مطابق الیکشن کمیشن کے لیے اس ترمیم کے تحت 30 سے 40 ہزار کی آبادی کے لیے حلقہ بندی کرنا قابل عمل نہیں۔
خط کے متن کے مطابق آئین کے تحت کوئی قانون الیکشن کمیشن کے اختیارات نہیں لے سکتا، اتنی تاخیر سے یہ ترمیم کرنا بظاہر بلدیاتی انتخابات میں تاخیر کا حربہ ہے۔
الیکشن کمیشن کے خط کے مطابق خیبر پختونخوا حکومت اس معاملے پر معاونت کرے تاکہ بلدیاتی انتخابات کا انعقاد کیا جا سکے۔