بنوں: میرانشاہ روڈ پر حملے میں اسسٹنٹ کمشنر شمالی وزیرستان سمیت 4 افراد شہید
اشاعت کی تاریخ: 2nd, December 2025 GMT
بنوں میں مسلح افراد کے حملے میں اسسٹنٹ کمشنر شمالی وزیر ستان شاہ ولی خان سمیت 4 افراد شہید ہو گئے۔پولیس کے مطابق بنوں میں میرانشاہ روڈ فلور ملز کے قریب مسلح افراد نے پولیس گاڑی پر حملہ کیا، نامعلوم مسلح افراد زخمی پولیس اہلکاروں سے اسلحہ بھی لے گئے۔پولیس نے ابتدائی طور پر بتایا تھا کہ مسلح افراد کے حملے میں 2 پولیس اہلکاروں سمیت 3 افراد جاں بحق اور 2 پولیس اہلکار زخمی ہوئے ہیں۔بعدازاں ڈی آئی جی بنوں سجاد خان نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ حملے میں اسسٹنٹ کمشنر شمالی وزیرستان شاہ ولی خان سمیت 4 افراد شہید ہوگئے ہیں جبکہ تین افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔انہوں نے مزید بتایا ہے کہ شہید اور زخمی ہونے والوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال بنوں منتقل کر دیا گیا، پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی ہے۔قبل ازیں اس حوالے سے اسسٹنٹ کمشنر بنوں نے حملے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا تھا کہ اسسٹنٹ کمشنر میرانشاہ کی گاڑی پر حملہ کیا گیا، فائرنگ سے 2 پولیس اہلکار اور ایک ڈرائیور زخمی ہوا ہے۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
پڑھیں:
اسسٹنٹ کمشنر کی گاڑی پر فائرنگ، شہری جاں بحق، 3 پولیس اہلکار زخمی
اسسٹنٹ کمشنر کی گاڑی پر فائرنگ میں شہری جاں بحق ہوگیا جب کہ تین پولیس اہلکار زخمی ہوئے۔
پولیس کے مطابق بنوں میں میران شاہ روڈ پر اسسٹنٹ کمشنر شمالی وزیرستان کی گاڑی پر فائرنگ ہوئی، جس میں ایک شہری جاں بحق اور 3 پولیس اہلکار زخمی ہوگئے۔ حملہ آور زخمی اہلکاروں سے بندوق بھی چھین کر لے گئے۔
حملہ آور نے گاڑی کو نذر آتش کردیا۔ اطلاع ملتے ہی پولیس کی نفری جائے وقوع پر روانہ کردی گئی ہے۔
موٹر سائیکل ٹرک سے ٹکرا گئی، خاتون جاں بحق
دوسری جانب صوابی میں گدون کارخانو روڈ پر ایک موٹرسائیکل ٹرک سے ٹکرا گئی، جس میں خاتون جاں بحق اور شوہر و بیٹی زخمی ہو گئے۔ ریسکیو 1122 کے مطابق خاتون ٹرک کے ٹائر تلے کچل کر جاں بحق ہوئی۔ زخمی شوہر اور بیٹی کو ابتدائی طبی امداد کے لیے ٹوپی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔