کوئٹہ میں دو بم دھماکے، بی ڈی ایس ٹیم کو نشانہ بنانے کی کوشش ناکام
اشاعت کی تاریخ: 29th, November 2025 GMT
کوئٹہ:
بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں ہفتے کی صبح ایک بڑا دہشت گرد حملہ ناکام بنا دیا گیا۔
قمبرانی روڈ کے علاقے لنک شاہوانی کراس کے قریب پولیس ناکے کے پاس پہلے ایک کریکر دھماکہ ہوا جس کے فوراً بعد جائے وقوعہ پر پہنچنے والی بم ڈسپوزل اسکواڈ کی گاڑی کو نشانہ بنانے کے لیے سڑک کنارے کھڑی موٹر سائیکل میں نصب بارودی مواد میں دوسرا دھماکہ ہوگیا، دونوں دھماکوں میں خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
دھماکے میں بی ڈی ایس کی گاڑی کو جزوی نقصان پہنچا مگر گاڑی میں سوار تمام اہلکار محفوظ رہے، پولیس نے فوری طور پر پورے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور ٹریفک کو متبادل راستوں پر موڑ دیا گیا۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق دونوں دھماکے ریموٹ کنٹرول کے ذریعے کیے گئے اور ان کا واضح ہدف پولیس اہلکاروں کو نقصان پہنچانا تھا لیکن دہشت گرد اپنے مذموم عزائم میں ناکام رہے۔
پولیس حکام کے مطابق ہمارے جوان ہر لمحہ جان کی بازی لگا کر شہریوں کی حفاظت کر رہے ہیں، آج کا واقعہ ان کی پیشہ ورانہ مہارت اور بہادری کا منہ بولتا ثبوت ہے، ملزمان کو جلد کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔
حکام کا کہنا ہے کہ نامعلوم دہشت گردوں کی گرفتاری کے لیے شہر بھر میں سرچ آپریشن جاری ہے اور حساس مقامات پر سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Express News
پڑھیں:
کوئٹہ، سرکاری دفاتر میں ایجنٹس کیخلاف ایف آئی اے کی کارروائی، 14 افراد گرفتار
ڈائریکٹر ایف آئی اے بلوچستان کے مطابق ملزمان مبینہ طور پر برتھ سرٹیفکیٹس، قومی شناختی کارڈز، پاسپورٹس اور دیگر سرکاری دستاویزات کے حصول کیلئے غیر قانونی طریقے سے سہولت فراہم کرتے اور شہریوں سے رقوم وصول کرتے تھے۔ اسلام ٹائمز۔ وفاقی تحقیقات ادارے ایف آئی ای نے کوئٹہ شہر میں مختلف وفاقی اداروں کے مبینہ ایجنٹس کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 14 افراد کو گرفتار کرلیا ہے۔ ڈائریکٹر ایف آئی اے بلوچستان بہرام مندوخیل کے مطابق کارروائی کے دوران نادرا، سوئی سدرن گیس کمپنی، پاسپورٹ آفس اور میٹروپولیٹن کارپوریشن سے متعلق مبینہ ایجنٹس کو حراست میں لیا گیا ہے، جو شہریوں کو مختلف سرکاری امور میں غیر قانونی سہولت کاری فراہم کرنے میں ملوث تھے۔ انہوں نے بتایا کہ گرفتار ملزمان مبینہ طور پر برتھ سرٹیفکیٹس، قومی شناختی کارڈز، پاسپورٹس اور دیگر سرکاری دستاویزات کے حصول کے لئے غیر قانونی طریقے سے سہولت فراہم کرتے اور شہریوں سے رقوم وصول کرتے تھے۔
ڈائریکٹر ایف آئی اے نے کہا کہ گرفتار ملزمان سے تفتیش جاری ہے اور ابتدائی تحقیقات کی روشنی میں ان کے نیٹ ورک میں شامل دیگر افراد کی نشاندہی کی جا رہی ہے۔ امید ہے کہ مزید گرفتاریاں بھی عمل میں آئیں گی۔ بہرام مندوخیل نے کہا کہ ایف آئی اے سرکاری اداروں میں بدعنوانی، جعلسازی اور غیر قانونی سہولت کاری کے خاتمے کے لئے کارروائیاں جاری رکھے گی اور قانون شکنی میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے گی۔