عمران خان سے ملاقات کی اجازت نہ ملنے پر بانی پی ٹی آئی کی بہنوں کا دھرنا جاری
اشاعت کی تاریخ: 9th, December 2025 GMT
راولپنڈی: بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور سابق وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی اجازت نہ ملنے پر اڈیالہ جیل کے قریب فیکٹری ناکے پر بانی پی ٹی آئی کی بہنیں علیمہ خان، نورین نیازی اور عظمیٰ خان دیگر پارٹی رہنماؤں کے ہمراہ دھرنا دیے ہوئے ہیں۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان اور پارٹی کے بانی عمران خان کی بہنوں کو آج اڈیالہ جیل میں ملاقات کی اجازت نہ مل سکی، جس کے بعد انہوں نے جیل کے قریب فیکٹری ناکے پر دھرنا دے دیا۔
راولپنڈی میں اڈیالہ جیل کے قریب جاری دھرنے میں سیاسی رہنماؤں کی بڑی تعداد شریک ہے، جن میں رکن قومی اسمبلی جنید اکبر، شاہد خٹک کے علاوہ خیبر پختونخوا کی کابینہ کی اراکین مینا خان، شفیع جان شامل ہیں، دھرنے کی وجہ سے اڈیالہ جیل جانے والا راستہ مکمل طور پر بند ہے اور پولیس کی بھاری نفری فیکٹری ناکے پر تعینات ہے تاکہ مظاہرین اور ٹریفک کو کنٹرول میں رکھا جا سکے۔
رپورٹ کے مطابق علیمہ خان نے فیکٹری ناکے پر موجود کارکنان کو پرسکون رہنے کی ہدایت کی اور انہیں ناکے سے پیچھے رکھنے کی کوشش کی۔
علیمہ خان نے کہا کہ پولیس کے ساتھ ان کا کوئی تنازعہ نہیں، بلکہ پولیس والے ہمارے بھائی ہیں اور ہم سب ایک ہی ٹیم کا حصہ ہیں۔ خواتین کی موجودگی کی وجہ سے کارکنان کو پیچھے ہٹایا جا رہا ہے، اور پولیس والے خود بھی پریشان ہیں۔
علیمہ خان نے مزید کہا کہ ملاقات کی اجازت عرصے سے نہیں دی جا رہی اور پچھلی ملاقات میں ان کی بہن نے کوئی سیاسی گفتگو نہیں کی تھی۔
ان کا سوال تھا کہ بانی پی ٹی آئی کو کس کے احکامات پر قید تنہائی میں رکھا گیا ہے، اور گزشتہ ایک ماہ سے وہ ملاقات کے لیے آ رہی ہیں تاکہ اپنے بھائی سے ملاقات کر سکیں۔
دوسری جانب وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے واضح کیا کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کا کوئی امکان نہیں، اور ملاقات کسی کی خواہش پر نہیں بلکہ قانونی بنیادوں پر بند کی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ قانون کی خلاف ورزی کے بعد ملاقات کی اجازت دینے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، اور حکومت کی پالیسی اس معاملے میں واضح ہے۔
.ذریعہ: Al Qamar Online
کلیدی لفظ: پاکستان کھیل ملاقات کی اجازت فیکٹری ناکے پر بانی پی ٹی آئی اڈیالہ جیل سے ملاقات علیمہ خان
پڑھیں:
عمران خان اور بہنوں کا متنازع بیان، پاکستان تحریک انصاف نے لاتعلقی کا اظہار کردیا
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجا نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی بہنوں کے حالیہ متنازع بیان کو پارٹی مؤقف نہ سمجھا جائے، وہ ان کی ذاتی رائے ہے۔
اڈیالہ جیل کے باہر دھرنے کے مقام پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سلمان اکرم راجا نے بتایا کہ پہلے منگل کے روز بانی پی ٹی آئی عمران خان سے باقاعدہ ملاقات ہوا کرتی تھی، جس میں چند گھنٹوں میں تمام معاملات طے ہو جاتے تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ مذاکرات کا مطلب ہرگز درخواستیں کرنا نہیں، اور بانی پی ٹی آئی عمران خان اپنی سہولت کے لیے کوئی اضافی رعایت نہیں چاہتے۔
انہوں نے کہاکہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کا قانونی حق ہے کہ ان کے بیٹے ان سے ملاقات کریں، جبکہ بیٹیوں کو بھی زیرِ سماعت مقدمات کے باوجود والد سے نہ ملنے دینا کسی قانونی یا اخلاقی اصول کے مطابق نہیں۔
سلمان اکرم راجا کے مطابق اب صورتحال اس نہج پر پہنچا دی گئی ہے کہ یوں لگتا ہے جیسے جان بوجھ کر رکاوٹیں کھڑی کی جا رہی ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ ملاقاتیں روکنے کی ذمہ داری ریاست کے چند مخصوص حلقوں پر عائد ہوتی ہے، جنہوں نے اپریل میں فیصلہ کیا کہ ملاقاتیں محدود کی جائیں گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ملاقاتیوں کو قانون نہیں بلکہ مرضی کے مطابق اندر آنے دیا جا رہا ہے، جسے چاہیں اجازت مل جاتی ہے اور باقی سب کو روک دیا جاتا ہے۔
سلمان اکرم راجا نے کہاکہ لوگ یکجہتی کے لیے آتے ہیں، اور بانی پی ٹی آئی کی بہنوں کو تنہا چھوڑنا ممکن نہیں۔
انہوں نے کہا کہ لاکھوں سوشل میڈیا اکاؤنٹس ہمارے اختیار میں نہیں، اس لیے پارٹی کو ان کا ذمہ دار نہ ٹھہرایا جائے۔
آخر میں انہوں نے واضح کیا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی بہنوں کی گفتگو کو پارٹی کا سرکاری مؤقف نہ سمجھا جائے، یہ ان کے ذاتی خیالات ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کوئی سینسر بورڈ نہیں، اس لیے جو کچھ خان صاحب کہتے ہیں، وہی جوں کا توں باہر پہنچایا جاتا ہے۔
واضح رہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان سے آج بھی کسی کی ملاقات نہیں ہو سکی، جس کے خلاف ان کی بہنوں اور پارٹی کارکنوں نے اڈیالہ جیل کے قریب دھرنا دے رکھا ہے۔
آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں
wenews اظہار لاتعلقی بہنیں ذاتی رائے سلمان اکرم راجا سیکریٹری جنرل پی ٹی آئی عمران خان متنازع بیان وی نیوز