ورلڈ سنوکر چیمپئن شپ: محمد آصف ایونٹ سے باہر، اعزاز کا دفاع کرنے میں ناکام
اشاعت کی تاریخ: 14th, November 2025 GMT
آئی بی ایس ایف ورلڈ سنوکر چیمپئن شپ میں اعزاز کا دفاع کرنے والے پاکستان کے محمد آصف کوارٹر فائنل میں باہر ہو گئے۔ قطر کے شہر دوحہ میں جاری آئی بی ایس عالمی سنوکر چیمپئن شپ کے پانچویں دن تمام پاکستانی کھلاڑیوں کا سفر تمام ہوا، اپنے اعزاز کا دفاع کرنے کے لئے کوشاں تین مرتبہ کے عالمی چیمپئن محمد آصف کوارٹر فائنل میں پولینڈ کے مائیکل سزوبرکزی سے سخت مقابلے کے بعد 3-4 فریم سے ہار گئے۔ محمد آصف نے پری کوارٹر فائنل میں انتہائی تجربے کار کھلاڑی ایران کے عامر سرکوش کو مات دی تھی، پاکستان کے اسجد اقبال بھی کوارٹر فائنل میں ناکامی سے دوچار ہوئے، ان کو انگلینڈ کے ہاروی چینڈلر نے1-4 فریم سے زیر کیا، اسجد اقبال نے پری کوارٹر فائنل میں ہانگ کانگ کے چاؤ ہون مان کو 1-4 سے شکست دی تھی۔ پاکستان کے عالمی انڈر 17 چیمپئن محمد حسنین اختر اور شاہد اقبال پہلے ہی چیمپئن شپ سے باہر ہو گئے تھے۔ واضح رہے کہ بھارت کے معروف کھلاڑی اور سابق عالمی چیمپئن پنگٹ ایڈوانی بھی پہلے ہی راؤنڈ میں شکست سے ہمکنار ہوئے تھے۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
پڑھیں:
کراچی میں 20ویں عالمی کتب میلہ ،5 لاکھ شائقین کی شرکت متوقع
کراچی(نیوزڈیسک) بیسواں عالمی بک فئیر سجنے کو تیارہے، جس کا آغاز 18 دسمبر سے ہو گا اور یہ پانچ روز تک جاری رہے گا۔
کراچی پریس کلب میں کراچی ورلڈ بک فیئر کے حوالے سے پریس کا نفرنس منعقد کی گئی۔ اس موقع پر چیئرمین پاکستان بک سیلرز ایسو سی ایشن کامران نورانی نے کہا کراچی ایکسپو سینٹر میں 18 سے 22 دسمبر 2025 تک کراچی ورلڈ بک فئیر منعقد کیا جائے گا۔
بین الاقوامی کتب میلے میں تقریباً 3 سو اسٹالز لگائے جائیں گے، پاکستان پبلشرز اینڈ بکس سیلرزایسوسی ایشن سندھ میں پبلشرز اور بکس سیلرز کی با قاعدہ رجسٹرڈ نمائندہ تنظیم ہے۔
کراچی ورلڈ بک فیئر پاکستان کے علمی و ثقافتی منظر نامے کا ایک نمایاں اور روایتی ایونٹ بن چکا ہے، یہ کتب میلہ قارئین، مصنفین اور اداروں کو ایک ہی پلیٹ فارم پر اکٹھا کرے گا تاکہ علم اور کتاب کی اہمیت کو اجاگر کیا جاسکے۔
سیکرٹری جنرل پی پی بی اے اور کنوینر فئیر وقار متین خان نے کہا نمائش اسپیس کا 85 فیصد حصہ بک ہو چکا ہے اور اس سال پانچ لاکھ سے زائد علم و ادب کے متوالے شرکت کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے وزیر اعلیٰ سندھ کو افتتاحی تقریب میں شرکت کی دعوت دی ہے۔ وائس چیئرمین پی پی بی اے ندیم مظہر نے کہا نیشنل بک فاؤنڈیشن اور دیگر سرکاری ادارے کراچی ورلڈ بک فیئر 2025 کی بھر پور حمایت کر رہے ہیں۔
تیاریوں کا عمل نہایت منظم انداز میں جاری ہے اور دسمبر میں ایک بہترین اور دیدہ زیب بک فیئر پیش کیا جائے گا۔
چیئر مین اردو بازار ٹریڈرز ایسوسی ایشن ساجد یوسف نے کہا کہ پاکستان پبلشرز اینڈ بکس سیلرز ایسوسی ایشن کے ساتھ ہمیشہ یکجہتی رہے گی اردو بازار کے کتاب فروشوں کی جانب سے میلے میں بھر پور شرکت کی جائے گی۔