وزیراعظم شہباز شریف سے پاکستان میں تعینات سعودی سفیر نواف بن سعید احمد المالکی کی ملاقات
اشاعت کی تاریخ: 31st, December 2025 GMT
فوٹو: پی آئی ڈی
وزیراعظم شہباز شریف سے پاکستان میں تعینات سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید احمد المالکی نے ملاقات کی۔
وزیراعظم ہاؤس میں ہونے والی ملاقات کے دوران وزیراعظم نے خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور سعودی وزیراعظم ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز کے لیے احترام اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
اس موقع پر وزیراعظم نے دونوں ملکوں کے دیرینہ برادرانہ تعلقات کو مزید گہرا کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
انہوں نے ضرورت کے وقت سعودی عرب کی جانب سے پاکستان کی مسلسل حمایت اور علاقائی امن و استحکام کے فروغ میں سعودی عرب کے تعمیری کردار کو سراہا۔
ملاقات میں حالیہ علاقائی اور عالمی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم نے مذاکرات اور سفارتکاری کے ذریعے امن و استحکام کو برقرار رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔
سعودی سفیر نے شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی جانب سے وزیراعظم کو تہنیتی پیغام پہنچایا۔
ذریعہ
ذریعہ: Jang News
پڑھیں:
تیزی سے بڑھتی آبادی ملک کیلئے سب سے بڑا چیلنج ہے: وزیراعظم
وزیراعظم شہباز شریف نے تیزی سے بڑھتی آبادی کو ملک کے لیے چیلنج قرار دے دیا۔وزیراعظم شہبازشریف کی زیرصدارت ملک میں بہبود آبادی کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا جس میں وزیراعظم نے نیشنل پاپولیشن کونسل کا اجلاس جلد از جلد بلانے کی ہدایت کی۔شہباز شریف نے کہا کہ تیزی سے بڑھتی ہوئی آبادی ملک کے لیے سب سے بڑا چیلنج ہے، آبادی پر قابو پانے کیلئے اقدامات اور بہبود آبادی کو قومی فریضہ سمجھا جانا چاہیے۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ آبادی میں توازن ہی پائیدار قومی ترقی کی ضمانت ہے، آبادی کی منصوبہ بندی کو قومی ترقی اور معاشی استحکام سے ہم آہنگ کرنے کی ضرورت ہے، بہبود آبادی اقدامات سے متعلق صوبوں کے ساتھ روابط اور ہم آہنگی مزید بہتر بنائی جائے، بڑھتی ہوئی آبادی پر قابو پانے کے مؤثر عوامی آگہی مہم کا کلیدی کردار ہے۔