بجلی کی قیمت میں کمی کیلیے نیپرا میں عوامی سماعت مکمل
اشاعت کی تاریخ: 31st, December 2025 GMT
اسلام آباد:
نیپرا ہیڈ کوارٹر میں ڈسکوز کے نومبر 2025 کے ماہانہ فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ (ایف سی اے) کے حوالے سے عوامی سماعت مکمل ہوگئی۔
سماعت چیئرمین نیپرا کی زیر صدارت ہوئی، جس میں سی پی پی اے جی کے عہدے دار، بزنس کمیونٹی کے نمائندے، وزارت توانائی کے نمائندگان، صحافی حضرات اور عوام نے بھرپور شرکت کی۔
سی پی پی اے جی نے ایف سی اے کی مد میں تقریباً 72 پیسے فی یونٹ کمی کی درخواست نیپرا میں جمع کروائی تھی۔
نیپرا کے مطابق یہ کمی صرف ایک ماہ کے لیے نافذ ہوگی اور اس کا اطلاق ڈسکوز بشمول کے الیکٹرک کے تمام صارفین ماسوائے لائف لائن ،پروٹیکٹڈ صارفین ،پری پیڈ صارفین اور الیکٹرک وہیکل چارجنگ اسٹیشنز پر ہوگا۔
نیپرا کی جانب سے تمام متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کی آراء کو تسلی سے سنا گیا اور اب مزید ڈیٹا کی جانچ پڑتال کے بعد نیپرا اتھارٹی اپنا تفصیلی فیصلہ جاری کرے گی۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Express News
پڑھیں:
موبائل کال اور انٹرنیٹ پیکجز مہنگے، صارفین پر نیا مالی بوجھ
اسلام آباد: موبائل انٹرنیٹ پیکجز مہنگے ہونے سے ملک بھر کے لاکھوں موبائل صارفین کو اضافی اخراجات کا سامنا کرنا پڑے گا۔ پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کی جانب سے جاری کردہ تازہ تفصیلات کے مطابق مختلف موبائل کمپنیوں کے متعدد کال، ہائبرڈ اور ڈیٹا پیکجز کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ کیا گیا ہے۔
پی ٹی اے کے مطابق مختلف موبائل آپریٹرز کے 15 مقبول ہائبرڈ اور ڈیٹا اونلی پیکجز کی قیمتوں میں 33 فیصد تک اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے بعد صارفین کو پہلے کے مقابلے میں زیادہ رقم ادا کرنا ہوگی۔
جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق ماہانہ کال اور ڈیٹا پیکجز کی قیمتوں میں 500 روپے تک اضافہ کیا گیا ہے، جبکہ 15 روزہ پیکجز اب 300 روپے تک مہنگے ہو گئے ہیں۔
اسی طرح ہفتہ وار ہائبرڈ پیکجز کی قیمت میں 130 روپے تک اضافہ کیا گیا ہے، جبکہ تین روزہ پیکجز 21 روپے، دو روزہ پیکجز 20 روپے اور ایک روزہ ہائبرڈ پیکجز 5 روپے تک مہنگے کر دیے گئے ہیں۔
پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ صارفین کی سہولت کے لیے تمام نئی ٹیرف تفصیلات ادارے کی ویب سائٹ پر جاری کر دی گئی ہیں، جہاں مختلف موبائل کمپنیوں کے کال اور انٹرنیٹ پیکجز، ان کی مدت، قیمت اور دستیاب سہولیات کا بآسانی موازنہ کیا جا سکتا ہے۔
اتھارٹی کے مطابق اس اقدام کا مقصد ٹیلی کام شعبے میں شفافیت کو فروغ دینا اور صارفین کو مختلف موبائل کمپنیوں کے پیکجز سے متعلق درست اور مکمل معلومات فراہم کرنا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ موبائل اور انٹرنیٹ خدمات کی قیمتوں میں اضافے سے طلبہ، فری لانسرز، آن لائن کاروبار کرنے والے افراد اور روزمرہ انٹرنیٹ استعمال کرنے والے صارفین کے ماہانہ اخراجات میں مزید اضافہ ہوگا۔