سفری دستاویزات والے مسافر کو سفر سے نہ روکا جا رہا، نہ ہی روکا جائے گا: محسن نقوی
اشاعت کی تاریخ: 2nd, December 2025 GMT
---فائل فوٹو
وفاقی وزیرِ داخلہ و نارکوٹکس کنٹرول محسن نقوی کا کہنا ہے کہ وطن کی بدنامی کا باعث بننے والے کسی مسافر کو سفر کی اجازت نہیں دی جا سکتی، سفری دستاویزات والے مسافر کو سفر سے نہ روکا جا رہا اور نہ ہی روکا جائے گا۔
وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے لاہور ایئر پورٹ کا دورہ کیا۔ ڈائریکٹر ایف آئی اے علی ضیاء اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر ان کے ساتھ موجود تھے۔
وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے مسافروں کے امیگریشن کے عمل کا جائزہ لیا اور مسافر کی ٹریول ہسٹری اور شناختی کارڈ کو پاسپورٹس سے جوڑنے کے نظام کا مشاہدہ کیا۔
محسن نقوی نے تیز رفتار سسٹم پر ڈائریکٹر ایف آئی اے اور ان کی ٹیم کی کارکردگی کو سراہا۔
وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے اسلام ایئرپورٹ کا اچانک دورہ کیا، اس دوران انہوں نے ایک ویزا ایجنٹ کے خلاف کارروائی کا حکم دیا۔
اس دوران محسن نقوی بیرونِ ممالک جانے والے مسافروں سے ملے اور اِن سے امیگریشن پراسیس سے متعلق پوچھا۔
محسن نقوی بیرون ممالک سے وطن واپس آنے والے مسافروں کے امیگریشن کاؤنٹرز پر بھی گئے اور مسافروں سے امیگریشن پراسیس کے وقت کے بارے دریافت کیا۔
ایئر پورٹ کی جانب سے جاری کیے گئے اعلامیے کے مطابق مسافروں نے امیگریشن پراسیس پر اطمینان کا اظہار اور ایف آئی اے کے عملے کی تعریف کی۔
مسافروں نے وزیر داخلہ محسن نقوی کو بتایا کہ صرف 2 منٹ میں امیگریشن کا عمل مکمل ہوا، آپ کے ایئرپورٹس کے دوروں سے امیگریشن پراسیس پہلے سے زیادہ بہتر ہوا ہے۔
اس موقع پر محسن نقوی کا کہنا تھا کہ نامکمل یا بوگس دستاویزات کے حامل مسافر کو ہرگز سفر کی اجازت نہیں دی جائے گی، پاکستان کی عزت ہم سب کی عزت ہے۔
.ذریعہ: Jang News
کلیدی لفظ: امیگریشن پراسیس داخلہ محسن نقوی محسن نقوی نے والے مسافر مسافر کو
پڑھیں:
وزیر داخلہ کی اسلام آباد ایئرپورٹ پر نوجوان سے دلچسپ گفتگو کی ویڈیو وائرل
اسلام آباد:وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کے نیو اسلام آباد انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر اچانک دورے کے دوران روزگار کے لیے بیرون ملک جانے والے نوجوان سے دلچسپ گفتگو کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔
وائرل ویڈیو میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی ایئرپورٹ پر روکے جانے والے ایک نوجوان کے متعلق امیگریشن اہلکار سے دریافت کرتے ہیں کہ اسکا کیا معاملہ ہے؟ امیگریشن اہلکار بتاتا ہے کہ نوجوان ورک ویزے پر سعودی عرب جا رہا ہے لیکن ڈرائیونگ لائسنس نہیں۔
ویڈیو میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا مسافر کو سمجھاتے ہوئے شفقت بھرا انداز دیکھا جا سکتا ہے۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے سوال کیا کہ ڈرائیونگ لائسنس کہاں ہے؟ گاڑی چلانی آتی ہے؟ پاکستان میں ڈرائیونگ لائسنس بنوایا؟ مسافر نے جواب دیا کہ گاڑی چلانی آتی ہے لیکن لائسنس نہیں ہے اور نہ ہی بنوایا۔
محسن نقوی نے کہا کہ آپ ڈرائیونگ کی ملازمت کے لیے وہاں جا رہے ہو لیکن ڈرائیونگ لائسنس ہی نہیں ہے، جس نے آپ کو یہ سب کچھ کروا کر دیا اس نے آپ سے صرف پیسے کھائے ہیں۔
وزیر داخلہ نے نوجوان کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ میرا وعدہ ہے آپ کو سعودی عرب بھیجوں گا لیکن پہلے یہاں ڈرائیونگ لائسنس بنواؤ کیونکہ ڈرائیونگ لائسنس کے بغیر وہاں جا کر دھکے کھاؤ گے خراب ہو جاؤ گے، کوئی تمھاری بات نہیں سنے گا۔ ڈرائیور کی نوکری ہے اور لائسنس نہیں، وہاں سعودیہ والوں نے آپ کا اچھی طرح ٹیسٹ و امتحان لینا ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ نے اسٹاف کو نوجوان مسافر کی سیٹ ائیرلائن سے کہہ کر ایک ہفتے آگے کروانے اور نمبر لیکر لائسنس بنوا کر دینے کی ہدایت کر دی۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کے مسافر سے شفقت بھرے انداز کو ایئرپورٹ پر دیگر مسافروں نے بھی سراہا۔