چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی قومی ٹیم کو تین ملکی ٹی ٹوئنٹی سیریز جیتنے پر مبارکباد
اشاعت کی تاریخ: 8th, September 2025 GMT
لاہور (اسپورٹس ڈیسک)چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے تین ملکی ٹی ٹوئنٹی سیریز جیتنے پر قومی ٹیم کو مبارکباد پیش کی ہے۔
محسن نقوی نے کہا کہ یہ ایک نئی اور باصلاحیت ٹیم ہے جو بلا خوف اور جارحانہ انداز میں کرکٹ کھیل رہی ہے۔ ان کے مطابق ہیڈ کوچ مائیک ہیسن کی قیادت میں پاکستان نے اب تک کھیلے گئے 14 میں سے 10 ٹی ٹوئنٹی میچز میں کامیابی حاصل کی ہے، اس لیے کھلاڑیوں اور سلیکٹرز پر مکمل اعتماد رکھنا چاہیے۔
چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ اس جیت نے کھلاڑیوں کا حوصلہ بلند کیا ہے اور امید ہے کہ ایشیا کپ میں بھی ٹیم اسی طرح شاندار کارکردگی دکھائے گی۔ ان کے مطابق تنقید یا تجزیے کے لیے ٹورنامنٹ کے اختتام تک انتظار کرنا بہتر ہوگا، اس وقت کھلاڑی قوم کے اعتماد اور حمایت کے مستحق ہیں۔
محسن نقوی نے خاص طور پر محمد نواز کی ہیٹ ٹرک اور جارحانہ بیٹنگ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ نواز کی آل راؤنڈ کارکردگی شاندار رہی اور ان کی بولنگ نے میچ کا پانسہ پلٹ دیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ قومی ٹیم نے کم اسکور کے باوجود فائنل میں افغانستان کو ہرایا جو کھلاڑیوں کے عزم اور محنت کا ثبوت ہے۔
Post Views: 3.
ذریعہ
ذریعہ: Daily Mumtaz
کلیدی لفظ: محسن نقوی
پڑھیں:
کاوا مینز والی بال چیمپئن شپ: قومی ٹیم نے دوسرے روز بنگلا دیش کو شکست دے دی
کاوا مینز والی بال چیمپئن شپ کے دوسرے روز بھی پاکستان کا جادو سر چڑھ کر بولا، قومی ٹیم نے بنگلادیش کو کسی بھی مرحلے پر سنبھلنے کا موقع نہ دیا اور مسلسل تین سیٹ جیت کر 0-3 سے شاندار فتح اپنے نام کر لی۔
پاکستان نے آغاز سے ہی جارحانہ کھیل پیش کرتے ہوئے پہلا سیٹ 16-25 سے جیتا، دوسرے سیٹ میں بھی سبز ہلالی پرچم بلند رکھا اور 17-25 سے کامیابی سمیٹی۔
تیسرے سیٹ میں بنگلادیش نے بھرپور مزاحمت کی، مگر پاکستانی کھلاڑیوں نے اعتماد اور مہارت کا شاندار مظاہرہ کرتے ہوئے 22-25 سے فتح حاصل کی اور میچ بغیر کوئی سیٹ گنوائے تین صفر سے اپنے نام کر لیا۔
قومی ٹیم کی یہ مسلسل دوسری فتح کاوا چیمپئن شپ میں پاکستان کے مضبوط عزائم کا واضح اعلان ہے جبکہ شاندار کارکردگی نے ٹائٹل کی دوڑ میں پاکستان کو مزید مضبوط امیدوار بنا دیا۔