تہران‘ تل ابیب‘ واشنگٹن (نوائے وقت رپورٹ + این این آئی) اسرائیل نے مختلف ایرانی شہروں پر کروز میزائلوں سے حملہ کر دیا۔ 91 افراد شہید ہو گئے۔  جواب میں ایران نے پھر اسرائیلی شہروں پر 100 سے زائد میزائل داغ دئیے۔ ایرانی میڈیا کے مطابق ایران کے فضائی دفاعی نظام کو متحرک کر دیا گیا ہے۔ اسرائیل نے اصفہان اور جنوبی شہر بندر عباس پر بھی حملہ کیا۔ ائیر ڈیفنس سسٹم نے تہران‘ ہرمزگان‘ کرمانشاہ‘ مغربی آذربائیجان میں حملے ناکام بنائے ہیں۔ اسرائیل نے مغربی ایران میں میزائل فیکٹری پر حملے کا دعویٰ کیا ہے۔ غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق خرم آباد میں زیر زمین میزائل فیکٹری کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ فیکٹری زمین سے زمین تک مار کرنے والے کروز میزائلوں کی ہے۔ ایرانی فوج نے کہا ہے کہ برطانوی نیوی کے ڈسٹرائبیر کی خلیج فارس میںداخلے کی کوشش ناکام بنا دی۔ نیوی کے ڈرونز نے برطانوی جہاز کے قریب پروازیں کیں اور وارننگ جاری کی۔ برٹش نیوی جہاز کو بحر ہند میں داخلے کے وقت سے مانیٹر کر رہے تھے۔ اسکا مقصد اسرائیلی میزائلوں کی رہنمائی کرنا ہے۔ عرب ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق خاتم الانبیاء ائیر ڈیفنس بیس کے کمانڈر نے اعلان کیا کہ ایک گھنٹے میں ملک کے مختلف علاقوں میں 10 دشمن اسرائیلی فوجی طیارے مار گرائے ہیں۔ تاہم رپورٹ میں اس حوالے سے مزید تفصیلات جاری نہیں بتائیں۔ قبل ازیں ایران نے بھرپور جوابی کارروائی کرتے ہوئے اسرائیل پر پانچواں میزائل حملہ بھی کر دیا۔ ایران اب تک 200 سے زیادہ میزائل داغ چکا ہے، اسرائیل میں اب تک 7 ہلاک اور 200  سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔ متعدد عمارتیں ملبے کا ڈھیر بن گئیں۔ ایرانی فوج نے اعلان کیا ہے کہ آئندہ حملوں میں تقریباً دو ہزار میزائل اسرائیل کی جانب داغے جائیں گے اور خبردار کیا کہ ہمارے میزائل حملے پہلے حملوں کے مقابلے میں بیس گنا زیادہ شدید ہوں گے۔ ایرانی پاسداران انقلاب نے بھی اعلان کیا ہے کہ جب تک ضرورت محسوس ہوگی، اسرائیل کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔ ایران کے اسرائیل کے خلاف تازہ حملے کے بعد مقبوضہ گولان، گلیلی، حیفہ اور تبریسی میں سائرن بجنا شروع ہوگئے۔ ایرانی فوج نے شمال مغربی سلماز بارڈر پر اسرائیلی ڈرون مار گرائے، ایرانی فوج نے کئی اسرائیلی ڈرونز کو پیچھے دھکیل دیا۔ اسرائیلی میڈیا کے مطابق تل ابیب کے علاقے شیفیلہ میں ایرانی میزائل حملے سے بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی ہے۔ ٹائمز آف اسرائیل کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوج (آئی ڈی ایف) نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے ایران کی اصفہان نیوکلیئر سائٹ پر حملہ کر کے اہم تنصیبات اور لیبارٹریز کو تباہ کر دیا ہے۔ مزید دو ایرانی جنرل کو بھی مار دیا گیا ہے۔ اصفہان میں سرگرمیاں واضح طور پر ظاہر کرتی ہیں کہ ایران ہتھیاروں کے لیے یورینیم افزودہ کر رہا تھا، تہران کے راستے کو ’صاف‘ کر لیا ہے اور اب اسرائیلی فضائیہ تہران کی فضاؤں میں آزادانہ کارروائیاں کرنے کے لیے تیار ہے۔ اسرائیل کا کہنا ہے کہ وہ ایرانی جوہری سائنسدانوں، فوجی حکام اور میزائل لانچنگ سسٹمز کو بھی نشانہ بنا رہا ہے اور کارروائیاں جاری رکھے گا۔ اسرائیلی فوج کے حکام نے مزید کہا کہ منصوبے کے مطابق، ایئر فورس کے لڑاکا طیارے تہران میں اہداف پر حملے شروع کریں گے۔ تہران کے مہرآباد ہوائی اڈے پر 2 میزائل گرے، جب کہ ایرانی میڈیا نے وہاں آگ لگنے کی اطلاعات دی ہیں، یہ ہوائی اڈہ ایرانی قیادت کے اہم مقامات کے قریب واقع ہے اور یہاں ایک ایئر فورس بیس بھی موجود ہے، جہاں لڑاکا طیارے اور ٹرانسپورٹ طیارے تعینات ہیں۔ فرانسیسی خبر رساں ادارے کے مطابق ایرانی سرکاری ٹیلی ویژن کا کہنا ہے کہ اسرائیلی حملوں میں ایران کے 2 سینئر جنرل شہید ہو گئے ہیں، جب کہ اسرائیل نے ایران کی فوجی اور جوہری صلاحیتوں پر اپنے حملے جاری رکھے ہوئے ہیں۔ شہید ہونے والوں میں مسلح افواج کے جنرل سٹاف کی انٹیلی جنس کے نائب سربراہ جنرل غلام رضا محرابی اور آپریشنز کے نائب سربراہ جنرل مہدی ربانی شامل ہیں۔ برطانوی خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ نے تسنیم نیوز ایجنسی کے حوالے سے بتایا کہ مزید 3 ایرانی ایٹمی سائنسدان اسرائیلی حملوں میں شہید ہو گئے ہیں۔ ’تسنیم‘ کے مطابق شہید ہونے والے سائنسدانوں کی شناخت علی بقائی کریمی، منصور عسگری، اور سعید برجِی کے طور پر ہوئی ہے۔ اسرائیل نے ایران کے جوہری پروگرام سے وابستہ 9 سائنسدانوں اور ماہرین کو اپنے فضائی حملوں میں مارنے کا دعویٰ کیا ہے۔  سی این این کے مطابق علی بقائی کریمی، منصور عسگری، اور سعید برجِی (جو بالترتیب مکینکس، طبعیات اور مٹیریل انجینئرنگ کے ماہر تھے) اسرائیلی ہونے والے حملوں میں مارے گئے۔ ان کے مرنے کی تصدیق ایران کی نیم سرکاری خبر رساں ایجنسی تسنیم نے بھی کی ہے۔  ایران کی ایٹمی توانائی تنظیم کے ترجمان نے کہا ہے کہ اسرائیل کے حملے میں فردو اور اصفہان میں واقع ایران کی جوہری تنصیبات کو زیادہ نقصان نہیں پہنچا۔ تابکاری کا اخراج ہوا ہے۔  بہروز کمالوندی کے مطابق حملوں کی پیشگی اطلاع کے بعد دونوں تنصیبات سے اہم سازوسامان کو منتقل کر دیا گیا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ اصفہان کی تنصیب میں ایک شیڈ میں آگ لگی، ایران کی پاسداران انقلاب  کے ترجمان نے اعلان کیا ہے کہ اسرائیل پر خیبر میزائل جلد ہی داغے جائیں گے اور دنیا حیران رہ جائے گی۔ ایرانی فوج اسرائیل میں ان اہداف کو نشانہ بنا رہی ہے جہاں سے ایران پر جارحیت کی جا رہی ہے۔ ایرانی پاسداران انقلاب کے  سربراہ  جنرل احمد واحدی نے کہا ہے کہ آج دشمن اسرائیل کو اپنی سنگین غلطی کا اندازہ ہوگیا ہے اور اب وہ اس کے نتائج بھگتنے کے مرحلے میں داخل ہو چکے ہیں۔ تل ابیب میں وزارت دفاع، صنعتی اور فوجی مراکز بھی براہ راست ایرانی حملے کا نشانہ بنے، آپریشن میں ہمارے اہداف میں سب سے اہم نواتیم، اودا اور تل نوف کے فضائی اڈے تھے۔ ان فضائی اڈوں پر اسرائیلی فضائیہ کی کمانڈ اور دیگر جنگی مراکز موجود تھے۔ یہی اڈے ایران پر حالیہ حملے کا نقطہ آغاز تھے، مجموعی طور پر اسرائیل پر میزائل حملوں میں150 سے زائد اہداف کامیابی سے نشانہ بنائے گئے۔ ایرانی سپریم لیڈر علی خامنہ ای نے کہا ہے کہ اسرائیل نے جنگ شروع کر دی ہے۔ تہران اسے سنگین نتائج کے بغیر ہٹ اینڈ رن حملے کرنے کی اجازت نہیں دے گا۔ ایرانی سپریم لیڈر نے زور دے کر کہا کہ اسرائیل نے ایران پر اپنے بڑے حملے کے ساتھ ایک سنگین غلط کا ارتکاب کیا ہے اور یہ اس کی تباہی کا باعث بنے گا۔ ایران کی جانب سے جوابی حملے میں گزشتہ رات سے اب تک تقریباً 200 بیلسٹک میزائل اسرائیل پر داغے جانے کے بعد اسرائیل نے فوج کو کارورائی کیلئے فری ہینڈ دے دیا جس کے بعد تازہ اسرائیلی حملے میں مزید دو جنرلز تین جوازی سائنسدان اور بیس بچوں سمیت مزید 85 ایرانی شہید ہو گئے جبکہ مزید کارروائی کا بھی عندیہ دیا ہے۔ ایران نے باضابطہ طور پر فرانس، برطانیہ اور امریکا کو آگاہ کر دیا ہے کہ وہ اسرائیل پر بہت بڑے پیمانے پر حملے کرے گا۔ ایرانی میڈیا کے مطابق ایرانی صدر نے اسرائیل پر حملے کے بعد کابینہ کے ہنگامی اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں اسرائیلی جارحیت کا ممکنہ جواب دینے کے طریقوں پر غور کیا گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ایران نے باضابطہ طو رپر فرانس برطانیہ اور امریکا کو آگاہ کر دیا ہے کہ وہ اسرائیل  پر بہت بڑے پیمانے پر حملے کرے گا۔ آبنائے ہرمز بند کرنے پر غور کر رہے ہیں۔ ایران نے اسرائیل کا تیسرا ایف 35 لڑاکا طیارہ مار گرایا۔ ایرانی میڈیا کے مطابق ایران نے ایک اور اسرائیلی پائلٹ کو حراست میں لے لیا، اب تک حراست میں لئے گئے اسرائیلی پائلٹوں کی تعداد دو ہو گئی ہے۔ ادھر ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ ایران کے جوہری پروگرام پر امریکہ کے ساتھ مذاکرات بے معنی ہو گئے۔ واشنگٹن اسرائیلی جارحیت کی حمایت کر رہا ہے امریکا نے ایسا رویہ اختیار کیا ہے جس سے بات چیت بے معنی ہو گئی ہے، آپ ایک طرف مذاکرات کا دعویٰ اور دوسری طرف صہیونی حکومت (اسرائیل) کو ایران کی سرزمین کو نشانہ بنانے کی اجازت دیں یہ ایک ساتھ نہیں ہو سکتا، اسرائیلی حکومت سفارتی عمل پر اثرانداز ہونے میں کامیاب ہو گئی اور یہ حملہ واشنگٹن کی اجازت کے بغیر ممکن نہیں تھا۔ ایران نے خبردار کیا ہے کہ اگر امریکا، برطانیہ اور فرانس اسرائیل کو تہران کے جوابی حملوں کو روکنے میں مدد فراہم کرتے رہے تو وہ خطے میں موجود ان ممالک کے فوجی اڈوں اور بحری جہازوں کو نشانہ بنائے گا۔ برطانوی خبر رساں ادارے کے حوالے سے بی بی سی نے رپورٹ کیا کہ ایران کے سرکاری میڈیا کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ایران نے اسرائیل کے تمام اتحادیوں اور ایران کی جانب سے اسرائیل پر حملے کے دوران میزائل گرانے میں اس کی مدد کرنے والوں کے مشرق وسطیٰ میں قائم اڈے محفوظ نہیں رہیں گے۔ یاد رہے کہ 11 جون کو ایرانی وزیر دفاع بریگیڈیئر جنرل عزیز ناصر زادہ نے خبردار کیا تھا کہ اگر جوہری مذاکرات ناکام ہو جاتے ہیں تو صورتحال بگڑ جائے گی۔ بریگیڈیئر جنرل عزیز ناصر زادہ نے ایک پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ اگر مذاکرات کی ناکامی کے بعد ہم پر کوئی تنازع  مسلط کیا گیا تو تمام امریکی اڈے ہماری پہنچ میں ہیں اور ہم انہیں میزبان ممالک میں بے خوفی سے نشانہ بنائیں گے۔ دریں اثناء اسرائیل کے وزیر دفاع اسرائیل کالز نے دھمکی دی اگر ایران نے میزائل حملے جاری رکھے تو پھر تہران آگ کے شعلوں کی نذر ہو جائے گا۔ فوجی حکام کے ساتھ ایک جائزہ سیشن کے دوران وزیر دفاع نے یہ تبصرہ کیا کہ ایرانی آمر عوام کو یرغمال بنا رہا ہے اور ایک ایسی صورتحال کی طرف جا رہا ہے کہ جس میں وہ خاص طور پر تہران کے رہائشی، اسرائیلی شہریوں  پر مجرمانہ حملے کی بھاری قیمت ادا کریں گے۔ اسرائیلی میڈیا کے مطابق اسرائیل نے پہلی بار ایرانی توانائی اہداف کو نشانہ بنایا ہے۔ اسرائیل نے جنوبی ایران میں واقع پٹیرو کیمیکل کمپلیکس پر حملہ کیا ہے۔ اسرائیلی حملے میں پیٹرو کیمیکل کمپلیکس کا ائیر ڈیفنس سسٹم تباہ ہو گیا۔ اسرائیلی ڈرون حملے میں بوشہر میں واقع ایرانی گیس ریفائنری جنوبی پاس گیس فیلڈ میں آگ لگ  گئی۔ جنوبی پاس گیس فیلڈ دنیا کی بڑی سمندری گیس فیلڈ ہے۔ ایرانی میڈیا کے مطابق اسرائیلی حملوں میں صوبہ مشرقی آذربائیجان میں 30 فوجی شہید ہو گئے۔ ہلال احمر کا ایک اہلکار بھی شہید ہوا۔ جنرل امیر حاتمی ایران کے نئے آرمی چیف اور جنرل سید مجید موسوی پاسداران انقلاب کی ایرو سپیس فورس کے نئے کمانڈر تعینات کر دیئے۔ سپریم لیڈر خامنہ ای نے حکمنامہ جاری کر دیا۔ ایرانی میڈیا کے مطابق ایرانی شہر اسد آباد میں اسرائیلی ڈرون حملے میں پولیس چیف میجر حبیب اﷲ ‘ سیکنڈ لیفٹیننٹ عامر حسین کے ہمراہ شہید ہو گئے۔ اسرائیلی حملوں میں پاسداران انقلاب کے مزید 2 ارکان بھی شہید ہو گئے۔ جبکہ اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے دھمکی دی ہے کہ جلد تہران کی فضاؤں میں ہمارے طیارے ہوں گے۔ آیت اﷲ خامنہ ای حکومت ہر جگہ نشانہ ہو گی۔ دریں اثناء اسرائیلی ڈیفنس فورس نے ایران کو پرائمری اور غزہ کو سیکنڈری ہدف قرار دیتے کہا ہے کہ افواج کی توجہ غزہ سے ہٹ کر ایران کی جانب مرکوز ہو گئی۔ 24 گھنٹوں میں ایران کے 150 اہداف کو نشانہ بنایا۔ ایرانی میڈیا کے مطابق ایرانی قانون ساز اسماعیل کوثری کا کہنا ہے کہ ایران خلیج فارس میں آبنائے ہر مز کو بند کرنے پر غور کر رہا ہے‘ خلیج فارس کی آبنائے ہرمز سے یومیہ 17 ملین بیرل سے زائد کی ترسیل ہوتی ہے۔برطانیہ نے جنگی طیارے اور اضافی فوجی اثاثے مشرق وسطیٰ منتقل کرنے کا اعلان کر دیا۔ برطانوی وزیراعظم کیئر سٹارمر نے کہا مشرق وسطیٰ میں ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے اپنے فوجی اثاثے منتقل کر رہے ہیں۔اسرائیلی ذرائع کے مطابق ایرانی حملوں کے خوف سے اسرائیلی قیادت زیر زمین چلی گئی۔ موساد کا ہیڈ کوارٹرز خالی کرا لیا گیا۔ایران نے اسرائیل پر 100 سے زائد بیلسٹک میزائل فائر کر دئیے۔ شمالی اسرئیل میں دھماکوں کی آوازیں سنی گئی۔ ایرانی ٹی وی کے مطابق پورٹ سٹی حیفہ پر میزائل فائر کئے گئے ہیں۔ اسرائیل پر ہائبرڈ ڈرون میزائل حملہ کیا گیا ہے۔اسرائیلی میڈیا نے کہا ہے کہ تہران میں اہم ایرانی شخصیت پر ڈرون حملہ کیا گیا، یمن میں حوثی عہدیدار کو نشانہ بنایا گیا۔
نیو یارک (نوائے وقت رپورٹ) ایران اور اسرائیل کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے بعد امریکا نے واضح الفاظ میں ایران کو متنبہ کرتے ہوئے کہا اگر ایرانی قیادت نے کسی بھی امریکی شہری، فوجی اڈے یا اہم انفراسٹرکچر کو نشانہ بنایا، تو اس کے سنگین اور دور رس نتائج برآمد ہوں گے۔ یہ انتباہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں امریکی نمائندے کی جانب سے دیا گیا۔ جہاں حالیہ اسرائیلی حملوں اور ایران کی جوابی کارروائیوں پر شدید بحث جاری ہے۔ امریکا نے اسرائیل کے ایران پر حملے کو اْس کا ’’حقِ دفاع‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ حالات میں اسرائیل کو اپنے تحفظ کیلئے جو اقدامات ناگزیر محسوس ہوئے، وہ اس کیلیے لازم تھے۔ امریکی بیان میں یہ بھی دو ٹوک انداز میں کہا گیا کہ ایران کو کبھی بھی جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور اس مقصد کیلئے بین الاقوامی کوششیں جاری رہیں گی۔ واشنگٹن نے اس موقع پر ایرانی قیادت کو یہ مشورہ بھی دیا کہ وہ صورتحال کو مزید بگاڑنے کے بجائے سنجیدہ مذاکرات کی راہ اختیار کرے، کیونکہ یہ وقت تحمل اور تدبر کا ہے، نہ کہ تصادم کا۔

.

ذریعہ: Nawaiwaqt

کلیدی لفظ: ایرانی میڈیا کے مطابق ایران اسرائیلی حملوں میں پاسداران انقلاب کے مطابق ایرانی کو نشانہ بنایا اسرائیلی ڈرون ہے کہ اسرائیل ایرانی فوج نے کو نشانہ بنا میزائل حملے نے کہا ہے کہ شہید ہو گئے اسرائیل پر اسرائیل کے کیا ہے کہ ا اسرائیل نے نے اسرائیل کی جانب سے میں ایران اعلان کیا حملے میں حملہ کیا تہران کے کہ ایران ایران پر ایران کی ایران کے نے ایران کی اجازت ایران نے ہے کہ اس حملے کے پر حملے کیا گیا دیا گیا گیا ہے کر دیا ہو گئی ہے اور دیا ہے رہا ہے کیا کہ کے بعد

پڑھیں:

ایران نے اسرائیل پر ایک گھنٹے میں تیسرا حملہ، جوابی کارروائی کو ’وعدہ صادق تھری‘ کا نام دیدیا

ایران کا ایک گھنٹے کے اندر اسرائیل پر تیسرا حملہ جاری ہے، ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق ایران نے اسرائیل کے خلاف جوابی کارروائی کو ’’وعدہ صادق تھری‘‘ کا نام دیا ہے۔

حیفا سمیت پورے اسرائیل میں ایک بار پھر سائرن کی گونج سنائی دینے لگی، ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ اسرائیل کا کوئی علاقہ محفوظ نہیں رہے گا۔

ایرانی حکام نے خبر ایجنسی سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ یہ صرف شروعات ہے۔

سینئر امریکی عہدیدار کا کہنا ہے کہ امریکا ایرانی میزائلوں کو روکنے میں اسرائیل کی مدد کر رہا ہے، جبکہ اسرائیلی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران نے اسرائیل پر 150 میزائل داغے ہیں جن میں 15اسرائیلی زخمی ہوئے ہیں۔

اسرائیلی وزیراعظم کا کہنا ہے کہ ایران کے زیادہ تربیلسٹک میزائلوں کو فضا میں تباہ کردیا گیا۔

عرب میڈیا کا کہنا ہے کہ ایران کے اسرائیل پر جوابی حملے کے بعد ہزاروں ایرانی شہریوں نے سڑکوں پر جشن منایا اور افواج کےحق میں نعرے لگائے۔

واضح رہے کہ ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق ایران نے دو اسرائیلی لڑاکا طیارے مار گرائے ہیں، جبکہ خاتون پائلٹ کو گرفتار کر لیا ہے۔

متعلقہ مضامین

  • ایران کا 1 گھنٹے میں 10 اسرائیلی جہاز گرانے کا دعویٰ
  • ایران نے ایک گھنٹے میں 10 اسرائیلی ڈرون طیارے مار گرائے
  • ایران کا 1 گھنٹے میں 10 اسرائیلی طیارے مار گرانے کا دعویٰ
  • ایرانی حملے میں اسرائیلی فوجی ہیڈکوارٹر کریا کی عمارت نشانہ
  • ایران کا اسرائیل پر جوابی حملہ، 4 اسرائیلی ہلاک،90 سے زائد زخمی، کئی عمارتیں تباہ
  • ایران کا اسرائیل پر ایک گھنٹے میں تیسرا حملہ، جوابی کارروائی کو ’وعدہ صادق تھری‘ کا نام دیدیا
  • امریکا ایرانی میزائلوں کو روکنے میں اسرائیل کی مدد کر رہا ہے، سینئر امریکی عہدیدار
  • ایران نے اسرائیل پر ایک گھنٹے میں تیسرا حملہ، جوابی کارروائی کو ’وعدہ صادق تھری‘ کا نام دیدیا
  • تباہ ہونے والے بھارتی طیارے میں 2 گھنٹے قبل سفر کرنے والے مسافر کا حیران کن انکشاف