کوئٹہ‘زیارت ‘دیر‘ چترال‘ جنوبی وزیرستان میں بارش‘ پہاڑوں پر برفباری,کراچی میں مطلع ابرآلود
اشاعت کی تاریخ: 31st, December 2025 GMT
data-id="863a0a8" data-element_type="widget" data-widget_type="theme-post-content.default">
251231-01-17
کوئٹہ/کراچی (نمائندہ جسارت+اسٹاف رپورٹر) کوئٹہ‘زیارت ‘دیر‘ چترال‘ جنوبی وزیرستان میں بارش جب کہ پہاڑوں پر برفباری کا سلسلہ شروع ہوگیا۔کراچی میں مطلع ابرآلود ہے، مختلف علاقوں میں رات گئے بوندا باندی بھی ہوئی ہے، وادی کمراٹ، جہاز بانڈہ، باڈگوائی، لواری ٹنل، کلپانی، شاہی اور بن شاہی پر برف باری کا سلسلہ جاری ہے۔بارش اور برفباری سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا، بارش و برف باری شروع ہوتے ہی شہریوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔ بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بارش جبکہ زیارت سمیت پہاڑی علاقوں پر برفباری سے موسم مزید سرد ہوگیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بلوچستان کے متعدد علاقوں میں آج بارش جبکہ پہاڑی علاقوں میں برفباری کا امکان ہے۔زیارت اور گردونواح میں برفباری کا سلسلہ جاری ہے، جہاں پہاڑوں نے سفید چادر اوڑھ لی ہے۔ اسی طرح چمن کے علاقے توبہ اچکزئی میں بھی وقفے وقفے سے برفباری ہو رہی ہے جس سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے۔ کوئٹہ اور اس کے اطراف کے علاقوں کے علاوہ مستونگ، قلات، بولان، پشین اور نوشکی میں بھی بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ گوادر، جیوانی، لسبیلہ، کیچ، چاغی، قلعہ عبداللہ، دکی، لورالائی، حب اور دیگر علاقوں میں بھی وقفے وقفے سے بارش کی اطلاعات ہیں۔محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کے داخل ہونے کے بعد صوبے کے بیشتر اضلاع میں 31 دسمبر تک بارش، تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ طوفانی کیفیت کا امکان ہے جب کہ پہاڑی علاقوں میں مزید برفباری بھی متوقع ہے۔ممکنہ برفباری کے پیش نظر نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) نے قومی شاہراہوں پر 18 کیمپس قائم کردیے ہیں۔ این ایچ اے حکام کے مطابق برف ہٹانے کے لیے مشینری اور تربیت یافتہ عملہ کیمپس میں موجود ہے۔ عوام کو بارش اور برفباری کے دوران احتیاط برتنے اور اوور اسپیڈنگ سے گریز کی ہدایت کی گئی ہے۔چمن میں گزشتہ شب سے بارش کے باعث نشیبی علاقے زیرِ آب آ گئے جبکہ بعض علاقوں میں بارش کا پانی گھروں میں داخل ہوگیا۔ مقامی ذرائع کے مطابق گلدارہ باغیچہ میں گھروں کی دیواریں گرنے کی اطلاعات بھی موصول ہوئی ہیں۔زیارت، کوئٹہ اور چمن شاہراہ کوڑک ٹاپ پر برفباری کے باعث سڑک پر پھسلن پیدا ہوگئی ہے، تاہم این ایچ اے اور پی ڈی ایم اے کے اہلکار مشینری کے ذریعے سڑکوں سے برف ہٹانے میں مصروف ہیں۔
ذریعہ
ذریعہ: Jasarat News
کلیدی لفظ: علاقوں میں کا سلسلہ کے مطابق
پڑھیں:
کوئٹہ، سرکاری دفاتر میں ایجنٹس کیخلاف ایف آئی اے کی کارروائی، 14 افراد گرفتار
ڈائریکٹر ایف آئی اے بلوچستان کے مطابق ملزمان مبینہ طور پر برتھ سرٹیفکیٹس، قومی شناختی کارڈز، پاسپورٹس اور دیگر سرکاری دستاویزات کے حصول کیلئے غیر قانونی طریقے سے سہولت فراہم کرتے اور شہریوں سے رقوم وصول کرتے تھے۔ اسلام ٹائمز۔ وفاقی تحقیقات ادارے ایف آئی ای نے کوئٹہ شہر میں مختلف وفاقی اداروں کے مبینہ ایجنٹس کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 14 افراد کو گرفتار کرلیا ہے۔ ڈائریکٹر ایف آئی اے بلوچستان بہرام مندوخیل کے مطابق کارروائی کے دوران نادرا، سوئی سدرن گیس کمپنی، پاسپورٹ آفس اور میٹروپولیٹن کارپوریشن سے متعلق مبینہ ایجنٹس کو حراست میں لیا گیا ہے، جو شہریوں کو مختلف سرکاری امور میں غیر قانونی سہولت کاری فراہم کرنے میں ملوث تھے۔ انہوں نے بتایا کہ گرفتار ملزمان مبینہ طور پر برتھ سرٹیفکیٹس، قومی شناختی کارڈز، پاسپورٹس اور دیگر سرکاری دستاویزات کے حصول کے لئے غیر قانونی طریقے سے سہولت فراہم کرتے اور شہریوں سے رقوم وصول کرتے تھے۔
ڈائریکٹر ایف آئی اے نے کہا کہ گرفتار ملزمان سے تفتیش جاری ہے اور ابتدائی تحقیقات کی روشنی میں ان کے نیٹ ورک میں شامل دیگر افراد کی نشاندہی کی جا رہی ہے۔ امید ہے کہ مزید گرفتاریاں بھی عمل میں آئیں گی۔ بہرام مندوخیل نے کہا کہ ایف آئی اے سرکاری اداروں میں بدعنوانی، جعلسازی اور غیر قانونی سہولت کاری کے خاتمے کے لئے کارروائیاں جاری رکھے گی اور قانون شکنی میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے گی۔