بلدیاتی کالا قانون اور عوامی ریفرنڈم
اشاعت کی تاریخ: 13th, January 2026 GMT
data-id="863a0a8" data-element_type="widget" data-widget_type="theme-post-content.default">
بلدیاتی حکومتوں کے بل پر ہی جمہوریتیں پنپتی ہیں۔ وہ نظامِ حکومت جو اختیارات کو نچلی سطح تک منتقل نہیں کرتا، درحقیقت جمہوریت نہیں بلکہ ایک خوش نما آمریت ہوتا ہے۔ دنیا کی تاریخ گواہ ہے کہ جہاں مقامی حکومتیں مضبوط، بااختیار اور جواب دہ رہی ہیں وہاں ریاستی استحکام، شفاف حکمرانی اور عوامی فلاح نے جنم لیا ہے، اور جہاں بلدیاتی نظام کو دانستہ کمزور رکھا گیا وہاں جمہوریت محض ایک نعرہ بن کر رہ گئی۔ پاکستان میں جمہوریت کے راستے میں سب سے بڑی رکاوٹ یہی رہی ہے کہ یہاں ایسا سیاسی و انتظامی ڈھانچہ تشکیل دیا گیا جس میں کوئی بھی طاقتور طبقے کو للکارنے والا نظام ابھر ہی نہ سکے۔ اختیارات کو مرکز اور صوبوں تک محدود رکھ کر عوام کو محض ووٹ ڈالنے کی حد تک شریک کیا گیا، جبکہ اصل فیصلے بند کمروں میں ہوتے رہے۔ اسی سوچ کا ایک بنیادی مظہر پنجاب کا موجودہ بلدیاتی نظام اور خصوصاً پنجاب بلدیاتی ایکٹ 2025ء ہے، جسے بجا طور پر عوامی حلقوں میں ’’بلدیاتی کالا قانون‘‘ کہا جا رہا ہے۔ جمہوریت کا حسن صرف انتخابی عمل میں نہیں بلکہ اختیارات کی منصفانہ تقسیم میں پوشیدہ ہوتا ہے۔ اگر عوام کو یہ حق ہی نہ دیا جائے کہ وہ اپنے روزمرہ مسائل کے حل کے لیے اپنے منتخب نمائندوں سے براہِ راست جواب طلب کر سکیں تو ایسی جمہوریت ایک منظم فریب کے سوا کچھ نہیں رہتی۔ پاکستان میں بدقسمتی سے یہی ماڈل رائج ہے، جہاں قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات تو باقاعدگی سے ہوتے ہیں مگر مقامی حکومتوں کو یا تو مسلسل مؤخر کیا جاتا ہے یا پھر ایسے قوانین کے تحت قائم کیا جاتا ہے جو انہیں بے اختیار بنا دیتے ہیں۔
پنجاب میں 2015ء کے بعد بلدیاتی انتخابات کا انعقاد نہ ہونا کسی انتظامی مجبوری کا نتیجہ نہیں بلکہ ایک سوچا سمجھا سیاسی فیصلہ ہے۔ صوبائی حکومتیں اقتدار تو حاصل کرنا چاہتی ہیں مگر اختیارات نچلی سطح تک منتقل کرنے سے کتراتی ہیں، کیونکہ ایک مضبوط بلدیاتی نظام ان کی اجارہ داری کو چیلنج کرتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ہر دورِ حکومت میں مقامی حکومتوں کے قیام کو یا تو تاخیر کا شکار بنایا گیا یا پھر انہیں بیوروکریسی کے تابع کر دیا گیا۔ آئینِ پاکستان کا آرٹیکل 140-اے اس حوالے سے بالکل واضح ہے۔ یہ شق صوبائی حکومتوں کو پابند کرتی ہے کہ وہ سیاسی، انتظامی اور مالی اختیارات کے ساتھ بااختیار مقامی حکومتیں قائم کریں۔ مگر پنجاب بلدیاتی ایکٹ 2025ء اس آئینی تقاضے کی روح کے منافی ہے۔ اس قانون کے تحت اختیارات عملاً منتخب نمائندوں سے چھین کر بیوروکریسی کے حوالے کر دیے گئے ہیں۔ میئر، چیئرمین اور کونسل کو محض نمائشی حیثیت دے کر اصل اختیار ڈپٹی کمشنر اور دیگر سرکاری افسران کے پاس رکھا گیا ہے۔ مالی خودمختاری کے بغیر کوئی بھی ادارہ بااختیار نہیں ہو سکتا، اور یہی وہ پہلو ہے جہاں پنجاب کا بلدیاتی قانون سب سے زیادہ عوام دشمن ثابت ہوتا ہے۔ بلدیاتی اداروں کو اپنے وسائل پر اختیار دینے کے بجائے صوبائی حکومت کا محتاج بنا دیا گیا ہے، جس کے نتیجے میں مقامی حکومتیں مسائل حل کرنے کے بجائے فائلوں، اجازت ناموں اور منظوریوں کے چکر میں الجھ کر رہ جاتی ہیں۔ یہ صورتحال نہ صرف آئینی خلاف ورزی ہے بلکہ جمہوری اصولوں کی صریح نفی بھی ہے۔
جب گلی، محلے، یونین کونسل اور تحصیل کے بنیادی مسائل کے حل کے لیے بھی صوبائی دارالحکومت کا رُخ کرنا پڑے تو عام آدمی کے لیے ریاست ایک دور افتادہ اور بے حس قوت بن جاتی ہے۔ یہی وہ خلا ہے جہاں بدعنوانی، سفارش، ناانصافی اور بدانتظامی جنم لیتی ہے۔ صاف پانی، صفائی، صحت، تعلیم اور ٹرانسپورٹ جیسے بنیادی مسائل اگر مقامی سطح پر حل نہ ہوں تو قومی سطح پر بڑے منصوبے بھی عوام کی زندگی میں کوئی مثبت تبدیلی نہیں لا سکتے۔ ایسے حالات میں جماعت اسلامی پاکستان کا کردار نہایت واضح اور نمایاں نظر آتا ہے۔ پاکستان کی سیاسی تاریخ میں جماعت اسلامی وہ واحد جماعت رہی ہے جس نے اقتدار کے بجائے اصولوں کو ترجیح دی۔ بلدیاتی نظام کے حوالے سے جماعت اسلامی کا مؤقف ہمیشہ دو ٹوک رہا ہے کہ مضبوط، بااختیار اور جواب دہ مقامی حکومتیں ہی حقیقی جمہوریت کی بنیاد بن سکتی ہیں۔
امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے پنجاب بلدیاتی ایکٹ 2025ء کو غیر جمہوری، عوام دشمن اور آئین سے متصادم قرار دیتے ہوئے درست نشاندہی کی ہے کہ یہ قانون دراصل عوام سے ان کا حق ِ حکمرانی چھیننے کی ایک منظم کوشش ہے۔ ان کا مؤقف ہے کہ جب تک اختیارات نچلی سطح تک منتقل نہیں ہوں گے، نہ کرپشن کا خاتمہ ممکن ہے، نہ مسائل کا دیرپا حل نکل سکتا ہے اور نہ ہی عوام کا ریاست پر اعتماد بحال ہو سکتا ہے۔ جماعت اسلامی نے اس معاملے پر محض بیانات اور احتجاجی نعروں پر اکتفا نہیں کیا بلکہ آئینی اور جمہوری راستہ اختیار کیا۔ بلدیاتی کالے قانون کے خلاف عدالت سے رجوع کیا گیا، پنجاب بھر میں ڈسٹرکٹ اور ڈویژنل سطح پر دھرنے دیے گئے، سیمینارز اور عوامی اجتماعات کے ذریعے لوگوں کو ان کے آئینی حقوق سے آگاہ کیا گیا۔ یہ جدوجہد اس حقیقت کی گواہ ہے کہ جماعت اسلامی احتجاجی سیاست نہیں بلکہ اصولی، آئینی اور عوامی جدوجہد پر یقین رکھتی ہے۔ اسی جدوجہد کا منطقی اور تاریخی تسلسل 15 جنوری 2026ء کو پورے پنجاب میں ہونے والا صوبہ گیر عوامی ریفرنڈم ہے۔ یہ ریفرنڈم محض ایک سیاسی سرگرمی نہیں بلکہ عوامی شعور بیدار کرنے اور جمہوری روایت کو مضبوط کرنے کی ایک سنجیدہ کوشش ہے۔ جماعت اسلامی پہلی مرتبہ عوام سے براہِ راست یہ سوال کر رہی ہے کہ آیا وہ ایک غیر جمہوری اور بے اختیار بلدیاتی نظام کو قبول کرتے ہیں یا حقیقی معنوں میں بااختیار مقامی حکومتوں کا قیام چاہتے ہیں۔
پاکستان کی سیاسی تاریخ میں فیصلے عموماً بند کمروں میں ہوتے رہے ہیں۔ عوام کو صرف نتائج سے آگاہ کیا جاتا ہے، رائے لینے کی زحمت کم ہی کی جاتی ہے۔ جماعت اسلامی اس روایت کو بدلنے کی کوشش کر رہی ہے اور عوام کو فیصلہ سازی کے عمل میں شریک کر رہی ہے۔ یہی جمہوریت کا اصل حسن اور اصل روح ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ بااختیار بلدیاتی نظام سے سب سے زیادہ خوف سیاسی اشرافیہ کو ہوتا ہے۔ مضبوط مقامی حکومتیں ایم این اے اور ایم پی اے کی اجارہ داری کو چیلنج کرتی ہیں، ترقیاتی فنڈز کے غلط استعمال پر قدغن لگاتی ہیں اور عوام کو سوال کرنے، احتساب کرنے اور فیصلوں میں شریک ہونے کی طاقت دیتی ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ ہر حکومت کسی نہ کسی بہانے سے بلدیاتی نظام کو کمزور کرنے کی کوشش کرتی ہے۔
پندرہ جنوری دو ہزار چھبیس کا عوامی ریفرنڈم پنجاب کی سیاست میں ایک اہم موڑ ثابت ہو سکتا ہے۔ یہ دن اس بات کا اعلان ہو گا کہ اب فیصلے صرف ایوانوں میں نہیں بلکہ عوام کی رائے سے ہوں گے۔ اگر عوام نے بھرپور شرکت کی تو یہ پیغام واضح ہو گا کہ بلدیاتی کالا قانون ناقابل ِ قبول ہے اور آئین کی بالادستی پر کوئی سمجھوتا نہیں ہو سکتا۔ آخر میں یہ کہنا بے جا نہ ہو گا کہ جماعت اسلامی کی یہ جدوجہد کسی ایک قانون کے خلاف نہیں بلکہ پاکستان میں حقیقی جمہوریت کی بحالی کی جدوجہد ہے۔ بااختیار بلدیاتی نظام عوام کا آئینی اور جمہوری حق ہے، کسی حکومت کی مہربانی نہیں۔ عوامی ریفرنڈم دراصل اسی حق کے حصول کی ایک پْرامن، آئینی اور باوقار کوشش ہے اور یہی وہ راستہ ہے جس پر چل کر پاکستان میں جمہوریت واقعی پنپ سکتی ہے۔
ذریعہ
ذریعہ: Jasarat News
کلیدی لفظ: عوامی ریفرنڈم مقامی حکومتیں بلدیاتی نظام جماعت اسلامی پاکستان میں ا ئینی اور نہیں بلکہ اور عوامی اور عوام ہوتا ہے عوام کو ہو سکتا ہے اور رہی ہے بلکہ ا
پڑھیں:
پاکستان کا موقف اور خطے میں امن کا تقاضا
پاکستان کی جغرافیائی حیثیت محض ایک زمینی ریاست کی نہیں بلکہ ایک ایسے ملک کی ہے جس کے مفادات خشکی، سمندر اور خطے کی مجموعی سلامتی سے یکساں طور پر وابستہ ہیں۔ اسی لیے جب مشرقِ وسطیٰ میں جنگ کے شعلے بلند ہوتے ہیں تو ان کی تپش صرف جنگ میں شریک ممالک تک محدود نہیں رہتی بلکہ عالمی تجارت، توانائی کی رسد، بحری راستوں، علاقائی معیشتوں اور سفارتی توازن کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیتی ہے۔
آج بحیرہ احمر، باب المندب اور آبنائے ہرمز صرف آبی گزرگاہیں نہیں رہیں بلکہ عالمی طاقتوں کی کشمکش، علاقائی رقابتوں اور غیر ریاستی مسلح گروہوں کی حکمت عملی کا مرکز بن چکی ہیں۔ ایسے ماحول میں پاکستان کی جانب سے اپنے بحری مفادات اور سعودی عرب کی سلامتی کے بارے میں دوٹوک اور واضح موقف اختیار کرنا نہ صرف ایک ذمے دار ریاست کی علامت ہے بلکہ یہ اس حقیقت کا اظہار بھی ہے کہ قومی سلامتی کی تعریف اب سرحدوں تک محدود نہیں رہی، بلکہ سمندری راستے، تجارتی جہاز، بندرگاہیں اور توانائی کی سپلائی لائنیں بھی اسی قدر اہم قومی مفادات کا حصہ بن چکی ہیں۔
پاکستان نے جس واضح انداز میں یہ اعلان کیا ہے کہ پاکستانی پرچم بردار جہازوں، بحری تنصیبات یا سمندری مفادات کے خلاف کسی بھی جارحیت کو قومی سلامتی کے خلاف حملہ تصور کیا جائے گا، وہ دراصل بین الاقوامی قانون کے بنیادی اصولوں کی توثیق بھی ہے اور قومی خودمختاری کے تحفظ کا منطقی اظہار بھی۔ دنیا کی کوئی بھی ذمے دار ریاست اپنی تجارت، بحری نقل و حمل اور اقتصادی شہ رگوں کو خطرات کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑ سکتی۔
پاکستان کی بڑی بندرگاہیں، برآمدات، درآمدات اور توانائی کی ضروریات عالمی بحری راستوں سے وابستہ ہیں، اس لیے ان راستوں میں پیدا ہونے والی بے یقینی براہِ راست قومی معیشت پر اثر انداز ہوتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اسلام آباد کی جانب سے یہ واضح پیغام دینا کہ قومی بحری مفادات کے دفاع کے لیے ہر ضروری اقدام کیا جائے گا، دراصل ایک فطری ریاستی ذمے داری ہے، نہ کہ محض سفارتی بیان۔
بحیرہ احمر میں حوثی حملوں اور تجارتی جہازوں کو دی جانے والی دھمکیوں نے عالمی تجارت کو غیر معمولی اضطراب میں مبتلا کر دیا ہے۔ ماضی میں قزاقی کو سمندری تجارت کے لیے سب سے بڑا خطرہ سمجھا جاتا تھا، مگر اب منظم مسلح گروہ جدید میزائلوں، ڈرونز اور بحری حملوں کی صلاحیت کے ذریعے پوری عالمی سپلائی چین کو یرغمال بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
اس صورتحال نے یہ ثابت کر دیا ہے کہ غیر ریاستی عناصر بھی ایسے وسائل حاصل کر چکے ہیں جن کے ذریعے وہ عالمی معیشت پر ریاستوں سے کم اثر نہیں ڈال سکتے۔ یہی وجہ ہے کہ متعدد آئل ٹینکروں نے اپنے راستے تبدیل کیے اور یورپی بحری اداروں نے بھی تجارتی جہازوں کو احتیاطی ہدایات جاری کیں، جو اس بحران کی سنگینی کا واضح ثبوت ہے۔
حوثیوں کی جانب سے سعودی عرب سے وابستہ تجارتی سرگرمیوں کو نشانہ بنانے کی دھمکیاں صرف ایک ملک کے خلاف کارروائی نہیں بلکہ بین الاقوامی تجارت کی آزادی پر حملہ ہیں۔ سمندری راستوں کی آزادی بین الاقوامی قانون کا بنیادی اصول ہے، جس پر عالمی تجارت کا پورا نظام قائم ہے، اگر کسی گروہ کو یہ حق دے دیا جائے کہ وہ سیاسی یا عسکری مقاصد کے لیے تجارتی جہازوں کی نقل و حرکت روک دے تو پھر عالمی تجارت مسلسل خوف اور غیر یقینی کا شکار ہو جائے گی۔ پاکستان کی تشویش اسی تناظر میں نہایت برمحل ہے کیونکہ اس کی تجارت کا بڑا حصہ بھی انھی عالمی بحری راستوں سے وابستہ ہے۔
پاکستان نے سعودی عرب کی سلامتی، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے لیے اپنی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کر کے نہ صرف دونوں ممالک کے تاریخی تعلقات کو مضبوط کیا ہے بلکہ ایک اصولی موقف بھی اختیار کیا ہے۔ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات کئی دہائیوں پر محیط اعتماد، مذہبی وابستگی، اقتصادی تعاون اور دفاعی اشتراک پر استوار ہیں۔ اس لیے اگر کسی بحران کے ذریعے سعودی عرب کو براہِ راست جنگ میں گھسیٹنے یا اس کے تجارتی مفادات کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی جاتی ہے تو پاکستان کا اس پر تشویش ظاہر کرنا ایک ذمے دار دوست اور شراکت دار ریاست کے کردار کی عکاسی کرتا ہے۔
اس وقت اصل تشویش صرف بحیرہ احمر تک محدود نہیں رہی بلکہ امریکا اور ایران کے درمیان بڑھتی ہوئی عسکری کشیدگی نے پورے خطے کو ایک نئے اور زیادہ خطرناک مرحلے میں داخل کر دیا ہے۔ دونوں ممالک کی جانب سے مسلسل سخت بیانات، ایک دوسرے کے بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنانے کی دھمکیاں اور فوجی کارروائیوں کا دائرہ وسیع ہونے کے امکانات اس امر کی نشاندہی کرتے ہیں کہ جنگ اب محدود رہنے کے بجائے تدریجاً علاقائی شکل اختیار کر سکتی ہے۔ جب عسکری کارروائیوں کا ہدف پل، بجلی گھر، توانائی کے مراکز اور دیگر شہری تنصیبات بن جائیں تو اس کے اثرات براہِ راست عام شہریوں پر مرتب ہوتے ہیں۔
اس تمام منظرنامے کا ایک اہم پہلو یہ بھی ہے کہ بین الاقوامی قانون اور سمندری ضابطوں کا احترام مسلسل کمزور پڑ رہا ہے، اگر بحری گزرگاہوں کو سیاسی دباؤ کے آلے کے طور پر استعمال کیا جانے لگا تو مستقبل میں دنیا کے دیگر حساس سمندری راستے بھی اسی نوعیت کے تنازعات کا شکار ہو سکتے ہیں۔ اس لیے عالمی برادری کی ذمے داری ہے کہ وہ آزادی جہاز رانی، تجارتی تحفظ اور شہری بنیادی ڈھانچے کے احترام کو ہر حال میں یقینی بنانے کے لیے موثر اقدامات کرے۔
پاکستان کے لیے موجودہ حالات ایک واضح پیغام رکھتے ہیں کہ بحری سلامتی کو قومی سلامتی کی حکمت عملی کا مزید مضبوط حصہ بنایا جائے۔ بحری افواج کی استعداد، ساحلی نگرانی، بندرگاہوں کی حفاظت، تجارتی جہازوں کی سیکیورٹی اور بین الاقوامی بحری تعاون کو مزید موثر بنانا وقت کی ضرورت ہے۔ گوادر اور کراچی جیسے اہم بندرگاہی مراکز صرف قومی معیشت کے ستون نہیں بلکہ علاقائی تجارت کے اہم مراکز بھی ہیں، جن کا تحفظ ہر حال میں یقینی بنایا جانا چاہیے۔
اس بحران میں پاکستان کے لیے سفارتی توازن بھی غیر معمولی اہمیت رکھتا ہے۔ ایک جانب سعودی عرب سمیت خلیجی ممالک کے ساتھ قریبی تعلقات ہیں تو دوسری جانب ایران ایک ہمسایہ اور اہم علاقائی ملک ہے۔ اس لیے پاکستان کا کردار اشتعال انگیزی میں اضافہ کرنے کے بجائے کشیدگی کم کرنے، رابطے بڑھانے اور مذاکرات کی حمایت کرنے کا ہونا چاہیے۔ یہی وہ راستہ ہے جو پاکستان کی خارجہ پالیسی کی روایات، قومی مفادات اور علاقائی امن کے تقاضوں سے مطابقت رکھتا ہے۔
عالمی طاقتوں کو بھی یہ حقیقت تسلیم کرنا ہوگی کہ طاقت کے ذریعے حاصل ہونے والی کامیابیاں عارضی ہوتی ہیں، جب کہ ان کے نتیجے میں پیدا ہونے والا عدم استحکام کئی دہائیوں تک برقرار رہ سکتا ہے۔ مشرق وسطیٰ پہلے ہی جنگوں، پابندیوں، پراکسی تنازعات اور بیرونی مداخلتوں کے باعث شدید نقصان اٹھا چکا ہے، اگر موجودہ کشیدگی کو بروقت نہ روکا گیا تو اس کے اثرات صرف جنگ میں شامل ممالک تک محدود نہیں رہیں گے بلکہ پوری عالمی معیشت، توانائی کے نظام اور بین الاقوامی امن کو اپنی لپیٹ میں لے لیں گے۔
پاکستان کا حالیہ موقف اسی لیے اہم ہے کہ اس میں اپنے قومی اور بحری مفادات کے تحفظ کا واضح اعلان بھی موجود ہے، سعودی عرب کی سلامتی کے ساتھ اصولی یکجہتی بھی اور بالواسطہ یہ پیغام بھی کہ سمندری راستوں کو جنگی حکمت ِ عملی کا ہدف بنانا کسی کے مفاد میں نہیں۔ آج ضرورت اس امر کی ہے کہ اشتعال انگیز بیانات، عسکری دھمکیوں اور جوابی کارروائیوں کے بجائے سنجیدہ سفارت کاری، علاقائی مکالمے اور بین الاقوامی قانون کی بالادستی کو ترجیح دی جائے، اگر بنیادی ڈھانچے، توانائی کے مراکز، بحری راستوں اور تجارتی جہازوں کو جنگ کا مستقل ہدف بنا دیا گیا تو دنیا ایک ایسے بحران میں داخل ہو سکتی ہے جس کے اثرات نسلوں تک محسوس کیے جائیں گے۔ امن صرف جنگ نہ ہونے کا نام نہیں بلکہ ایسا بین الاقوامی نظم ہے جس میں تجارت محفوظ ہو، ریاستوں کی خودمختاری محترم رہے، شہری تنصیبات محفوظ ہوں اور اختلافات کا فیصلہ میدان جنگ کے بجائے مذاکرات کی میز پر ہو۔ یہی وہ راستہ ہے جو مشرق وسطیٰ کو مزید تباہی سے بچا سکتا ہے اور یہی وہ سوچ ہے جس کی آج پوری دنیا کو سب سے زیادہ ضرورت ہے۔