ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر کی ریاض میں سعودی عسکری افسران سے اہم ملاقاتیں
اشاعت کی تاریخ: 7th, January 2026 GMT
ریاض(نیوز ڈیسک)پاک فضائیہ کے چیف آف ائیر سٹاف، ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر نے سعودی عرب پہنچنے کے بعد سعودی چیف آف جنرل سٹاف، لیفٹیننٹ جنرل فیاض الرویلی سے ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے عسکری تعلقات سمیت دیگر اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران سعودی چیف آف سٹاف لیفٹیننٹ جنرل فیاض الرویلی نے ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر کا گرم جوشی سے استقبال کیا۔
دونوں رہنماؤں نے پاک سعودی عسکری تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کی ضرورت پر زور دیا اور علاقائی سیکیورٹی سمیت مختلف مشترکہ چیلنجز پر بات کی۔
اس موقع پر ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر نے سعودی فضائیہ کے کمانڈر، لیفٹیننٹ جنرل ترکی بن بندر بن عبدالعزیز سے بھی ملاقات کی، جس میں دونوں فضائی افواج کے درمیان دو طرفہ تعاون کو مزید بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔
ملاقات میں سعودی عرب اور پاکستان کے دیگر عسکری افسران بھی شریک تھے، جنہوں نے دونوں ممالک کے دفاعی تعاون کو فروغ دینے کے لیے مختلف منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Daily Mumtaz
کلیدی لفظ: ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر
پڑھیں:
فیلڈ مارشل عاصم منیر کا بلوچستان میں پائیدار امن کے عزم کا اعادہ
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے عوام کی بھرپور حمایت سے بلوچستان میں دیرپا امن کے قیام کے لیے پرعزم ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ دہشت گردی اور اس کے سہولت کاروں کے خلاف کارروائیاں اپنے منطقی انجام تک جاری رہیں گی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 20ویں نیشنل ورکشاپ بلوچستان کے شرکاء نے جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) کا دورہ کیا، جہاں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے قومی اتحاد، استحکام اور ثابت قدمی کی اہمیت پر زور دیا۔
فیلڈ مارشل نے کہا کہ بلوچستان پاکستان کا فخر ہے اور یہ صوبہ قدرتی وسائل سے مالا مال ہے۔ ان کے مطابق بلوچستان کے محب وطن، باصلاحیت، باہمت اور ثابت قدم عوام ہی اس صوبے کا سب سے قیمتی سرمایہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی جانب سے بلوچستان میں جاری ترقیاتی منصوبوں کا مقصد صوبے کی سماجی اور معاشی ترقی کو یقینی بنانا، عوام کے معیارِ زندگی کو بہتر بنانا اور خوشحالی کے نئے مواقع پیدا کرنا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل نے کہا کہ سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے عوام کے تعاون سے بلوچستان میں امن و امان کے قیام کے لیے بھرپور کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں اور ان کی یہی مشترکہ کاوشیں صوبے میں پائیدار امن کی بنیاد بنیں گی۔
انہوں نے اس موقع پر کہا کہ فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے خلاف ٹارگٹڈ آپریشنز پوری قوت کے ساتھ جاری رہیں گے اور یہ کارروائیاں دہشت گردی اور اس کے سہولت کاروں کے مکمل خاتمے تک بلا تعطل جاری رہیں گی۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کی مسلح افواج عوام کے اتحاد، عزم اور ثابت قدمی کی بدولت ہر قسم کے مذموم عزائم کو ناکام بنائیں گی اور ملکی سلامتی، خودمختاری اور استحکام کے تحفظ کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری کرتی رہیں گی۔