پیپلز پارٹی جمہوری جماعت‘ مسائل کے حل کیلئے آواز اٹھاتی رہے گی: گورنر سلیم حیدر
اشاعت کی تاریخ: 6th, January 2026 GMT
لاہور (نیوز رپورٹر) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی عوام کے مسائل کے حل کے لئے آواز بلند کرتی رہے گی۔پیپلزپارٹی کی قیادت نے سب سے زیادہ قید و بند کی صعوبتیں برداشت کی ہیں۔ پیپلز پارٹی پنجاب میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں بھر پور حصہ لے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے راولپنڈی میں کھلی کچہری میں لوگوں کے مسائل سننے کے دوران کیا۔ گورنر نے کہا کہ عوام میں رہنا اور لوگوں کے مسائل کے حل کیلئے آواز بلند کرتے رہنا صرف پیپلز پارٹی کا منشور ہے۔ پیپلز پارٹی ایک جمہوری سیاسی جماعت ہے جس نے عوامی خدمت کا بیڑا اٹھا رکھا ہے۔ دریں اثناءگورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے شہید ذوالفقار علی بھٹو کی 98ویں یوم پیدائش پر انہیں خراج عقید ت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو ایک فرد نہیں بلکہ ایک نظریہ کا نام ہے جو ہمیشہ زندہ رہے گا۔ سلیم حیدر خان نے کشمیری عوام کے حق خود ارادیت کے موقع پر اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ اقوام متحدہ کی 5 جنوری 1949ءکی قرارداد مقبوضہ جموں و کشمیر میں آزادانہ اور منصفانہ استصواب رائے کی ضمانت دیتی ہے۔ بھارت ظلم اور جارحیت سے کشمیریوں کو جائز حق خود ارادیت کی آواز دبانا چاہتا ہے۔ انشاءاللہ کشمیریوں کی جدوجہد ضرور رنگ لائے گی اور بھارت کے ناجائز تسلط سے انہیںآزادی ملے گی۔ مزید برآں گورنر نے جامعہ اشرفیہ کے سرپرست اعلیٰ حافظ فضل الرحیم اشرفی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Nawaiwaqt
پڑھیں:
عوامی مسائل کے حل میں تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی، ضیاء الحسن لنجار
وزیر داخلہ سندھ نے کہا کہ عوامی خدمت، فوری انصاف، مؤثر گورننس اور شفاف احتساب کے ذریعے وزیراعلیٰ سندھ کے عوام دوست وڑن کو مزید مضبوط بنایا جائے گا، جبکہ تمام متعلقہ محکمے شہریوں کے مسائل کے بروقت، پائیدار اور مؤثر حل کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری دیانت داری اور پیشہ ورانہ انداز میں ادا کریں گے۔ اسلام ٹائمز۔ وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار نے وزیراعلیٰ سندھ کے مرکزی شکایات سینٹر کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے ٹیلیفون پر شہریوں کی شکایات اور مسائل براہِ راست سنے اور مختلف سرکاری محکموں سے متعلق موصول ہونے والی درخواستوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر متعلقہ افسران کو شکایات کے فوری، شفاف اور مؤثر ازالے کے لیے ضروری ہدایات بھی جاری کی گئیں۔ وزیر داخلہ سندھ نے کہا کہ عوامی مسائل کے حل میں غیر ضروری تاخیر کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور تمام متعلقہ ادارے مقررہ مدت کے اندر شکایات کے ازالے کو یقینی بناتے ہوئے اپنی تعمیلی رپورٹس پیش کریں۔ انہوں نے واضح کیا کہ شہریوں کو بروقت ریلیف کی فراہمی حکومت سندھ کی اولین ترجیح ہے اور ہر جائز شکایت پر فوری، منصفانہ اور مؤثر کارروائی کی جائے گی۔
ضیاء الحسن لنجار نے کہا کہ شہریوں کو سرکاری دفاتر کے چکر لگانے پر مجبور کرنے کے بجائے ریاستی اداروں کی ذمہ داری ہے کہ وہ عوام کے مسائل ان کی دہلیز پر حل کریں۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ درخواست گزاروں کو ہر شکایت پر ہونے والی عملی پیش رفت سے باقاعدگی سے آگاہ رکھا جائے تاکہ عوام اور سرکاری اداروں کے درمیان اعتماد کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ شکایات کے ازالے میں غفلت، لاپرواہی یا غیر ذمہ دارانہ رویہ اختیار کرنے والے افسران کے خلاف قانون اور قواعد کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ عوامی خدمت صرف ایک انتظامی ذمہ داری نہیں بلکہ حکومت کی بنیادی ترجیح ہے، جس کے لیے تمام متعلقہ محکموں کو جوابدہی اور اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔