اڈیالہ جیل میں عمران خان سے فیملی و رہنماوں کی ملاقات کا دن، دفعہ 144 نافذ، تعلیمی ادارے بند
اشاعت کی تاریخ: 2nd, December 2025 GMT
راولپنڈی(نیوز ڈیسک)اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی عمران خان سے آج فیملی، وکلاء اور رہنماوں کی ملاقات کا دن ہے جس کے پیش نظر دفعہ 144 نافذ کرتے ہوئے سیکیورٹی سخت کر دی گئی جبکہ اڈیالہ روڈ پر واقع تمام تعلیمی ادارے اور دکانوں کو بند کروا دیا گیا۔
پی ٹی آئی نے 6 وکلاء رہنماوں کی فہرست جیل حکام کو بھیجی ہے۔ فہرست میں چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر خان، سلمان اکرم راجا اور بیرسٹر سلمان صفدر کا نام شامل ہے جبکہ علی زمان، سردار نبی اور طلعت محمود کے نام بھی فہرست میں شامل ہیں۔
بانی پی ٹی آئی کی بہنیں بھی آج ملاقات کے لیے اڈیالہ جیل آئیں گی جبکہ وزیر اعلیٰ کے پی کے سہیل آفریدی کی بھی اڈیالہ جیل آمد متوقع ہے۔ پی ٹی آئی نے تمام اراکین قومی و صوبائی اسمبلی کو بھی اڈیالہ جیل پہنچے کی ہدایت کی ہے۔
دفعہ 144 نافذ و سیکیورٹی سخت
ضلعی انتظامیہ نے راولپنڈی میں 3 دن کے لیے دفعہ 144 نافذ کر دی ہے جس کے تحت کسی بھی سیاسی یا مذہبی اجتماع پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر اڈیالہ جیل کے اطراف سیکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے۔
اڈیالہ جیل روڈ پر اضافی پانچ ناکے قائم کر دیے گئے ہیں، اڈیالہ جیل کے لیے خصوصی سیکیورٹی پلان جاری کر دیا گیا ہے۔
داہگل ناکہ، گیٹ ون، گیٹ پانچ، فیکٹری ناکہ اور گورکھپور پر پولیس کی اضافی نفری تعینات رہے گی جبکہ 12 تھانوں کے ایس ایچ اوز اور خواتین پولیس اہلکار بھی تعینات رہیں گی۔ اڈیالہ جیل کی سیکیورٹی کے لیے 700 سے زائد پولیس اہلکار و افسران تعینات ہوں گے۔
سیکیورٹی پر معمور اہلکار اینٹی رائٹ سامان سے لیس ہوں گے، اڈیالہ جیل کی نفری کو اسٹینڈ بائی پر رکھا جائے گا۔ اڈیالہ جیل روڈ پر چیکنگ کے بعد گاڑیاں کو آگے جانے کی اجازت ہوگی۔
پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے باہمی تعاون سے امن و امان کو یقینی بنائیں گے۔ دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
تعلیمی ادارے بند
گورکھپور اور گردونواح میں موجود تمام نجی تعلیمی ادارے بھی بند کر دیے گئے۔ پولیس نے امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر گورکھپور بازار کے تاجروں کو آج بازار بند رکھنے کی ہدایت کر دی ہے۔
گورکھپور دائیگل ناکے چکری انٹر چینج اڈیالہ روڈ کے مختلف مقامات پر 8 سے زائد ناکے لگائے جائیں گے۔
.ذریعہ: Daily Mumtaz
کلیدی لفظ: تعلیمی ادارے دفعہ 144 نافذ اڈیالہ جیل پی ٹی آئی کے لیے
پڑھیں:
ہمت ہے تو گورنر راج لگا کر دکھائیں: سہیل آفریدی، آج اڈیالہ پر احتجاج
پشاور؍ اسلام آباد ( نیٹ نیوز+ وقائع نگار+اپنے سٹاف رپورٹر سے) وزیراعلیٰ خیبر پی کے سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ صوبے میں پہلے ہی بانی پی ٹی آئی کا راج ہے لہذا کسی اور راج کی ضرورت نہیں۔ اگر ہمت ہے تو گورنر راج لگا کر دکھائیں، ہم کسی سے ڈرتے نہیں ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا سے بات چیت میں کیا۔ سہیل آفریدی نے کہا کہ کمزور اور خصوصی طبقات کے لیے عمران کا جو احساس اور وژن ہے، وہی ہمارا راستہ اور ترجیح ہے، کپتان نے حکم دیا کہ زکوٰۃ فنڈ میں موجود رقوم فوری طور پر مستحقین میں تقسیم کی جائیں، جبکہ ضم اضلاع کے معذور افراد کو بھی معاونتی آلات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ جبکہ وفاق کے ذمے خیبر پی کے کے 3000 ارب روپے سے زائد واجب الادا ہیں، آپ سوچیں اگر وفاق ہمارے بقایاجات ادا کر دے تو ہم کیا کچھ کر سکتے ہیں۔ وفاقی حکومت نے 5300 ارب روپے کی کرپشن کی، لیکن کوئی پوچھنے والا نہیں۔ علاوہ ازیں سہیل آفریدی نے بانی پی ٹی آئی سے ملاقات نہ کرانے کیخلاف آج احتجاج کا اعلان کیا ہے۔ دوسری جانب راولپنڈی اور اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے دفعہ 144 نافذ کردی ہے۔ انتظامیہ نے قرار دیا ہے کہ دفعہ 144 کے تحت کسی بھی قسم کے احتجاج یا جلسے جلوس کی ہرگز اجازت نہیں اور کسی بھی غیر قانونی سرگرمی کے انعقاد پر قانون فی الفور حرکت میں آئے گا۔