بینن میں فوجی بغاوت کی کوشش ناکام، حکومت نے صورتحال پر دوبارہ قابو پانے کا دعویٰ کردیا
اشاعت کی تاریخ: 7th, December 2025 GMT
مغربی افریقی ملک بینن میں فوجی بغاوت کی کوشش کی گئی، تاہم حکومت نے اعلان کیا ہے کہ ریاستی اداروں نے دوبارہ کنٹرول سنبھال لیا ہے۔
صدارتی دفتر کے مطابق صدر پیٹریس ٹیلون مکمل طور پر محفوظ ہیں اور باقاعدہ فوج نے اہم اداروں پر دوبارہ اپنی رٹ قائم کرلی ہے۔ حکومتی بیان میں کہا گیا کہ بغاوت کی کوشش کرنے والا گروہ انتہائی محدود تعداد میں ہے، جو صرف سرکاری ٹیلی وژن پر قابو پا سکا تھا، جبکہ مجموعی صورتحال حکومت کے کنٹرول میں ہے۔
اس سے قبل ایک فوجی گروہ سرکاری ٹی وی پر نمودار ہوا اور دعویٰ کیا کہ انہوں نے اقتدار سنبھال لیا ہے، سرحدیں بند کردی گئی ہیں اور سیاسی جماعتوں کی سرگرمیاں معطل کردی گئی ہیں۔ گروہ نے یہ بھی اعلان کیا کہ آئین اور تمام ریاستی اداروں کو تحلیل کر دیا گیا ہے اور ملک کو “نئے دور” کی طرف لے جانے کا عزم ظاہر کیا۔
غیر ملکی خبر ایجنسیوں کے مطابق صدر پیٹریس ٹیلون 2016 سے برسراقتدار ہیں، جبکہ ان کی آئینی مدت پوری ہونے پر آئندہ سال اپریل میں صدارتی انتخابات شیڈول ہیں۔
ذریعہ: Daily Mumtaz
پڑھیں:
کراچی: اعلیٰ عدالت کے باہر وکلاء کا پولیس پر تشدد، ملزم کو گرفتاری سے بچانے کی کوشش ناکام
کراچی:اعلیٰ عدالت کے باہر وکلاء ایک مرتبہ پھر پولیس پر سرعام برس پڑے، انسپکٹر اور اہلکاروں پر گھونسوں اور لاتوں کی بارش کردی۔
واقعہ گزشتہ روز پیش آیا تھا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی، وکلا پولیس اہلکار پر تشدد کرتے ہوئے دور تک لے گئے۔
پولیس کے مطابق ٹھٹھہ پولیس کی ٹیم گزشتہ روز اشتہاری ملزمان کی گرفتاری کیلئے کورٹ کے باہر پہنچی تھی، پولیس کے آنے کی اطلاع ملزم کے رشتے داروں کو مل گئی جس پر انہوں نے کیس کے وکلا کو پولیس کے آنے کے بارے میں بتایا۔
اشتہاری ملزم کی گرفتاری کے لیے ٹھٹھہ پولیس کی عدالت کے باہر موجودگی کی اطلاع پر وکلا مشتعل ہوگئے۔
وکلاء نے پولیس اہلکاروں کو ہائی کورٹ میں داخل ہونے سے نہ صرف روکا بلکہ ان کی لاتوں گھونسوں سے تواضع کی۔
تاہم پولیس بھی اپنے فرائض سے پیچھے نہیں ہٹی اور ملزمان کی ضمانت منسوخ ہونے پر ہائی کورٹ کے باہر سے ملزمان کو گرفتار کرکے اپنے ساتھ لے گئی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی فوٹیج انہیں مل گئی، تحقیقات کر رہے ہیں، ملوث افراد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔