تباہی کی اصل وجہ بارش نہیں نالوں اور دریاؤں کی زمینوں پر تعمیرات ہیں، خواجہ آصف
اشاعت کی تاریخ: 1st, September 2025 GMT
اسلام آباد:
وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ اپنے اعمال کا بوجھ اللہ پر نہ ڈالیں بارش تو اللہ رحمت ہے نقصانات کی اصل وجہ نالوں اور دریاؤں کی زمینوں پر ہاؤسنگ سوسائٹی بنانا اور تعمیرات کرنا ہے، بڑے ڈیم کے انتظار میں سب کچھ نہ لٹ جائے چھوٹے ڈیم بنائے جائیں۔
قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ سیلاب سے بڑے نقصانات کی بڑی وجہ پانی کے راستوں میں تعمیرات ہیں، آبی گزرگاہوں پر کمرشل تعمیرات کی گئیں، لوگوں نے نالوں کی زمینوں پر گھر بنائے ہوئے ہیں، آبی گزرگاہوں پر ہوٹل بنے ہوئے ہیں، سیالکوٹ میں دریا کے راستے میں آبادیاں ہیں، دریاؤں کے راستے پر قبضے کیے گئے اور اس کی زمینوں پر ہاؤسنگ سوسائٹیز بنائی گئیں جس سے نقصانات بڑھے۔
انہوں نے کہا کہ ڈیم ڈکٹیٹرز کے دور میں بنائے گئے، بھاشا، دیامر اور مہمند جیسے بڑے ڈیم بنانے میں دس سے پندرہ سال لگ جاتے ہیں بڑے ڈیم بنانے کے انتظار میں سب کچھ نہ لٹ جائے چھوٹے ڈیم بنائے جائیں، ہر گاؤں کے لیے اپنا چھوٹا ڈیم بنایا جائے، ایک قومی لائحہ عمل بنایا جائے، پی ٹی آئی نے مومل ڈیم بنانے کی بات کی ہے ضرور بنایا جائے، بارش اللہ رحمت ہے اسے قدرتی آفت کہنا غلط ہے، اپنے اعمال کا بوجھ اللہ پر نہ ڈالیں یہ ہماری غلطی ہے کہ پانی کے راستے میں تعمیرات کیں۔
وزیر دفاع نے کہا کہ سیاسی جماعتیں بلدیاتی اداروں کو خود کو مضبوط کرنے کا ٹول سمجھتی ہیں، آخری بلدیاتی اتنخابات 2015ء میں ہوئے، کسی ملک میں بلدیاتی انتخابات کی تاریخ آگے پیچھے نہیں ہوتی مگر یہاں پتا ہی نہیں ہوتا ہے بلدیاتی انتخابات کب ہوں گے، سیاسی نظام کی طرح بلدیاتی نظام کو مضبوط کیا جائے تاکہ عوام کو ریلیف ملے۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: کی زمینوں پر
پڑھیں:
اسرائیل امریکا کا نہیں بلکہ امریکا اسرائیل کا پراڈکٹ ہے: خواجہ آصف
وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ موجودہ حالات میں سب کچھ امریکا کی مرضی سے ہو رہا ہے اور کسی کو بھی اس بارے میں غلط فہمی میں نہیں رہنا چاہیے۔ انہوں نے مسلمانوں پر زور دیا کہ وہ اپنی غلط فہمیاں دور کرلیں تاکہ صورتحال کو بہتر طور پر سمجھ سکیں۔خواجہ آصف نے واضح کیا کہ اسرائیل امریکا کا نہیں بلکہ امریکا اسرائیل کا پراڈکٹ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل نے قطر پر امریکا کی مرضی سے حملہ کیا ہے اور اب دوست اور دشمن میں تمیز کرنے کا وقت آ چکا ہے۔وزیر دفاع نے خبردار کیا کہ قطر پر دوبارہ حملہ ہوگا اور جو بھی تل ابیب سے حکم آئے گا، اسی کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ کچھ نہ کچھ کرنا ہوگا ورنہ ایک کے بعد ایک وکٹ گرتی جائے گی۔خواجہ آصف نے مزید کہا کہ مغرب کے اندر سے جو ردعمل سامنے آ رہا ہے، وہ اسرائیل کے لیے زیادہ خطرناک ہے اور یہ صورتحال اسرائیل کی سیکیورٹی کے لیے چیلنج ثابت ہو سکتی ہے۔ انہوں نے تمام مسلمانوں کو متحد رہنے کی تاکید کی۔ان کا کہنا تھا کہ اس وقت ہمیں سمجھداری سے کام لینا ہوگا اور صورتحال کی سنگینی کو سمجھتے ہوئے اپنے فیصلے کرنے ہوں گے تاکہ خطے میں استحکام برقرار رکھا جا سکے۔