پاکستان میں شفافیت میں اضافہ، کرپشن کم، معیشت ترقی کر رہی: ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل
اشاعت کی تاریخ: 9th, December 2025 GMT
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن) ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کا کہنا ہے کہ پاکستان میں شفافیت میں اضافہ اور کرپشن میں کمی ہوئی، ملکی معیشت زبوں حالی سے استحکام اور ترقی کی طرف گامزن ہے۔
نجی ٹی وی چینل دنیا نیوز کے مطابق ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل نے این سی پی ایس 2025ء کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق 66 فیصد پاکستانیوں نے بتایا انہیں کسی سرکاری کام کیلئے رشوت نہیں دینی پڑی، حکومت نے آئی ایم ایف سے معاہدہ کرکے معیشت کو مستحکم کیا۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ سے نکلنا بھی معاشی استحکام کا سبب بنا، پولیس کے حوالے سے عوامی رائے میں مثبت رجحان دیکھنے میں آیا، یہ بہتری پولیس کے رویے اور سروس ڈلیوری کی عکاس ہے۔
ایڈیشنل سیشن جج کے چیمبر سے 2سیب اور ہینڈ واش چوری، مقدمہ درج
رپورٹ کے مطابق تعلیم، زمین و جائیداد اور ٹیکسیشن سے متعلق عوامی تاثر میں بھی بہتری آئی ہے، این سی پی ایس پاکستان میں بد عنوانی کا تاثر جانچنے کا پیمانہ ہے۔
ذریعہ: Daily Pakistan
پڑھیں:
کرپشن اداروں کو کمزور اور عوام کے اعتماد کو متاثر کرتی ہے: صدرِ مملکت
اسلام آباد(ویب ڈیسک) صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے بین الاقوامی یومِ انسدادِ بدعنوانی کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ بدعنوانی کے خلاف جدوجہد پوری قوم کی مشترکہ ذمہ داری ہے کیونکہ کرپشن اداروں کو کمزور اور عوام کے اعتماد کو متاثر کرتی ہے۔
صدر مملکت نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ نے 2003 میں انسدادِ بدعنوانی کا دن مقرر کیا جس کا مقصد معاشروں کو شفافیت اور قانون کی بالادستی کی طرف لے جانا ہے، کرپشن ترقی کی رفتار کو سست اور قانون کی حکمرانی کو کمزور کرتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے وقت کے ساتھ اپنے احتسابی نظام کو بہتر بنایا ہے، اختیارات کے غلط استعمال اور مالی بے ضابطگیوں کے متعدد کیسز میں رقوم واپس لی گئیں جبکہ متاثرہ شہریوں اور اداروں کو ریلیف اور اثاثے واپس کیے گئے۔
صدر مملکت نے کہا ہے کہ احتسابی اداروں کو سیاسی وابستگیوں سے بالاتر رہ کر کام کرنا ہوگا کیونکہ شفاف طریقہ کار اور قانون کی عملداری ہی اداروں کی ساکھ کو مضبوط بناتی ہے۔
آصف علی زرداری نے مزید کہا ہے کہ عوام کا اعتماد شفافیت اور پیشہ ورانہ معیار سے ہی بڑھتا ہے، تمام شہریوں کو ایمانداری اور اچھی حکمرانی کے عزم کو مضبوط کرنا چاہیے کیونکہ دیانت داری اداروں کو مضبوط اور قومی استحکام میں مدد دیتی ہے۔
صدر مملکت نے اپنے پیغام میں شفافیت اور احتساب کے لیے کام کرنے والی تنظیموں کی کامیابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا ہے۔