راولپنڈی؛روحانی شخصیت کے بیٹےکی گاڑی پر مسلح افراد کی فائرنگ، ایک شخص جاں بحق دو زخمی
اشاعت کی تاریخ: 18th, January 2026 GMT
راولپنڈی کے تھانہ روات کے علاقے میں نامعلوم مسلح افراد نے روحانی شخصیت کے بیٹے پیر سید علی امام جیلانی کی گاڑی پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق اور دو زخمی ہو گئے۔
پولیس کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا جب پیر سید علی امام جیلانی سہالہ سے واپس آ رہے تھے کہ روات کے علاقے میں گاڑی پر مسلح افراد نے اندھا دھند فائرنگ کر دی۔ فائرنگ کے نتیجے میں شفقت نامی شخص موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا جبکہ پیر سید علی امام جیلانی زخمی ہو گئے۔
زخمی ہونے والے پیر سید علی امام جیلانی کے والد پیر سید عبدالقادر شاہ جیلانی کچھ عرصہ قبل انتقال کر گئے تھے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کرنا شروع کر دیے گئے۔
کار سوار افراد پر فائرنگ کے واقعے کا سی پی او راولپنڈی سید خالد ہمدانی نے نوٹس لیتے ہوئے فوری اور مؤثر کارروائی کی ہدایت کی۔ پولیس کے مطابق فائرنگ کے واقعے میں ایک شہری جاں بحق جبکہ دو افراد زخمی ہوئے ہیں۔ سینئر پولیس افسران نفری کے ہمراہ جائے وقوعہ پر موجود ہیں اور واقعے کی تمام پہلوؤں سے تحقیقات کی جا رہی ہیں۔
پولیس حکام کے مطابق جاں بحق ہونے والے شخص کی نعش کو پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ ایس ایس پی آپریشنز اور دیگر اعلیٰ افسران نے اسپتال کا دورہ کیا اور زخمیوں کی عیادت کی۔
راولپنڈی پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے میں ملوث ملزمان کو جلد گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے گا۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: علی امام جیلانی پیر سید
پڑھیں:
بارشوں سے پنجاب میں اب تک 21 شہری جاں بحق اور 154 زخمی ہوئے، پی ڈی ایم اے
تصویر سوشل میڈیا۔پراونشل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) پنجاب نے مون سون بارشوں کے باعث نقصانات سے متعلق رپورٹ جاری کر دی۔
لاہور ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق مون سون بارشوں کے باعث پنجاب میں اب تک 21 شہری جاں بحق اور 154 زخمی ہوئے، بارشوں میں چھتیں گرنے سے 15 افراد جاں بحق ہوئے۔
بارش رکنے کے بعد ایم ڈی واسا نے تمام انڈر پاس کلیئر کر دینے کا دعویٰ کیا، بارش کے باعث نناوے فیڈرز بھی متاثر ہوئے، بحالی کا کام جاری ہے، ڈیفنس میں بارش کے پانی میں ایک منچلا کشتی لے آیا۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق بارشوں میں کرنٹ لگنے سے 3 اور آسمانی بجلی گرنے سے 2 افرادجاں بحق ہوئے۔ بارش کے پانی میں ڈوبنے سے ایک شخص جاں بحق ہوا، بارشوں کے باعث 38 مکانات جزوی طور پر متاثر ہوئے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے نے کہا کہ جاں بحق افراد کے خاندانوں کو 10 سے 50 لاکھ روپے تک امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
انھوں نے کہا کہ شہریوں سے گزارش ہے موسم برسات میں احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔