جناح اسپتال،15لاکھ روپے ادویات کی چوری پکڑی گئی
اشاعت کی تاریخ: 29th, January 2026 GMT
ایمرجنسی اسٹاف کا ایک فرد ادویات وین میں بھر کر چوری کرکے لے جارہا تھا، ذرائع
سیکیورٹی گارڈز نے ملزمان کو رنگے ہاتھوں پکڑ کر اسپتال چوکی منتقل کردیا،مقدمہ درج
شہر کے سب سے بڑے سرکاری اسپتال جے پی ایم سی میں لاکھوں روپے مالیت کی ادویات چوری پکڑی گئی، ملوث افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کرلی گئی ہے۔اسپتال ذرائع کے مطابق جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر (جے پی ایم سی)کراچی میں لاکھوں روپے مالیت کی ادویات چوری کا واقعہ پیش آیا، ایمرجنسی اسٹاف کا ایک فرد ادویات وین میں بھر کر چوری کرکے لے جارہا تھا۔ سیکیورٹی گارڈز نے مشکوک سرگرمیوں کی نشاندہی پر ملزمان کو رنگے ہاتھوں پکڑ کر اسپتال چوکی منتقل کردیا جس کے بعد اسپتال انتظامیہ کی شکایت پر مقدمہ درج کرلیا گیا۔انتظامیہ کو خدشہ ہے کہ جناح اسپتال میں ادویات چوری کا یہ سلسلہ کافی عرصے سے جاری تھا جبکہ اس بار برآمد ہونے والی ادویات کی مالیت تقریبا 15 لاکھ روپے بتائی جا رہی ہے۔اس حوالے سے ایگزیکٹو ڈائریکٹر جے پی ایم سی ڈاکٹر خالد شیر نے بتایا کہ جناح اسپتال میں ادویات چوری کی اطلاعات پر ایف آئی آر درج کرادی گئی ہے جبکہ معاملے کی شکایت محکمہ صحت سندھ کو بھی ارسال کردی ہے۔انہوں نے بتایا کہ ڈیپارٹمنٹل انکوائری مکمل کرکے رپورٹ وزیرِ صحت سندھ کو بھجوا دی گئی ہے اور امید ہے کہ محکمہ صحت اور پولیس اس معاملے پر سخت کارروائی کریں گے۔ڈاکٹر خالد شیر نے کہا کہ جناح اسپتال میں جلد مختلف شعبوں کو ڈیجیٹلائز کیا جا رہا ہے، پہلے مرحلے میں انوینٹری مینجمنٹ سسٹم متعارف کروایا جائے گا جس کے تحت اے ڈی ایم، اکائونٹس اور میڈیسنل و سرجیکل سینٹرل اسٹورز کو چار سے چھ ہفتوں میں سو فیصد ڈیجیٹلائز کر دیا جائے گا۔ان کے مطابق اس نظام سے ادویات کی چوری اور بدعنوانی کے واقعات میں 90 فیصد تک کمی آئے گی۔ سول اسپتال کراچی کے بعد سندھ کے کسی بھی ٹیچنگ اسپتال میں یہ نظام موجود نہیں اور جے پی ایم سی اس حوالے سے دوسرا بڑا ادارہ ہوگا۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Juraat
کلیدی لفظ: جناح اسپتال جے پی ایم سی ادویات چوری اسپتال میں
پڑھیں:
پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ
اسلام آباد: ملک بھر میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے، جہاں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ کرتے ہوئے آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے نئے نرخوں کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ نئی قیمتوں کا اطلاق رات 12 بجے کے بعد سے ہوگا۔
اوگرا کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 4 روپے 40 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد نئی قیمت 331 روپے 52 پیسے فی لیٹر مقرر کر دی گئی ہے۔
اسی طرح ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 3 روپے 62 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد ڈیزل 378 روپے 66 پیسے فی لیٹر میں دستیاب ہوگا۔
حکام کے مطابق نئی قیمتوں کا اطلاق فوری طور پر رات 12 بجے کے بعد سے ہوگا، جس کے بعد ملک بھر کے تمام پیٹرول پمپس پر نئے نرخ نافذ ہو جائیں گے۔
واضح رہے کہ حالیہ دنوں میں عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں مسلسل اتار چڑھاؤ دیکھنے میں آیا ہے، جس کے اثرات پاکستان میں بھی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پر مرتب ہو رہے ہیں۔ گزشتہ چند روز کے دوران بھی مختلف پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں متعدد بار اضافہ کیا جا چکا ہے۔
ماہرین کے مطابق ایندھن کی قیمتوں میں مسلسل اضافے سے ٹرانسپورٹ، اشیائے خور و نوش اور دیگر بنیادی ضروریات کی قیمتوں پر بھی اثر پڑ سکتا ہے، جس کے باعث مہنگائی کے دباؤ میں مزید اضافہ ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
نئی قیمتیں ایک نظر میں
پیٹرول: 331 روپے 52 پیسے فی لیٹر (4.40 روپے اضافہ)
ہائی اسپیڈ ڈیزل: 378 روپے 66 پیسے فی لیٹر (3.62 روپے اضافہ)
اوگرا کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق یہ قیمتیں آئندہ حکم نامے تک نافذ العمل رہیں گی۔