سندھ کے عوام کیخلاف نازیبا الفاظ؛ صوبائی وزیر کا اینکر کیخلاف کارروائی کیلیے وفاقی وزیر کو خط
اشاعت کی تاریخ: 3rd, September 2025 GMT
کراچی:
صوبائی وزیر ثقافت و سیاحت سید ذوالفقار علی شاہ نے وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ کو خط لکھ کر پی ٹی وی کے اینکر رضوان رحمان کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
خط میں کہا گیا ہے کہ اینکر نے حالیہ سیلابی صورتحال پر حقائق کے بجائے لسانی سوچ کی عکاسی کی اور سندھ کے عوام کے خلاف نازیبا الفاظ استعمال کیے۔
ذوالفقار علی شاہ کے مطابق موسمیاتی تبدیلی اور قدرتی آفات ایسے چیلنجز ہیں جن پر تمام حکومتیں مل کر قابو پانے کی کوشش کر رہی ہیں، لیکن اس معاملے کو بنیاد بنا کر سندھ اور اس کے عوام کو نشانہ بنایا گیا، جو نہ صرف صوبے بلکہ قومی یکجہتی کے بھی خلاف ہے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ اینکر کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ مستقبل میں کوئی بھی کسی صوبے، عوام یا ثقافت کے خلاف اس طرح کی گفتگو کرنے کی جرات نہ کر سکے۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: کے خلاف
پڑھیں:
ضم اضلاع کیلئے ٹیکس استثنیٰ بحال کریں: گورنر خیبر پی کے کا وزیراعظم کو خط
پشاور (بیورو رپورٹ) گورنر خیبرپی کے فیصل کریم کنڈی نے وزیراعظم پاکستان سے ضم قبائلی اضلاع کیلئے وفاقی ٹیکس استثنیٰ بحالی کی درخواست کردی۔ وزیراعظم کو بھیجے گئے خط میں گورنر نے مطالبہ کیا کہ ضم شدہ اضلاع اور پاٹا کے لیے وفاقی ٹیکس استثنیٰ میں توسیع کرتے ہوئے انضمام کے وقت قبائلی عوام سے کیے گئے وعدوں کی پاسداری کی جائے۔ ضم قبائلی اضلاع اور پاٹا میں انکم ٹیکس، سیلز ٹیکس اور دیگر وفاقی محصولات کے نفاذ پر نظرثانی کی جائے۔ وفاقی ٹیکسوں کے خاتمے کے بغیر قبائلی عوام کو مکمل ٹیکس ریلیف فراہم نہیں کیا جا سکتا۔ صوبائی حکومت پہلے ہی ضم شدہ اضلاع اور پاٹا پر عائد تمام صوبائی ٹیکس ختم کر چکی ہے، تاہم وفاقی ٹیکس برقرار رہنے سے عوام کو مکمل ریلیف نہیں مل رہا۔ دریں اثناء گورنر فیصل کریم کنڈی سے پاکستان کونسل آف سائنٹیفک اینڈ انڈسٹریل ریسرچ (پی سی ایس آئی آر) پشاور کے ڈائریکٹر جنرل انجینئر سہیل امیر مروت نے گورنر ہاؤس پشاور میں ملاقات کی۔ ادارے کی تحقیق و ترقی (ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ)، جاری پی ایس ڈی پی منصوبوں، ادارے کی تحقیقی صلاحیتوں اور استعداد سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔