بلاول بھٹو زرداری تین روزہ دورے پر آج لاہور پہنچیں گے
اشاعت کی تاریخ: 7th, December 2025 GMT
لاہور:
چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری آج لاہور پہنچیں گے اور اگلے تین روز تک صوبائی دارالحکومت میں قیام کریں گے۔
ذرائع کے مطابق یہ دورہ محض رسمی نہیں بلکہ پنجاب میں پیپلز پارٹی کی مکمل تنظیمی بحالی اور نیا خون انجیکٹ کرنے کا بڑا آپریشن ہے۔
بلاول بھٹو زرداری اپنے قیام کے دوران پنجاب کے 63 نئے عہدیداروں کے ناموں پر مشتمل نوٹیفکیشن جاری کریں گے۔ ان میں صوبائی صدر سمیت تمام اہم عہدوں پر نئی تعیناتیاں شامل ہوں گی۔
پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ کئی پرانے چہروں کو سائیڈ لائن کرتے ہوئے نوجوان اور متحرک کارکنوں کو ذمہ داریاں دی جائیں گی۔
سب سے بڑا تجربہ یہ کیا جا رہا ہے کہ لاہور کا تنظیمی ڈھانچہ ڈسٹرکٹ کی بجائے ٹاؤن کی سطح پر بنایا جائے گا تاکہ شہری علاقوں میں پارٹی کی گرفت مضبوط ہو سکے۔
بلاول بھٹو تینوں دن گورنر ہاؤس پنجاب میں قیام کریں گے جہاں وہ نئے اور پرانے پارٹی رہنماؤں، ٹکٹ ہولڈرز اور کارکنوں سے ملاقاتیں کریں گے۔
اسی سلسلے میں سوموار سے بدھ تک گورنر ہاؤس میں عام عوامی ملاقاتوں پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: بلاول بھٹو کریں گے
پڑھیں:
موبائل کال اور انٹرنیٹ پیکجز مہنگے، صارفین پر نیا مالی بوجھ
اسلام آباد: موبائل انٹرنیٹ پیکجز مہنگے ہونے سے ملک بھر کے لاکھوں موبائل صارفین کو اضافی اخراجات کا سامنا کرنا پڑے گا۔ پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کی جانب سے جاری کردہ تازہ تفصیلات کے مطابق مختلف موبائل کمپنیوں کے متعدد کال، ہائبرڈ اور ڈیٹا پیکجز کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ کیا گیا ہے۔
پی ٹی اے کے مطابق مختلف موبائل آپریٹرز کے 15 مقبول ہائبرڈ اور ڈیٹا اونلی پیکجز کی قیمتوں میں 33 فیصد تک اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے بعد صارفین کو پہلے کے مقابلے میں زیادہ رقم ادا کرنا ہوگی۔
جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق ماہانہ کال اور ڈیٹا پیکجز کی قیمتوں میں 500 روپے تک اضافہ کیا گیا ہے، جبکہ 15 روزہ پیکجز اب 300 روپے تک مہنگے ہو گئے ہیں۔
اسی طرح ہفتہ وار ہائبرڈ پیکجز کی قیمت میں 130 روپے تک اضافہ کیا گیا ہے، جبکہ تین روزہ پیکجز 21 روپے، دو روزہ پیکجز 20 روپے اور ایک روزہ ہائبرڈ پیکجز 5 روپے تک مہنگے کر دیے گئے ہیں۔
پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ صارفین کی سہولت کے لیے تمام نئی ٹیرف تفصیلات ادارے کی ویب سائٹ پر جاری کر دی گئی ہیں، جہاں مختلف موبائل کمپنیوں کے کال اور انٹرنیٹ پیکجز، ان کی مدت، قیمت اور دستیاب سہولیات کا بآسانی موازنہ کیا جا سکتا ہے۔
اتھارٹی کے مطابق اس اقدام کا مقصد ٹیلی کام شعبے میں شفافیت کو فروغ دینا اور صارفین کو مختلف موبائل کمپنیوں کے پیکجز سے متعلق درست اور مکمل معلومات فراہم کرنا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ موبائل اور انٹرنیٹ خدمات کی قیمتوں میں اضافے سے طلبہ، فری لانسرز، آن لائن کاروبار کرنے والے افراد اور روزمرہ انٹرنیٹ استعمال کرنے والے صارفین کے ماہانہ اخراجات میں مزید اضافہ ہوگا۔