پی ٹی آئی ارکان کے اسپیکر سے رابطے کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں، عامر ڈوگر
اشاعت کی تاریخ: 5th, January 2026 GMT
عامر ڈوگر: فائل فوٹو
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیف وہپ عامر ڈوگر کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کے ارکان کی جانب سے اسپیکر سے رابطے کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے۔
جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے عامر ڈوگر نے کہا کہ میری ابھی اسپیکر سے ملاقات ہوئی اور ہم نے اپنا سابقہ مطالبہ دہرایا، ہم نے اسپیکر کو کہا آپ کے تمام اعتراضات دور کردیے اب اپوزیشن لیڈر لگایا جائے، بتایا کہ عمر ایوب کے جو مقدمات زیر سماعت تھے وہ واپس لیے ہیں۔
عامر ڈوگر نے کہا کہ ہم نے واضح کیا کہ محمود خان اچکزئی کا نام بانی پی ٹی آئی نے اور پارٹی نے دیا ہے، اسپیکر جو خط لکھ دیتے ہیں اس کا جواب ہم دیتے ہیں، خطوط کے درمیان اپوزیشن لیڈر تعیناتی کا عمل رکا ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی ارکان کو بلا کر دستخط چیک کرنے کا معاملہ جب سامنے آیا تو دیکھا جائے گا، تحریک انصاف کے ارکان اسمبلی ہر طرح کی شناخت کروانے کے لیے تیار ہیں، تحریک انصاف کے ارکان اسمبلی ہر طرح کے عمل کا حصہ بننے کے لیے تیار ہیں۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Jang News
کلیدی لفظ: عامر ڈوگر پی ٹی آئی
پڑھیں:
حیسکو میں ایک ارب 6 کروڑ سے زائد کی کرپشن کا انکشاف
حیدرآباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (حیسکو) میں تنخواہوں اور الاؤنسز کی مد میں ایک ارب 6 کروڑ سے زائد کرپشن کا انکشاف ہوا ہے۔
قومی اسمبلی کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے اجلاس میں آڈٹ حکام نے انکشاف کیا کہ حیسکو میں گھوسٹ ملازمین، ڈبل تنخواہوں کے ذریعے قومی خزانے کو نقصان پہنچایا گیا اور وفاقی تحقیقاتی ادارہ (ایف آئی اے)99 کروڑ 62 لاکھ کی مبینہ کرپشن کی تحقیقات کر رہا ہے۔
آڈٹ حکام نے مزید انکشاف کیا کہ حیسکو کی اندرونی انکوائری میں مزید 6 کروڑ 78 لاکھ روپے کی مشتبہ ادائیگیاں ہوئی ہیں۔
چیئرمین کمیٹی شاہدہ اختر کی زیرصدارت اجلاس میں ایف آئی اے حکام نے بتایا کہ اس معاملے میں ایف آئی آرز کی تعداد 5 ہوگئی تھی، 151 ملزمان تھے جن میں سے 14 کو گرفتار کیا گیا جبکہ دیگر ضمانت پر ہیں، ایک ارب روپے میں سے 13 کروڑ روپے کی ریکوری ہوئی ہے۔
رکن کمیٹی قاسم نون نے کہا کہ 13 کروڑ روپے کچھ بھی نہیں ہیں، سخت ایکشن لیا جائے، سید امین الحق نے کہا کہ گھوسٹ ملازمین کی تصدیق بھی کی گئی کہ وہ موجود ہیں۔
سینیٹر افنان اللہ خان نے کہا کہ وزارت کو چاہیے کہ وہ مداخلت کرے اور ذمہ داران کا تعین کرے۔
چیئرمین کمیٹی شاہد اختر نے کہا کہ یہ تو آڈٹ نے نشان دہی کر دی ہے، لگتا ہے کہ پاور ڈویژن کا کوئی چیک اینڈ بیلنس نہیں ہے، جس پر سی ای او حیسکو نے بتایا کہ 756 ملین روپے کی ذمہ داری بھی فکس ہو چکی ہے۔
شاہدہ اختر نے کہا کہ عدالت کے حکم تک یہ آڈٹ پیرا زیر التوا رہے گا، رکن کمیٹی سید حسین طارق نے سوال کیا کہ حیسکو میں بائیو میٹرک سسٹم کیوں نہیں ہے۔
پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) کی رکن شازیہ مری نے کہا کہ ہم ڈسکوز کو یہاں کمنٹس کے لیے نہیں احتساب کے لیے بلاتے ہیں، یہ لوگوں کو چور کہتے ہیں اور اپنی پرفارمنس کے گیت گاتے نہیں تھکتے۔
پبلک اکاؤنٹس کمیٹی نے ہدایت کی کہ 13 کروڑ روپے کی ریکوری کی آڈٹ سے تصدیق کرائی جائے، جو ریکوری رہ گئی ہے وہ معاملہ زیر التوا رہے گا۔