اسلام آباد خودکش دھماکا، مجلس وحدت مسلمین کا 3 روزہ سوگ کا اعلان
اشاعت کی تاریخ: 6th, February 2026 GMT
فوٹو: جنگ
مجلس وحدت مسلمین نے جامع مسجد و امام بارگاہ خدیجۃ الکبریٰ سانحہ پر 3 روزہ سوگ کا اعلان کردیا۔
علامہ صادق جعفری کا کہنا ہے کہ دہشتگردی کے خلاف سندھ بھر میں احتجاجی مظاہرے، ریلیاں نکالی جائیں گی، شہداء کی بلندیٔ درجات، زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے دعا گو ہیں۔
مجلس وحدت مسلمین کی جانب سے سانحہ اسلام آباد کے خلاف نمائش چورنگی پر احتجاج کیا گیا، علامہ صادق جعفری، علامہ مبشر حسن سمیت عمائدین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
پولیس کے مطابق خودکش حملہ آور کا تعلق فتنہ الخوارج سے تھا، جسے گیٹ پر روکا گیا تو اس نے اپنے آپ کو دھماکے سے اڑا دیا۔
خیال رہے کہ اسلام آباد کے علاقے ترلائی میں امام بارگاہ و مسجد خدیجۃ الکبریٰ میں خودکش دھماکے سے 31 افراد شہید اور 150 سے زائد زخمی ہوگئے۔ پولیس کے مطابق خودکش دھماکا نمازِ جمعہ کے دوران ہوا۔
حکومتی ذرائع کے مطابق خود کش حملہ کرنے والے بم بار کی شناخت ہوگئی۔ اس نے افغانستان سے دہشت گرد کارروائیوں کی تربیت حاصل کی۔
پمز ذرائع کا کہنا ہے کہ اسپتال میں 105 زخمی اور 28 میتیں لائی گئیں، 27 افراد کی میتیں ورثاء کے حوالے کر دی گئیں۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Jang News
پڑھیں:
موبائل کال اور انٹرنیٹ پیکجز مہنگے، صارفین پر نیا مالی بوجھ
اسلام آباد: موبائل انٹرنیٹ پیکجز مہنگے ہونے سے ملک بھر کے لاکھوں موبائل صارفین کو اضافی اخراجات کا سامنا کرنا پڑے گا۔ پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کی جانب سے جاری کردہ تازہ تفصیلات کے مطابق مختلف موبائل کمپنیوں کے متعدد کال، ہائبرڈ اور ڈیٹا پیکجز کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ کیا گیا ہے۔
پی ٹی اے کے مطابق مختلف موبائل آپریٹرز کے 15 مقبول ہائبرڈ اور ڈیٹا اونلی پیکجز کی قیمتوں میں 33 فیصد تک اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے بعد صارفین کو پہلے کے مقابلے میں زیادہ رقم ادا کرنا ہوگی۔
جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق ماہانہ کال اور ڈیٹا پیکجز کی قیمتوں میں 500 روپے تک اضافہ کیا گیا ہے، جبکہ 15 روزہ پیکجز اب 300 روپے تک مہنگے ہو گئے ہیں۔
اسی طرح ہفتہ وار ہائبرڈ پیکجز کی قیمت میں 130 روپے تک اضافہ کیا گیا ہے، جبکہ تین روزہ پیکجز 21 روپے، دو روزہ پیکجز 20 روپے اور ایک روزہ ہائبرڈ پیکجز 5 روپے تک مہنگے کر دیے گئے ہیں۔
پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ صارفین کی سہولت کے لیے تمام نئی ٹیرف تفصیلات ادارے کی ویب سائٹ پر جاری کر دی گئی ہیں، جہاں مختلف موبائل کمپنیوں کے کال اور انٹرنیٹ پیکجز، ان کی مدت، قیمت اور دستیاب سہولیات کا بآسانی موازنہ کیا جا سکتا ہے۔
اتھارٹی کے مطابق اس اقدام کا مقصد ٹیلی کام شعبے میں شفافیت کو فروغ دینا اور صارفین کو مختلف موبائل کمپنیوں کے پیکجز سے متعلق درست اور مکمل معلومات فراہم کرنا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ موبائل اور انٹرنیٹ خدمات کی قیمتوں میں اضافے سے طلبہ، فری لانسرز، آن لائن کاروبار کرنے والے افراد اور روزمرہ انٹرنیٹ استعمال کرنے والے صارفین کے ماہانہ اخراجات میں مزید اضافہ ہوگا۔