data-id="863a0a8" data-element_type="widget" data-widget_type="theme-post-content.default">

اسلام آباد : وزیراعظم شہباز شریف نے رمضان المبارک میں عوام دوست امدادی پیکیج تیار کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت رمضان المبارک کے لیے مجوزہ وفاقی رمضان پیکیج اور گزشتہ سال کے پیکیج کی تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن کے حوالے سے ایک اہم جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں وزیراعظم نے آنے والے رمضان کے لیے عوام بالخصوص غریب اور سفید پوش طبقے کے لیے زیادہ مؤثر، شفاف اور سودمند پیکیج تیار کرنے کی واضح ہدایات جاری کیں۔

اجلاس میں وزیراعظم نے گزشتہ سال کے رمضان پیکیج پر مستند عالمی آڈٹ ادارے کی جانب سے دی گئی رپورٹ کو سراہتے ہوئے کہا کہ شفافیت اور مؤثر نگرانی حکومت کی پالیسی کا بنیادی ستون ہے۔

وزیراعظم نے اجلاس سے خطاب میں کہا کہ گزشتہ سال وفاقی حکومت نے رمضان پیکیج کے ذریعے غریب عوام کو ارزاں نرخوں پر اشیائے خور و نوش کی فراہمی کے لیے ایک نیا اور شفاف نظام متعارف کرایا، جس کے مثبت نتائج سامنے آئے۔ انہوں نے کہا کہ دہائیوں سے یوٹیلٹی اسٹورز کے ذریعے مالی بے ضابطگیوں، بدنظمی اور مستحق افراد کے استحصال کا جو نظام چلا آ رہا تھا، اسے موجودہ حکومت نے مرحلہ وار شفاف اور منظم ڈھانچے میں تبدیل کیا ہے، جس سے حقیقی مستحقین کو فائدہ پہنچا۔

وزیراعظم نے تمام متعلقہ وزارتوں اور اداروں کو ہدایت دی کہ آئندہ رمضان المبارک کے لیے پچھلے سال سے بھی زیادہ بہتر، جامع اور مؤثر پیکیج تیار کیا جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ غریب اور سفید پوش خاندانوں کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔ انہوں نے واضح کیا کہ یوٹیلٹی اسٹورز میں بدعنوانی کے باعث ماضی میں مستحق افراد اپنے حق سے محروم رہے، اس لیے حکومت کی اولین ترجیح یہ ہے کہ سماجی تحفظ اور مالی معاونت کے تمام اقدامات مکمل شفافیت کے ساتھ کیے جائیں۔

اجلاس میں وزیراعظم نے اس بات پر بھی زور دیا کہ رمضان پیکیج کے تحت امدادی رقوم کی تقسیم ڈیجیٹل والٹس کے ذریعے کی جائے تاکہ مستحق افراد کی عزتِ نفس مجروح نہ ہو اور انہیں کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل والٹس کے ذریعے رقوم کی فراہمی نہ صرف شفافیت کو یقینی بنائے گی بلکہ کیش لیس معیشت کے فروغ میں بھی ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگی۔ وزیراعظم نے اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی شمولیت کو بھی خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے رمضان پیکیج کی تقسیم مزید مؤثر ہو سکے گی۔

وزیراعظم نے متعلقہ اداروں کو خصوصی ہدایت دی کہ امدادی رقوم کے دائرہ کار کو زیادہ سے زیادہ وسیع کیا جائے تاکہ زیادہ مستحق خاندان اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں۔ انہوں نے اس مقصد کے لیے جامع حکمت عملی، عملی اقدامات اور سفارشات جلد پیش کرنے کی ہدایت دی، جبکہ مؤثر نگرانی کے لیے ڈیجیٹل ڈیش بورڈ اور منظم مانیٹرنگ سسٹم وضع کرنے پر بھی زور دیا۔

اجلاس میں دی گئی بریفنگ میں بتایا گیا کہ گزشتہ سال رمضان پیکیج کی تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن عالمی شہرت یافتہ آڈٹ فرم نے کی، جس نے حکومتی پیکیج کو شفاف اور مؤثر قرار دیا۔ بریفنگ میں یہ بھی آگاہ کیا گیا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت سوشل پروٹیکشن والٹ نظام متعارف کرایا جا رہا ہے، جس کے ذریعے مستحق افراد کو مفت سمز فراہم کی جا رہی ہیں، اور مارچ 2026 سے تمام امدادی رقوم انہی سمز کے ذریعے ڈیجیٹل طور پر تقسیم کی جائیں گی۔

اجلاس میں وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ، وفاقی وزیر تخفیف غربت سید عمران احمد شاہ، وفاقی وزیر قومی تحفظ خوراک رانا تنویر حسین، وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی شزا فاطمہ خواجہ، وزیراعظم کے معاون خصوصی ہارون اختر، چیئرمین نادرا، چیئرمین پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی اور دیگر اعلیٰ سرکاری حکام نے شرکت کی۔

.

ذریعہ

ذریعہ: Jasarat News

کلیدی لفظ: رمضان المبارک رمضان پیکیج مستحق افراد پیکیج تیار وفاقی وزیر گزشتہ سال اجلاس میں کے ذریعے انہوں نے کرنے کی کے لیے کہا کہ

پڑھیں:

دہشتگردی کے خاتمے تک فتنۃ الخوارج و فتنۃ الہندوستان کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی، فیلڈ مارشل

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) سے جاری بیان کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں 20ویں نیشنل ورکشاپ بلوچستان کے شرکا سے خطاب کیا اور کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے تک فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔

انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مسلسل کوششیں، عوام کی غیرمتزلزل حمایت کے ساتھ بلوچستان میں پائیدار امن کے قیام کو یقینی بنائیں گی۔

فیلڈ مارشل نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے خلاف کارروائیاں دہشت گردی اور اس کے سہولت کاروں کے مکمل خاتمے تک پوری قوت کے ساتھ جاری رہیں گی، پاکستان میں جہاں بھی دہشت گردوں کا انفرا اسٹرکچر ملکی سلامتی کے لیے خطرہ بنے گا، اسے ختم کرنے کے لیے اپنے غیرمتزلزل عزم پر قائم ہے۔

انہوں نے کہا کہ بیرونی سرپرستی میں کام کرنے والے پراکسی عناصر مسلسل بلوچستان میں بدامنی، عدم استحکام اور امن کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں تاہم مسلح افواج عوام کی یک جہتی اور ثابت قدمی کے ساتھ ان مذموم عزائم کو ناکام بنائیں گی۔

فیلڈ مارشل عاصم منیر نے بلوچستان کو پاکستان کا فخر قرار دیا اور کہا کہ یہ صوبہ بے پناہ قدرتی وسائل، محب وطن، باصلاحیت اور باہمت عوام سے مالا مال ہے، جو بلوچستان کی اصل طاقت ہیں۔

فیلڈ مارشل نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں بلوچستان کی سماجی و معاشی ترقی کے لیے عوام دوست اور جامع منصوبوں پر عمل پیرا ہیں، جن کا مقصد صوبے کی تقدیر بدلنا ہے۔

انہوں نے قومی یک جہتی کے فروغ میں سول سوسائٹی، جامعات، میڈیا اور نوجوانوں کے مثبت کردار کو سراہا اور کہا کہ ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے اور روشن مستقبل کی بنیاد رکھنے کے لیے قومی اتحاد، استقلال اور مشترکہ کوششیں ناگزیر ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق جی ایچ کیو میں تقریب کے اختتام پر شرکا کے ساتھ تفصیلی سوال و جواب کا سیشن بھی منعقد ہوا، جس میں شرکا نے پاکستان کے استحکام، ترقی، امن اور خودمختاری کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔

 

متعلقہ مضامین

  • پاسدارانِ انقلاب کی دھمکی پر برطانیہ کا بھی سخت ردعمل آگیا
  • عطاء اللّٰہ خان عیسیٰ خیلوی کا اپنی قبر تیار کرنے کا انکشاف
  • دفتری نظم و ضبط کی پابندی کی ہدایت ،نیاسرکلرجاری
  • ضم اضلاع کیلئے ٹیکس استثنیٰ بحال کریں: گورنر خیبر پی کے کا وزیراعظم کو خط
  • ایران عرب ممالک پر نہیں بلکہ شیطانی اور دہشتگردی کے اڈوں پر حملے کر رہا ہے، علامہ رمضان توقیر
  • گورنر خیبر پختونخوا کی وزیراعظم سے ضم شدہ اضلاع کیلئے ٹیکس استثنیٰ بحال کرنے کی درخواست
  • جاپان نے شدید گرمی سے بچاؤ کے لیے ‘انسانی ریفریجریٹر’ تیار کرلیا
  • وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ کا مون سون کے پیش نظر انتظامیہ کو الرٹ رہنے کا حکم
  • عوامی مسائل کے حل میں تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی، ضیاء الحسن لنجار
  • دہشتگردی کے خاتمے تک فتنۃ الخوارج و فتنۃ الہندوستان کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی، فیلڈ مارشل